هَلۡ اَتٰٮكَ حَدِيۡثُ الۡغَاشِيَةِؕ سورۃ نمبر 88 الغاشية آیت نمبر 1
sulemansubhani نے Wednesday، 23 July 2025 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
هَلۡ اَتٰٮكَ حَدِيۡثُ الۡغَاشِيَةِؕ ۞
ترجمہ:
بیشک آپ کے پاس ڈھانپنے والی چیز کی خبر آچکی ہے
تفسیر:
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : بیشک آپ کے پاس ڈھانپنے والی چیز کی خبر آچکی ہے۔ اس دن بہت چہرے ذلیل ہوں گے۔ کام کرنے والے، مشقت برداشت کرنے والے۔ وہ بھڑکتی ہوئی آگ میں جھونکے جائیں گے۔ انہیں کھولتے ہوئے چشمے ( کے پانی) سے پلایا جائے گا۔ ان کا کھانا صرف خار دار خشک زہریلے درخت سے ہوگا۔ جو نہ فربہ کرے گا نہ بھوک دور کرے گا۔
( الغاشیہ : ٧۔ ١)
قیامت کے دن کو ” الغاشیۃ “ فرمانے کی وجوہ
الغاشیہ : ١ میں ” الغاشیۃ “ ( ڈھانپنے والی چیز) قیامت کو کہا گیا ہے اور اس کو ” الغاشیۃ “ کہنے کی حسب ذیل وجوہ ہیں :
(١) قرآن مجید میں ہے :” یوم یغشہم العذاب “ ( العنکبوت : ٥٥) وہ دن جوان کو عذاب سے ڈھانپ لے گا۔
(٢) قیامت کو ” الغاشیۃ “ اس لیے فرمایا ہے کہ جو چیز کسی دوسری چیز کا تمام اطراف سے احاطہ کرلے، اس کا غاشیہ کہتے ہیں۔
(٣) قیامت اچانک آ کر لوگوں کو اللہ کے عذاب سے ڈھانپ لے گی، جیسا کہ اس آیت میں ہے :
اَفَاَمِنُوْٓا اَنْ تَاْتِیَہُمْ غَاشِیَۃٌ مِّنْ عَذَابِ اللہ ِ (یوسف : ١٠٧)
کیا یہ لوگ اس سے بےخوف ہوگئے ہیں کہ ان پر اللہ کے عذاب سے ڈھانپنے والی چیز آجائے۔
(٤) قیامت تمام اولین اور آخرین لوگوں کو ڈھانپ لے گی۔
(٥) قیامت کے ہولناک مناظر اور اس کے دہشت ناک احوال اور شدائد لوگوں کو ڈھانپ لیں گے۔
(٦) ” الغاشیۃ “ دوزخ کی آگ ہے، جو کفار اور اہل دوزخ کے چہروں کو ڈھانپ لے گی، قرآن مجید میں ہے :
تغشی وجوھم النار۔ ( ابراہیم : ٥٠) ان کے چہروں کو دوزخ کی آگ ڈھانپ لے گی۔
تبیان القرآن سورۃ نمبر 88 الغاشية آیت نمبر 1