وَثَمُوۡدَ الَّذِيۡنَ جَابُوا الصَّخۡرَ بِالۡوَادِ – سورۃ نمبر 89 الفجر آیت نمبر 9
sulemansubhani نے Thursday، 24 July 2025 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
وَثَمُوۡدَ الَّذِيۡنَ جَابُوا الصَّخۡرَ بِالۡوَادِ ۞
ترجمہ:
اور ثمود کے لوگ تھے جنہوں نے وادی میں پتھروں کی چٹانیں تراشیں
الفجر : ٩ میں فرمایا : اور ثمود کے لوگ تھے جنہوں نے وادی میں پتھروں کی چٹانیں تراشیں۔
ثمود کا پہاڑوں کو تراش کر مکان بنانا
ثمود حضرت صالح (علیہ السلام) کی قوم تھیں، مفسرین نے کہا ہے : انہوں نے سب سے پہلے پہاڑوں اور چٹانوں کو تراش کر مکان بنائے، انہوں نے مدائن میں ہزاروں کی تعداد میں پہاڑوں کو تراش کر مکان بنائے، قرآن مجید میں ہے :
وَکَانُوْا یَنْحِتُوْنَ مِنَ الْجِبَالِ بُیُوْتًا اٰمِنِیْنَ ۔ (الحجر : ٨٢) یہ لوگ بےخوف ہو کر پہاڑوں کو تراش کر گھر بناتے تھے۔
٩ ہجری میں جب رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ان کی بستی سے گزرے تو آپ نے اپنے سر پر کپڑا لپیٹ لیا اور سواری کو تیز کرلیا اور فرمایا : اس جگہ روتے ہوئے اور اللہ کے عذاب سے ڈرتے ہوئے گزرو۔
(صحیح البخاری رقم الحدیث : ٤٣٣، صحیح مسلم رقم الحدیث : ١٢٨٥)
یہ وادی پہاڑوں کے درمیان تھی وہ ان پہاڑوں کو تراش کر ان میں حویلیاں اور گھر بناتے تھے، جن میں حوض بھی ہوتے تھے۔
القرآن – سورۃ نمبر 89 الفجر آیت نمبر 9