غیروں کی سازشیں:: اپنوں کی کاوشیں
مبسملا وحامدا ومصلیا ومسلما
غیروں کی سازشیں::اپنوں کی کاوشیں
(1)قرآن مقدس میں بھی ارشاد فرمایا گیا ہے کہ یہود ونصاری مسلمانوں سے کبھی خوش نہیں ہوں گے،یہاں تک کہ مسلمان ان کے مذہب کو قبول کر لیں۔یہی حال دیگر غیر مسلمین کا ہے۔بودھ دھرم میں کسی بھی جاندار کو تکلیف دینے کا حکم نہیں،لیکن مسلمانوں کو دیکھ کر وہ لوگ بھی درندے بن جاتے ہیں۔چند سال قبل روہنگیائی مسلمانوں کے ساتھ برما لینڈ میں جو کچھ ظلم وستم ہوا،وہ دنیا والوں سے پوشیدہ نہیں۔
(2) فلس/ طین میں پونے دو سال یعنی 23:اکتوبر 2023 سے جو ظلم وستم شروع ہوا ہے اور جس طرح اہل فلس/ طین کو مسلسل ہلاک کیا جا رہا ہے۔اس سے دنیا کا ہر فرد واقف وآشنا ہے۔اس بدترین ظلم وستم کو روکنے میں مسلم ممالک نے کوئی خاص عملی کردار ادا نہیں کیا۔محض سفارتی کوششیں کی گئیں۔
یمن کا حو ثی گروپ اپنی عملی کوششوں سے یہود ونصاری کو خوف زدہ کرنے میں کسی حد تک ضرور کامیاب ہے اور وہ اسرائیل پر مسلسل فضائی حملے بھی کر رہا ہے۔بحر احمر سے امریکی بحری جہازوں کو بھی بھگا چکا ہے۔دنیا کی عظیم طاقتیں یمن کے سامنے بے دست و پا ہو کر رہ گئیں۔
(3)جب غیر مسلمین مسلمانوں کا وجود برداشت نہیں کر پا رہے ہیں تو دین اسلام کا وجود کیسے برداشت کر سکتے ہیں۔یہ لوگ مذہب اسلام کو نیست ونابود کرنے کے لئے بھی خفیہ سازشیں کرتے رہتے ہیں اور دفاع اسلام میں اپنے لوگوں کی کاوشیں بہت کمزور ہیں۔
اسلام کو سرنگوں کرنے کے واسطے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں اور بہت سے غلط افکار ونظریات مسلمانوں کے درمیان داخل کئے جا چکے ہیں۔ہر وہ نظریہ جو خلاف اسلام ہے،اس میں شیطان یا شیطان پرستوں کی سازش شامل ہے اور پھر اس غلط نظریہ سے بہت سے عوام بھی متاثر ہوتے ہیں اور بہت سے خواص بھی۔
(4)عصر حاضر میں زہر قاتل کی طرح متعدد مہلک نظریات عام ہیں۔ان باطل نظریات کے سبب اہل سنت وجماعت میں بہت تباہی پھیل رہی ہے۔چند مہلک نظریات اور تباہی کے دیگر اسباب درج ذیل ہیں:
(الف)اہل علم کو محفوظ عن الخطا سمجھنا
(ب)پیر پرستی اور شخصیت پرستی
(ج)عوام اور علما کے درمیان بڑھتی ہوئی دوری
(د)علم عقائد سے اہل علم کی غفلت شعاری
(ہ)معتمد ومستند اسلاف کرام سے اختلاف کی حوصلہ افزائی
(و)باطل فرقوں کے رد وابطال سے بے اعتنائی
(ز)ایک ہی ملک میں چند فقہی مجلسوں کا قیام اور علمی اختلاف پر ہنگامہ آرائی
طارق انور مصباحی
جاری کردہ:بروز عید الاضحی 1446
مطابق:07:جون 2025
فکر انگیز تحریر