اِنَّهَا عَلَيۡهِمۡ مُّؤۡصَدَةٌ – سورۃ نمبر 104 الهمزة آیت نمبر 8
sulemansubhani نے Saturday، 17 January 2026 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اِنَّهَا عَلَيۡهِمۡ مُّؤۡصَدَةٌ ۞
ترجمہ:
وہ (آگ) ان پر ہر طرف سے بند کی ہوئی ہوگی
الھمزۃ : ٨ میں فرمایا : وہ (آگ) ان پر ہر طر سے بند کی ہوئی ہوگی۔
الھمزۃ : ٤ میں فرمایا تھا : ان کو دوزخ میں پھینک دیا جائے گا، یعنی دوزخ میں کوئی بہت گہری جگہ ہے جیسے کوئی اندھا کنواں ہو اور اس میں کافروں کو جھونک دیا جائے گا، اور اس جگہ سے نکلنے کا کوئی دروازہ ہوگا لیکن وہ دروازہ ان پر بند کردیا جائے گا، اس سے ان کی حسرت اور نا امیدی میں اور اضافہ ہوگا۔
جب کسی دروازے کے کو اڑوں کو زور سے بند کردیا جائے اور اس میں کنڈی لگا کر قفل لگا دیا جائے اور ان بند دروازوں کے کھلنے کی بہ ظاہر کوئی صورت نہ ہو تو عرب کہتے ہیں :” اصدت الباب “ اس سے ” مئوصدۃ “ بنا ہے، گویا ان کافروں کو حطمہ نامی ایک دوزخ کے طبقہ میں ڈال دیا جائے گا اور اس طبقہ کے دروازوں کو مضبوطی سے بند کردیا جائے اگ، ان کو کوئی کھول نہیں سکے گا اور اس درد ناک عذاب سے نجات کی ان کے لئے کوئی صورت نہیں ہوگی۔
القرآن – سورۃ نمبر 104 الهمزة آیت نمبر 8