(وسعت رزق کے وظائف)
آج جامعہ نظام مصطفی بہاولپور کے اساتذہ کرام کے ساتھ میٹنگ تھی. میں نے کہا کہ اگر آپ فراخ رزق حلال چاہتے ہیں تو درج ذیل پر عمل کریں.
1..رزق کے لیے ہر نماز کے بعد یوں دعا مانگا کریں : یا اللہ! مجھے خدمت دین والا فراخ رزق حلال عطاء فرما. نیز یہ مسنون دعا مانگا کریں. “اَللّٰهُمَّ اكْفِنِيْ بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَ أَغْنِنِيْ بِفَضْلِكَ عَنْ مَنْ سِوَاكَ”.
2..تین ماہ تک بلا ناغہ یہ وظیفہ پڑھیں.
یا مسبِّبَ الاَسباب 500 بار…اول آخر گیارہ گیارہ بار درود پاک، بعد عشاء، باوضو ،قبلہ رخ، کھڑے ہو کر ،ٹوپی اتار کر، کھلے آسمان تلے، کسی چیز کا سایہ آپ پر نہ پڑے.
3..گاہے گاہے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف رخ کر کے درود پاک پڑھیں اور ہاتھ جوڑ کر، جھولی پھیلا کر رسول اللہ سے یوں عرض کریں : یا رسول اللہ! آپ کے لیے اللہ تعالیٰ نے “و اما السائل فلا تنہر” ارشاد فرمایا ہے. میں آپ کا ادنی امتی ادب سے بھیک مانگتا ہوں، میری جھولی رزق سے بھر دیجیے..اگر دو نفل اور سو بار درود پاک پڑھ کر ایسا کریں تو جلد از جلد اور تیز ترین برکات سے مالا مال ہوں گے.. یاد رہے کہ اللہ تعالیٰ بے نیاز ہے وہ جب چاہے عطاء فرماتا ہے، لیکن اس نے اپنے حبیب کو رحمۃ للعالمین بنایا ہے، حضور جلدی جلدی عطاء فرماتے ہیں.
4..یہ سوچنا بالکل بند کر دیجیے کہ رزق کیسے آئے گا، کہاں سے آئے گا، کوئی واسطہ وسیلہ نہیں ہے، وغیرہ وغیرہ.
آئندہ ذہن میں یہ سوچ پختہ تر کر لیں.. اللہ تعالیٰ کے پاس سب کچھ ہے، وہ مجھے سب کچھ دے گا، اس کے پاس دینے کے کھربوں راستے ہیں. حدیث قدسی ہے “انا عند ظن عبدی بی” ان شاء اللہ تعالیٰ رزق کی فراوانی شروع ہو جائے گی. بعد نماز مغرب روزانہ ایک بار سورہ واقعہ پڑھ لیں تو رزق کی چھما چھم بارش ہو گی.
5..ہر وقت با وضو رہا کریں،اس سے بہت مال آتا ہے. نماز کائنات کی ہر ہر خیر کا سمندر ہے اور وضو اس خیر میں کودنے کا گیٹ. جس نے وضو کر لیا وہ ہر ہر خیر کے گیٹ پر پہنچ گیا.
6..روزانہ، ہفتہ وار یا ماہانہ باقاعدگی سے اپنے پیسوں میں سے کچھ نہ کچھ نکال کر راہ خدا میں دے دیا کریں (کسی جامعہ میں دیں تو زیادہ برکت ہے) چاہے دس روپے ہی کیوں نہ ہوں. دوسرا باقاعدگی سے والدہ محترمہ کی حسب توفیق مالی خدمت کیا کریں .
7..حضور غوث پاک کی گیارہویں شریف کے لیے ہر ماہ کچھ پیسے خرچ کیا کریں، بے شک گیارہ روپے ہی کیوں نہ ہوں.