اِنَّ الَّذِيۡنَ يُحَآدُّوۡنَ اللّٰهَ وَرَسُوۡلَهٗۤ اُولٰٓئِكَ فِى الۡاَذَلِّيۡنَ سورۃ نمبر 58 المجادلة آیت نمبر 20
sulemansubhani نے Saturday، 23 December 2023 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اِنَّ الَّذِيۡنَ يُحَآدُّوۡنَ اللّٰهَ وَرَسُوۡلَهٗۤ اُولٰٓئِكَ فِى الۡاَذَلِّيۡنَ ۞
ترجمہ:
بیشک جو لوگ اللہ اور اس کے رسول سے عداوت رکھتے ہیں، وہی لوگ سب سے زیادہ ذلیلوں میں ہیں
تفسیر:
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : بیشک جو لوگ اللہ اور اس کے رسول سے عداوت رکھتے ہیں وہی لوگ سب سے زیادہ ذلیلوں میں ہیں۔ اللہ نے لکھ دیا ہے کہ ضرور میں غالب ہوں گا اور میرے رسول غالب ہوں گے، بیشک اللہ بہت قوت والا، بےحد غالب ہے۔ بیشک جو لوگ اللہ پر اور قایمت پر یقین رکھتے ہیں آپ ان کو ایسا نہیں پائیں گے کہ وہ ان سے محبت رکھیں جو اللہ اور اس کے رسول سے عداوت رکھیں خواہ وہ ان کے باپ ہوں یا ان کے بیٹے ہوں یا ان کے بھائی ہوں یا ان کے رشتہ دار ہوں، یہی وہ لوگ ہیں جن کے دلوں میں اللہ نے ایمان لکھ دیا ہے اور اپنی طرف کی روح سے ان کی مدد فرمائی اور انہیں ان جنتوں میں داخل فرمائے گا جن کے نیچے سے دریا بہتے ہیں، اللہ ان سے راضی ہوگیا اور وہ اس سے راضی ہوگئے، یہی لوگ اللہ کا گروہ ہیں، سنو بیشک اللہ کا گروہ ہی فلاح پانے والا ہے۔ (المجادلہ : ٢٢-٢٠ )
کفار پر مسلمانوں کے غلبہ سے مراد، دلائل کا غلبہ ہے یا مادی غلبہ ؟
المجادلہ : ٢٢-٢٠ میں اللہ تعالیٰ نے اللہ اور اس کے رسول سے عداوت رکھنے والے کی ذلت، اور اللہ اور اس کے رسول کا غلبہ بیان فرمایا ہے اور اللہ تعالیٰ کی عزت کے مرتاب غیر متناہی ہیں تو اللہ تعالیٰ سے عداوت رکھنے والے کی ذلت کے مراتب بھی غیر متناہی ہوں گے۔ اس آیت میں رسولوں کغ غلبہ سے مراد یہ بھی ہوسکتا ہے کہ وہ دلائل کے اعتبار سے غلاب ہوں گے اور اس سے یہ بھی ہوسکتا ہے کہ وہ مادی اعتبار سے غالب ہوں گے۔
مقاتل نے کہا، مسلمانوں نے کہا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں فارس اور روم (شام) پر غلبہ عطا فرمائے گا، اس پر عبداللہ بن ابی نے کہا، کیا تم نے فارس اور روم کو ان دیہاتوں کی طرح سمجھ رکھا ہے جن پر تم غلبہ پاچکے ہو، یہ محض تمہاری خوش فہمی ہے، وہ بہت طاقت ور حکومتیں ہیں، تب اللہ تعالیٰ نے یہ آیتیں نازل فرمائیں۔
کافروں سے ان کے دین کی وجہ سے محبت کرنا کفر ہے اور دیگر اغراض کی وجہ سے محبت رکھنا … گناہ ہے۔
تبیان القرآن سورۃ نمبر 58 المجادلة آیت نمبر 20