*چیٹ جی پی ٹی (ChatGPT ) سے استفادہ کریں  مگر عقل کا استعمال لازمی ہے:*

آپ نے سنا ہو گا کہ” نقل کے لیے عقل ضروری ہے “لیکن شاید آج کے دور میں    “نقل” کی جگہ ” ChatGPT ” رکھ کر یہ جملہ بولنا چاہیے ۔ یعنی یوں کہنا چاہیے ” ChatGPT   کے لئے  عقل کی ضرورت ہے”
میرے ساتھ ایک  لطیفہ کچھ یوں  ہوا کہ  پچھلے دنوں کسی  اہل علم نے ایک شرعی مسئلہ پوچھا  او رمیں نے اپنے سابقہ  مطالعہ کی بنیاد پر جواب دے دیا۔ او رمجھے اطمینان تھا کہ جواب یہی ہے۔ لیکن کچھ دیر انہوں نے مجھے فتاوی عالمگیری کی  عربی عبارت ، جلد و صفحہ نمبر کے ساتھ بھیج دی جس میں  میرے بتائے گئے مسئلے کے برخلاف مسئلہ لکھا تھا۔ کچھ لمحوں کے لئے میں پریشان ہوا کہ شاید مجھ سے مسئلہ بتانے میں غلطی ہوگئی اور مجھے چاہیے تھا کہ میں دوبارہ کتاب دیکھ لیتا۔ لیکن پھر نے سوچا کہ فتاوی عالمگیری کی اس عبارت کو نکال کر دیکھ لیتا ہوں۔ جب میں بتائے گئے جلد و صفحہ نمبر پر پہنچا تو وہاں ایسی کوئی عبارت نہیں تھی۔ میں نے سوچا شاید یہ کسی اور مطبوعہ کا جلد و صفحہ نمبر  ہے  اس لئے  میں نے المکتبۃ الشاملہ کا سرچ کا آپشن استعمال کرتے ہوئے کتا ب میں مسئلہ ڈھونڈنے کی کوشش کی لیکن  پھر میں ناکام رہا۔
پھر خیال  آیا کہ  کہیں یہ عبارت چیٹ جی پی ٹی سے تو نہیں بنوائی گئی؟ کیونکہ مجھے  چیٹ جی پی ٹی کی اس طرح کی حرکتوں کا علم تھا۔  بہر حال جب میں نے ان صاحب سے پوچھا تو انہوں نے اقرار کر لیا کہ واقعی ایسا ہوا ہے۔
اور آج ایک اور خبر اخبار میں دیکھنے کو ملی کہ امریکہ کے ایک وکیل نے  ایک مقدمے کی تیاری  میں  چیٹ جی پی ٹی سے مدد لی اورفائل کورٹ میں  جمع کروا دی لیکن اس میں سنگین غلطی یہ  سامنے آئی کہ چیٹ جی پی ٹی نے حوالہ دینے کی خاطر اپنی طرف سے ایک  مقدمے کا فیصلہ گھڑ لیا  حالانکہ حقیقت میں اس کیس اور فیصلے کا کوئی وجود نہیں تھا۔ مگر وکیل صاحب  چیٹ جی پی ٹی پر اندھا اعتماد کر کے پھنس گئے۔(ایکسپریس اخبار، 02 جون ، 2025)
اس لئے چیٹ جی بی ٹی  سے استفادہ کرنے والوں کو چاہیے کہ وہ  اپنے دماغ کی کھڑکیاں کھلی رکھا کریں اور چیٹ جی پی ٹی کی بیان کردہ ہر بات پر اندھا اعتماد نہ کریں۔ کیونکہ یہ بہت اعتماد (Confidence) سے غلط بیانی کرتا ہے۔ پھر جب اسے غلطی بتائی جائے تو فورا غلطی تسلیم بھی کر لیتا ہے۔
محمد ساجد عطاری
02 جون، 2025