کتاب الوضوء (الطہارہ) باب 61 حدیث 225
sulemansubhani نے Tuesday، 5 August 2025 کو شائع کیا.
٦١ – بَابُ الْبَوْلِ عِندَ صَاحِبِهِ ،وَالتَّسَتْرِ بِالْحَائِطِ
اپنے کسی ساتھی یا دیوار کی آڑ میں پیشاب کرنا
باب سابق کے ساتھ اس حدیث کی مناسبت یہ ہے کہ یہ دونوں باب پیشاب کے حکم سے متعلق ہیں۔
٢٢٥- حَدَّثَنَا عُثْمَانُ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ قَالَ حَدَّثَنَاجَرِيرٌ عَنْ مَنْصُورٍ، عَنْ أَبِى وَائِلٍ عَنْ حُذَيْفَةَ قَالَ رَأَيْتُنِي أَنَا وَالنَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نَتَمَاشی فَأَتَى سُبَاطَةَ قَوْمٍ خَلْفَ حَائِط ، فَقَامَ كَمَا يَقُومُ أحَدُكُمْ فَبَالَ، فَانْتَبَذَتْ مِنْهُ ، فَأَشَارَ إِلَى فَجِئْتُهُ فَقُمْتُ عِنْدَ عَقِبِهِ حَتَّى فَرَغَ.
امام بخاری روایت کرتے ہیں : ہمیں عثمان بن ابی شیبہ نے حدیث بیان کی انہوں نے کہا: ہمیں جریر نے حدیث بیان کی از منصور از ابی وائل از حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ انہوں نے بیان کیا کہ مجھے یاد ہے کہ ایک مرتبہ میں اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جارہے تھے پھر آپ ایک دیوار کے پیچھے قوم کے کچرا گھر پر آئے، پھر آپ اس طرح کھڑے ہوگئے، جس طرح تم میں سے کوئی شخص کھڑا ہوتا ہے، پھر آپ نے پیشاب کیا، پس میں آپ سے پیچھے ہٹ گیا پھر آپ نے مجھے اشارہ کیا تو میں آپ کے پاس آیا’ پس میں آپ کی ایڑیوں کے پاس کھڑا ہو گیا حتی کہ آپ فارغ ہو گئے۔
اس حدیث کی تخریج اور شرح صحیح البخاری : ۲۲۴ میں مطالعہ فرمائیں۔
حدیث مذکور کے مزید مسائل اور فوائد
اس حدیث میں مذکور ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت حذیفہ کو بلایا اور وہ آپ کی ایڑیوں کے پاس کھڑے ہو گئے، حتی کہ آپ پیشاب سے فارغ ہوگئے’ اس سے یہ معلوم ہوا کہ جب کوئی معزز شخص پیشاب کے لیے جائے تو اپنے ساتھ اپنے کسی ساتھی کو لے جائے، جو اس کے پیچھے کھڑا ہوجائے تاکہ اس کی آڑ اور حجاب ہو جائے ۔ علامہ ابن بطال نے کہا: یہ حکم اس صورت میں ہے جب وہ کھڑے ہوکر پیشاب کرے اور جب وہ بیٹھ کر پیشاب کرے تو پھر اس کے ساتھی کو اس سے دور چلے جانا چاہیے اور حضرت حذیفہ آپ کی حفاظت کے خیال سے آپ کے قریب آ کر کھڑے ہوئے تھے، نیز اس حدیث میں یہ ثبوت ہے کہ جب انسان قضاء حاجت کے لیے جائے تو لوگوں کی نگاہوں سے مستور رہے اور کسی دیوار یا درخت کی آڑ میں کھڑا ہو’ مہلب نے کہا: اس حدیث میں شاگرد اور مرید سے خدمت لینے کا ثبوت ہے۔ (شرح ابن بطال ج ا ص ۲۴۲ دار الکتب الاسلامیہ بیروت ۱۴۲۴ھ )
ٹیگز:-
Allama Ghulam Rasool Saeedi , صحیح البخاری , شرح صحیح البخاری , نعمۃ الباری فی شرح صحیح البخاری , کتاب الوضو , کتاب الطہارہ