لَتَرَوُنَّ الۡجَحِيۡمَۙ – سورۃ نمبر 102 التكاثر آیت نمبر 6
sulemansubhani نے Friday، 2 January 2026 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
لَتَرَوُنَّ الۡجَحِيۡمَۙ ۞
ترجمہ:
بیشک تم ضرور دوزخ کو دیکھو گے
التکاثر : ٦-٧ میں فرمایا : بیشک تم ضرور دوزخ کو دیکھو گے۔ پھر تم ضرور عین الیقین کے ساتھ دوزخ کو دیکھو گے۔
ایک قول یہ ہے کہ یہ آیتیں کفار کے ساتھ خاص ہیں، وہ آخرت میں ضرور دوزخ کو دیکھیں گے، دوسرا قول یہ ہے کہ یہ آیتیں کفار اور مئومنین دونوں کے لئے عام ہیں، کیونکہ مئومنین بھی قیامت کے دن دوزخ کو دیکھیں گے، قرآن مجید میں ہے :
وان منکم الاواردھا (مریم : ٧١) تم میں سے ہر شخص کا دوزخ سے گزر ہوگا۔
مئومن کا دوزخ سے گزر ہوگا، سو وہ اس کی گزر گاہ ہے اور کافر کا ٹھکانا ہے، وہ وہیں رہے گا، حدیث میں ہے :
حضرت ابو سعید خدری (رض) سے ایک طویل حدیث مروی ہے، اس میں یہ ہے کہ دوزخ کے اوپر ایک پل بچھا دیا جائے گا، تم میں سے بعض اس کے اوپر سے پلک جھپکنے میں گزر جائیں گے، بعض بجلی کی طرح اور بعض آندھی کی طرح، بعض تیز رفتار گھوڑوں کی طرح اور بعض اونٹوں کی طرح گزر جائیں گے، ان میں سے بعض تو صحیح سلامت نجات پانے والے ہوں گے اور بعض جہنم کی آگ سے جھلس کر بچ نکلنے والے ہوں گے، یہاں تک کہ آخری شخص اس پر سے گھسٹتے ہوئے گزرے گا، تم آج مجھ سے حق کے معاملہ میں اس قدر سخت نہیں جتنے اس دن اللہ کے سامنے ہو گے، جب مئومنین دیکھیں گے کہ اپنے بھائیوں میں سے صرف ان کو نجات ملی ہے تو وہ کہیں گے کہ اے ہمارے رب ! ہمارے بھائی بھی ہمارے ساتھ نماز پڑھتے تھے اور ہمارے ساتھ روزے رکھتے تھے اور ہمارے ساتھ دوسرے نیک اعمال کرتے تھے، اللہ تعالیٰ فرمائے گا : جائو جس کے دل میں ایک دینار کا مثقال بھر بھی ایمان ہو، اس کو دوزخ سے نکال لو اور اللہ ان کی صورتوں کو دوزخ پر حرام کر دے گا، پس وہ ان لوگوں کے پاس غائب ہوچکے ہوں گے، سو جن کو وہ پہچان لیں گے، ان کو دوزخ سے نکال لیں گے۔ الحدیث (صحیح البخاری رقم الحدیث :7439 صحیح مسلم رقم الحدیث :184، مسند احمد ج ٣ ص 56)
القرآن – سورۃ نمبر 102 التكاثر آیت نمبر 6
[…] تفسیر […]