مولوی قصے کہانیاں بیان کرتے ہیں

کیا قصے کہانیاں بیان کرنا عیب کی بات ہے ؟

عام عوام کو
مولوی (علماء) سے متنفر کرنے کے لیے
اسلام دشمن طبقے اور دانستہ یا نادانستہ ان کے “موٹیویشنل سپیکر” اور یوٹیوبر ٹائپ آلہ کاروں نے یہ مشہور کر رکھا ہے کہ مولوی (علماء) قصے کہانیاں سناتے ہیں ۔
عوام جسے سارا سال قرآن کھولنے اور اسے سمجھنے  کی توفیق نہیں ملتی وہ اس پروپیگنڈے کے زیر اثر علماء سے دوری اختیار کر لیتی ہے۔
پروپیگنڈہ کے اصل محرکین کا مرض تو لاعلاج ہے ہاں جو کم علمی کی وجہ سے اس کا شکار ہوتے ہیں ان کا علاج قرآن ہی ہے ۔
کیونکہ قرآن حکیم کی ایک صفت ہے کہ اس میں شفاء ہے ۔
﴿بنی اسرائیل :۸۲، حم السجدہ:۴۴، یونس:۵۷﴾
تو مؤمنین کے لیے اس مرض کا شافی علاج قرآن سے :
۱۔ قرآن حکیم کے بیسویں ۲۰ پارہ امن خلق میں ایک سورت ہے جس کا نام ہی ﴿القصص﴾یعنی قصے ہے۔ اس میں فرعون و ہامان اور موسیٰ و ہارون علیہ السلام کے قصص بیان کیے گئے ہیں
۲۔ سورہ یوسف آیہ ۳ میں ہے :
﴿نحن نقص علیک احسن القصص﴾
اے حبیبﷺ! ہم آپ سے سب سے اچھا قصہ بیان کرتے ہیں ۔
۳۔صحیح بخاری : ۲۲۱۵ میں ۳ افراد کا قصہ مروی ہے جنہوں نے ایک پہاڑ میں پناہ لی
(بخوف طوالت مکمل حدیث بیان نہیں کی حدیث نمبر کے تحت ملاحظہ کی جا سکتی ہے)

ایک دانشور کا قول مشہور ہے کہ جو لوگ اسلام پر اعتراض کرنا چاہتے ہیں لیکن( اپنی بزدلی اور کم ہمتی کے باعث ) نہیں کر سکتے وہ مولوی کو اعتراض کا نشانہ بنا لیتے ہیں ۔
اب قرآن و احادیث میں بھی متعدد جگہوں پر انبیائے اور امم سابقہ کے قصص بیان ہوئے ہیں تو کیا محض اس بناء پر ان سے کنارہ کشی اختیار کر لی جائے العیاذ باللہ تعالی
قصص بیان کرنے کے کچھ مقاصد ہوتے ہیں
یہ عوام الناس کے قلوب و اذہان کے تزکیہ اور ان کی تقویت کا باعث بنتے ہیں ۔ عوام کے اندر حب رسول ﷺ اور اولیاء و صلحاء امت کی محبت پیدا ہوتی ہے ان کی تعلیمات و سیرت سے آگاہی اور اس پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب ملتی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ “فاذکرونی اذکرکم” کا عملی نمونہ دیکھنے کو ملتا ہے
المختصر قصص صحیحہ کا بیان بالکل بے فائدہ نہیں بلکہ یہ عوام کی مذہبی، اخلاقی، روحانی اور معاشرتی اصلاح کا ایک اہم ذریعہ ہیں ۔
اگر یہ بے فائدہ ہوتے تو قرآن و احادیث ان سے یکسر خالی ہوتے ! پس قصص اصلاح احوال کا ایک مؤثر ترین ذریعہ ہیں اور ان کا بیان کرنا فوائد کثیرہ کا حامل ہے یہ کوئی عیب کی بات نہیں ۔ اگر بعض کورچشم اسے عیب بنا کر پیش کرتے ہیں تو یہ ان کی اپنی فکری کجروی اور کم عقلی ہے ۔۔۔!

✍🏻محمد إسحٰق قریشي ألسلطاني
۱۵ مئی ۲۰۲۳

#MiQs00786