يُسَبِّحُ لِلّٰهِ مَا فِى السَّمٰوٰتِ وَمَا فِى الۡاَرۡضِۚ لَهُ الۡمُلۡكُ وَلَهُ الۡحَمۡدُۖ وَهُوَ عَلٰى كُلِّ شَىۡءٍ قَدِيۡرٌ سورۃ نمبر 64 التغابن آیت نمبر 1
sulemansubhani نے Friday، 29 December 2023 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
يُسَبِّحُ لِلّٰهِ مَا فِى السَّمٰوٰتِ وَمَا فِى الۡاَرۡضِۚ لَهُ الۡمُلۡكُ وَلَهُ الۡحَمۡدُۖ وَهُوَ عَلٰى كُلِّ شَىۡءٍ قَدِيۡرٌ ۞
ترجمہ:
آسمانوں کی تمام چیزیں اور زمینوں کی تمام چیزیں اللہ کی تسبیح کرتی ہیں، اسی کا ملک ہے اور اسی کے لئے سب تعریفیں ہیں اور وہ ہر چیز پر قادر ہے
تفسیر:
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : آسمانوں کی تمام چیزیں اور زمینوں کی تمام چیزیں اللہ کی تسبیح کرتی ہیں، اسی کا ملک ہے اور اسی کے لئے سب تعریفیں ہیں اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔ وہی ہے جس نے تم سب کو پیدا کیا ہے، پس بعض تم میں سے مئومن ہیں اور بعض تم میں سے کافر ہیں، اور اللہ تمہارے کاموں کو خوب دیکھنے والا ہے۔ اس نے آسمانوں اور زمینوں کو حق کے ساتھ پیدا کیا اور تمہاری صورتیں بنائیں تو حسین صورتیں بنائیں اور اسی کی طرف لوٹنا ہے۔ وہ جانتا ہے جو کچھ آسمانوں اور زمینوں میں ہے اور وہ جانتا ہے جو کچھ تم چھپاتے ہو اور جو کچھ تم ظاہر کرتے ہو اور اللہ سینوں میں چھپی ہوئی باتوں کو (بھی) خوب جاننے والا ہے۔ (التغابن : ٤-١)
آسمانوں اور زمینوں کا زبان قال سے تسبیح کرنا
ہمارے نزدیک آسمانوں اور زمینوں کی ہر چیز حقیقتاً اللہ تعالیٰ کی تسبیح کرتی ہے اور امام رازی کی تحقیق یہ ہے کہ ہر چیز زبان حال سے اللہ کی تسبیح کرتی ہے اور ہمارے نزدیک ہر چیز زبان حال سے بھی اللہ تعالیٰ کی تسبیح کرتی ہے اور زبان قال سے بھی اللہ تعالیٰ کی تسبیح کرتی ہے اور اللہ تعالیٰ کے کامل اور مقبول بندے اس تسبیح کو سنتے بھی ہیں، اس کی تفصیل اور تحقیق ہم نے بنی اسرائیل : ٤٤ کی تفسیر میں ذکر کی ہے، دیکھیے ” تبیان القرآن ‘ ج ٦ ص 723-726
تبیان القرآن سورۃ نمبر 64 التغابن آیت نمبر 1