اَنِ اعۡبُدُوا اللّٰهَ وَاتَّقُوۡهُ وَاَطِيۡعُوۡنِۙ سورۃ نمبر 71 نوح آیت نمبر 3
sulemansubhani نے Wednesday، 24 January 2024 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَنِ اعۡبُدُوا اللّٰهَ وَاتَّقُوۡهُ وَاَطِيۡعُوۡنِۙ ۞
ترجمہ:
کہ تم اللہ کی عبادت کرو اور اس سے ڈرتے رہو اور میری اطاعت کرو
تفسیر:
نوح : ٣ میں فرمایا : کہ تم اللہ کی عبادت کرو، اس سے ڈرتے رہو اور میری اطاعت کرو۔
اللہ کی عبادت اور اس سے ڈرنے کے حکم کے بعد حضرت نوح کی اطاعت کے حکم کی توجیہ
اللہ تعالیٰ کی عبادت کا منی یہ ہے کہ اس کے تمام احکام پر عمل کرو، خواہ وہ واجبات ہوں یا مستحبات ہوں اور خواہ ان عبادات کا تعلق ظاہری اعضاء سے ہو یا دل کے کاموں سے ہو، اور اللہ سے ڈرتے رہنے کا معنی یہ ہے کہ ان تمام کاموں کو ترک کردو جن کو اللہ تعالیٰ نے حرام یا مکروہ قرار دیا ہے، اور فرمایا : میری اطاعت کرو، کیونکہ اللہ تعالیٰ کے احکام کی معرفت صرف نبی کے بتانے اور اس کی رونمائی سے ہوسکتی ہے۔ عام انسان کو کیا معلوم کہ اللہ تعالیٰ نے کس کام کا حکم دیا ہے اور کس کام سے منع فرمایا ہے، اور اللہ سبحانہٗ کس کام سے راضی ہوتا ہے اور کس کام سے ناراض ہوتا ہے، اس لیے اللہ تعالیٰ کی عبادت اور اس کی اطاعت نبی کی اطاعت کے بغیر نہیں ہوسکتی، اس لیے حضرت نوح (علیہ السلام) نے اللہ عزوجل کے عبادت اور اس سے ڈدرانے کا حکم دینے کے بعد یہ فرمایا : میری اطاعت کرو۔
تبیان القرآن سورۃ نمبر 71 نوح آیت نمبر 3