اَلَمۡ نَجۡعَلۡ لَّهٗ عَيۡنَيۡنِۙ – سورۃ نمبر 90 البلد آیت نمبر 8
sulemansubhani نے Saturday، 2 August 2025 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلَمۡ نَجۡعَلۡ لَّهٗ عَيۡنَيۡنِۙ ۞
ترجمہ:
کیا ہم نے اس کو دو آنکھیں نہیں بنائیں
البلد : 8-10 میں فرمایا : کیا ہم نے اس کی دو آنکھیں نہیں بنائیں۔ اور زبان اور دو ہونٹ۔ اور ہم نے اس کو ( خیر اور شر کے) دونوں راستے دکھا دیئے۔
اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی نعمتیں اور خیر اور شر کے دو راستے
ابو حازم بیان کرتے ہیں کہ بین (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا : بیشک اللہ تبارک و تعالیٰ فرماتا ہے : اے ابن آدم ! اگر تیری زبان اللہ کے حرام کیے ہوئے کاموں کے کرنے کے متعلق تجھ سے جھگڑا کرے تو میں نے دو طباقوں سے تیری مدد کی ہے تو ان کو منطبق کرے، اور اگر تیری آنکھ حرام کاموں کے کرنے میں تجھ سے جھگڑا کرے تو میں نے دو طبقاوں سے تیری مدد کی ہے تو ان کو منطبق کر دے اور اگر تیری شرم گاہ تجھ سے حرام کاموں میں جھگڑا کرے تو میں نے دو طباقوں سے تیری مدد کی ہے تو ان کو منطبق کر دے۔ (کنز العمال رقم الحدیث : ٤٣٤٠٧۔ ج ١٥ ص ٨٥٦ )
امام ابن ابی حاتم نے قتادہ سے البلد : ٨ کی تفسیر میں روایت کیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا ہمیں دو آنکھیں عطاء فرمانا اس کی دو ظاہری نعمتیں ہیں جو ہم کو اس کا شکر ادا کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔
امام ابن عساکر نے مکحول سے روایت کیا کہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا : اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے، اے ابن آدم ! میں نے تجھے بہت عظیم نعمتیں عطاء کی ہیں، جو عدد شمار سے باہر ہیں اور جن کو تو شکر ادا نہیں کرسکتا، اور میں نے تجھ کو جو نعمتیں دی ہیں، وہ یہ ہیں کہ تیرے لیے دو آنکھیں بنادی ہیں جن سے تو دیکھتا ہے اور میں نے ان آنکھوں کے لیے پردے ( پلکیں) بنادی ہیں، تو اپنی آنکھوں سے حلال چیزوں کو دیکھ اور جب تو ان چیزوں کو دیکھے جن کو میں نے حرام کردیا تو ان پردوں ( پلکوں) کو منطبق کر دے اور میں نے تجھ کو زبان دی ہے اور اسکے لیے غلاف بنادیا ہے پس تو میرے حکم کے مطابق زبان سے بول، جو باتیں تیرے حلال ہیں اور اگر تیرے سامنے وہ چیزیں پیش ہوں جن کو میں نے تجھ پر حرام کردیا ہے تو اپنی زبان پر تالا ڈال دے، اور میں نے ترے لیے شرم بنائی ہے اور اس کے لیے پردہ بنایا ہے تو اپنی شرم گاہ سے ان چیزوں کو حاصل کر جو میں نے تیرے حلال کردی ہیں اور جب تیرے سامنے کوئی حرام چیز آئے تو تو اس پر پردہ ڈال دے، اے ابن آدم ! میری ناراضگی کو نہ اٹھائو اور تو میرے انتقام کی طاقت نہیں رکھتا۔
القرآن – سورۃ نمبر 90 البلد آیت نمبر 8
[…] تفسیر […]