اِلَّا حَمِيۡمًا وَّغَسَّاقًا – سورۃ نمبر 78 النبإ آیت نمبر 25
sulemansubhani نے Friday، 18 October 2024 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اِلَّا حَمِيۡمًا وَّغَسَّاقًا ۞
ترجمہ:
سوا کھولتے ہوئے پانی اور پیپ کے۔
النبا : ٥٢ میں کہا گیا ہے کہ ” حمیم “ سے مراد پگھلا ہوا پیتل ہے لیکن یہ صحیح نہیں ہے، صحیح یہ ہے کہ ” حمیم “ کا معنی بہت گرم اور ابلتا ہوا پانی ہے۔
غساق کا معنی
نیز اس آیت میں ” غساق “ کا لفظ ہے، اس کا معنی ہے : ٹھنڈا یخ بدبو دار پانی۔ ( غریب القرآن) دوزخیوں سے بہنے والا لہو۔ ( جلالین، المفردات) حدیث میں ہے کہ اگر ” غساق “ کا ایک ڈول دنیا میں بہا دیا جائے تو تمام دنیا والوں کے دماغ سڑ جائیں۔ ( مجمع بحار الانوار)
علامہ پٹنی نے لکھا ہے : ” غساق “ کا معنی ہے : دوزخیوں کا بہنے والا لہو یا ان کا دھو ون یا آنسو یا زمہر یر کی انتہائی ٹھنڈک۔ ” قاموس “ اور ” تاج العروس “ میں بھی اس کا معنی زمہر یر کی انتہائی ٹھنڈک لکھا ہے۔
امام فخر الدین رازی متوفی ٦٠٦ ھ نے ” غساق “ کے حسب ذیل معانی لکھے ہیں :
(١) ابو معاذ نے کہا :” غساق “ فارسی کا لفظ ہے جس کو عربی بنا لیا ہے، فارس کے لوگ جب کسی چیز سے گھن کھاتے تھے تو اس کو خاشاک کہتے تھے۔
(٢) جس چیز کی ٹھنڈک ناقابل بردات ہو، اس کو ’ ’ عساق “ کہتے ہیں، زمہر یر بھی اسی کو کہتے ہیں۔
(٣) درزخیوں کی آنکھوں سے جو آنسو بہیں گے اور ان کی کھالوں سے جو خون اور پیپ بہے گا اور ان کی رگوں سے جو گھنائونی رطوبات نکلیں گی، اس کو ” غساق “ کہتے ہیں۔
(٤) ” غساق “ کا معنی ہے : سخت بدبو دار چیز، نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا : اگر ” غساق “ کا ایک ڈول دنیا میں بہا دیا جائے تو تمام بدبو دار ہوجائے۔
(سنن ترمذی رقم الحدیث : ٤٨٥٢، مسند احمد ج ٣ ص ٣٨، الترغیب والترہیب ج ٤ ص ٨٧٤، مشکوٰۃ رقم الحدیث : ٢٨٦٥ )
(٥) ” غاسق “ کا معنی ہے : اندھیری رات کی تاریکی، قرآن مجید میں ہے :
وَمِنْ شَرِّ غَاسِقٍ اِذَا وَقَبَ ۔ (الفلق : ٣) (میں پناہ میں آتا ہوں) اندھیری رات کی تاریکی کے شر سے جب وہ پھیل جائے۔
اس اعتبار سے ” غساق “ ایسا مشروب ہے جو سخت سیاہ اور مکروہ ہوگا اور آدمی اس کو دیکھ کر اس طرح گھبرائے گا جس طرح اندھیری رات کی تاریکی کو دیکھ کر گھبراتا ہے۔
ان معانی کے اعتبار سے اس آیت کا معنی ہے کہ دوزخی سخت کھولتے ہوئے پانی کو پئے گا یا بدبو دارپیپ کو پئے گا۔
القرآن – سورۃ نمبر 78 النبإ آیت نمبر 25