اَلَيۡسَ ذٰلِكَ بِقٰدِرٍ عَلٰٓى اَنۡ يُّحۡـىِۦَ الۡمَوۡتٰى – سورۃ نمبر 75 القيامة آیت نمبر 40
sulemansubhani نے Wednesday، 25 September 2024 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلَيۡسَ ذٰلِكَ بِقٰدِرٍ عَلٰٓى اَنۡ يُّحۡـىِۦَ الۡمَوۡتٰى ۞
ترجمہ:
کیا وہ اس پر قادر نہیں کہ وہ مردوں کو زندہ کرے ؟ ؏
القیامہ : ٤٠۔ ٣٩ میں فرمایا : پھر اس سے دو جوڑے بنائے مرد او عورت۔ کیا وہ اس پر قادر نہیں ہے کہ وہ مردوں کو زندہ کرے ؟۔
انسان کو صرف دو صنفوں پر ایک اعتراض کا جواب
یعنی پھر انسان کی دو قسمیں بنادیں، مرد اور عورت تو جب اللہ تعالیٰ نے انسان کو ابتداء پیدا فرمایا تو وہ اس کو دوبارہ کیوں نہیں پیدا فرماسکتا۔
اس آیت پر یہ اعتراض ہوتا ہے کہ یہاں انسان کی صرف دو قسمیں بیان فرمائی ہیں، حالانکہ انسان کی ایک تیسری قسم ہے اور وہ خنثٰی (مخنث) ہے، اس کا جواب یہ ہے کہ اس آیت میں انسان کی اعم اور اغلب اقسام بیان فرمائی ہیں اور چونکہ مرد اور عورت کے مقابلہ میں مخنث کی تعداد بہت کم ہے، اس لیے اس کا ذکر نہیں فرمایا، دوسرا جواب یہ ہے کہ مخنث کو تغلیباً مردوں کی صف میں داخل فرما دیا۔
امام عبد الرزاق اور امام ابن جریر نے اپنی اپنی سند کے ساتھ مرفوعاً روایت کیا ہے کہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) جب ان آیتوں کو پڑھتے تو آپ فرماتے :” سبحانک اللھم بلی “ کیوں نہیں اے اللہ ! تو ایسا نہ کرنے سے یا اس پر قادر نہ ہونے سے پاک ہے۔ ( تفسیر عبد الرزاق رقم الحدیث : ٣٤٢٢، جامع البیان رقم الحدیث : ٢٧٦٨٨)
سورۃ القیامہ کا اختتام
الحمدللہ رب العلمین ! آج ١٨ جمادی الثانیہ ١٤٢٦ ھ/٢٦ جون ٢٠٠٥ ء بہ روز اتوار بعد از نماز ظہر سورة القیامہ کی تفسیر مکمل ہوگئی، اس سورت کی تفسیر ١٧ جون ٢٠٠٥ ء کو شروع کی تھی اور نو دن میں اس کی تفسیر مکمل ہوگئی، حالانکہ بیچ میں ایک دن مجھے بخار بھی آیا، آج کل پورا پاکستان شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، کراچی میں بھی درجہ حرارت 42c تک پہنچ گیا تھا، اب الحمد للہ کم ہو کر 35c-36c تک رہ گیا ہے۔
الٰہ العلمین ! جس طرح آپ نے یہاں تک تفسیر مکمل کرا دی ہے، باقی قرآن مجید کی تفسیر بھی مکمل کرا دیں، اور شرح صحیح مسلم اور بتیان القرآن کو تاروز قیامت باقی اور فیض آفریں رکھیں اور میری، میرے والدین کی اور تبیان القرآن کے تمام معاونین اور قارئین کی مغفرت فرما دیں۔
واٰخر دعوانا ان الحمد للہ رب العالمین والصلوٰۃ والسلام علیٰ سیدنا محمد خاتم النبین افضل المرسلین شفیع المذنبین وعلیٰ آلہٖ و اصحابہ اجمعین
القرآن – سورۃ نمبر 75 القيامة آیت نمبر 40