اَلَمۡ نَجۡعَلِ الۡاَرۡضَ مِهٰدًا سورۃ نمبر 78 النبإ آیت نمبر 6
sulemansubhani نے Thursday، 17 October 2024 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلَمۡ نَجۡعَلِ الۡاَرۡضَ مِهٰدًا ۞
ترجمہ:
کیا ہم نے زمین کو فرش نہیں بنایا ؟
تفسیر:
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : کیا ہم نے زمین کو فرش نہیں بنایا ؟۔ اور پہاڑوں کو میخیں۔ اور ہم نے تم کو جوڑا جوڑا پیدا کیا۔ ہم نے تمہاری نیند کو راحت بنایا۔ اور ہم نے رات کو پردہ پوش بنایا۔ اور ہم نے دن کو روزی کمانے کا وقت بنایا۔ اور ہم نے تمہارے اوپر سات مضبوط (آسمان) بنائے۔ اور ہم نے سورج کو چمکتا ہوا چراغ بنایا۔ اور ہم نے برسنے والے بادلوں سے زور دار بارش نازل کی۔ تاکہ ہم اس کے سبب سے غلبہ اور سزہ اگائیں۔ اور گھنے باغات۔ بیشک فیصلہ کا دن مقرر شدہ وقت ہے۔ (النبائ : ١٧۔ ٦)
حیات بعد الموت پر اجمالی شواہد اور دلائل
اس سے پہلی آیتوں میں اللہ تعالیٰ نے یہ بتادیا تھا کہ کفار حیات بعد الموت کا اور حشر اجساد کا انکار کرتے ہیں، ان کے انکار کی بنیاد یہ تھی کہ جب انسان مر کر مٹی ہوجائے گا، اور ایک مردہ کی مٹی دوسرے مردے کی مٹی میں مل جائے گی اور تیز ہوائوں اور آندھیوں سے ان کے ذرات دور دراز علاقوں میں پہنچ جائیں گے تو کیسے معلوم ہوگا کہ کون سا ذرہ کس انسان کا ہے اور کون سا ذرہ دوسرے انسان کا ہے ؟ ان کے اس شبہ کا جواب یہ ہے کہ جس کا علم نا قص ہو وہ ان مختلط ذرات کو باہم ممتاز نہیں کرسکتا اور جس کی قدرت ناقص ہو وہ ان بکھرے ہوئے ذرات کو جوڑ کر پھر ویسا ہی انسان بنا کر کھڑا نہیں کرسکتا، اللہ تعالیٰ کا علم بھی کامل ہے اور اس کی قدرت بھی کامل، پھر اللہ تعالیٰ نے اپنے علم اور اپنی قدرت کے کمال پر النبا : ١٦۔ ٦ تک شواہد پیش کیے کہ اس نے زمین کو فرش بنایا، اس میں پہاڑوں کی میخیں لگائیں، انسانوں کو پیدا کیا، دن اور رات کا نظام بنایا، سات مضبوط آسمان بنائے، سورج اور بادلوں کو پیدا کیا، زمین سے غلہ اور سبزہ اور گھنے باغات لگائے، کیا جس نے یہ ساری کائنات تخلیق کی ہے وہ تم کو دوبارہ پیدا نہیں کرسکتا اور آخرت میں تمہارا محاسبہ نہیں کرسکتا اور نیکو کاروں کو ثواب اور گناہ گاروں کو عذاب نہیں دے سکتا ؟۔
تبیان القرآن سورۃ نمبر 78 النبإ آیت نمبر 6