وَفَاكِهَةٍ مِّمَّا يَتَخَيَّرُوۡنَۙ – سورۃ نمبر 56 الواقعة آیت نمبر 20
sulemansubhani نے Saturday، 9 December 2023 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
وَفَاكِهَةٍ مِّمَّا يَتَخَيَّرُوۡنَۙ ۞
ترجمہ:
ان کے پسندیدہ پھل
جنت کے پرندوں کی کیفیت
الواقعہ : 21۔ 20 میں فرمایا : ان کے پسندیدہ پھل۔ اور پرندوں کا وہ گوشت جس کو وہ چاہیں۔
حضرت انس بن مالک (رض) بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے سوال کیا گیا کہ کوثر کیا چیز ہے ؟ آپ نے فرمایا : یہ وہ دریا ہے جو اللہ تعالیٰ نے مجھے (جنت میں) عطا فرمایا ہے ‘ اس کا پانی دودھ سے زیادہ سفید ہے ‘ شہد سے زیادہ میٹھا ہے ‘ اس میں ایسے پرندے ہیں جن کی گردنیں اونٹوں سے زیادہ لمبی ہیں ‘ حضرت عمر (رض) نے کہا : بیشک یہ بہت بڑی نعمت ہے ‘ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا : ان کو کھانا بہت اچھا ہے۔
امام ترمذی نے کہا : یہ حدیث حسن ہے۔ ( سنن الترمذی رقم الحدیث : ٢٤٥٢ )
حضرت ابو سعید خدری (رض) بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا : جنت میں ایک پرندہ ہے جس کے ستر ہزار پر ہیں ‘
وہ آکر ایک جنتی شخص کے پیالے پر بیٹھ جائے گا ‘ پھر اپنے پر جھاڑے گا تو اس کے ہر پر سے سفید رنگ کے برف کے ذرات اور اولے نکلیں گے جو مکھن سے زیادہ ملائم اور برف سے زیادہ ٹھنڈے اور شہد سے زیادہ میٹھے ہوں گے اور اس کا کوئی رنگ پرندے کے مشابہ نہیں ہوگا ‘ پھر وہ پرندہ اڑ کر چلا جائے گا۔ (الکشف والبیان ج ٩ ص ٤٠٢‘ الجامع لاحکام القرآن جز ٧١ ص ٦٨١۔ ٥٨١‘ کنز العمال ج ٤١ ص ٣٦٤۔ ٢٦٤)
حسن بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا : جنت میں اونٹ کی جسامت کے پرندے ہیں ‘ وہ ایک جنتی شخص کے پاس آئیں گے اور پھر چلے جائیں گے اور گویا کہ اس سے کچھ کم نہیں ہوگا۔
حضرت ابو امامہ (رض) بیان کرتے ہیں کہ ایک شخص جنت کے پرندوں میں سے کسی پرندے کو کھانے کی خواہش کرے گا وہ پرندہ بھنا ہوا اس کے ہاتھ میں آجائے گا۔
حضرت میمو نہ (رض) بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا کہ جنت میں ایک شخص اونٹ کے برابر پرندے کو کھانے کی خواہش کرے گا ‘ وہ پرندہ اس کے دسترخوان پر آ کر گرجائے گا ‘ اس کو دھواں چھوئے گا نہ آگ ‘ وہ اس سے سیر ہو کر کھائے گا ‘ پھر وہ پرندہ اڑ جائے گا۔ ( الدرالمثور ج ٨ ص ١١‘ داراحیاء الترث العربی ‘ بیروت ‘ ١٢٤١ ھ)
القرآن – سورۃ نمبر 56 الواقعة آیت نمبر 20