أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مَلِكِ النَّاسِۙ ۞

ترجمہ:

سب لوگوں کے بادشاہ کی

جو شخص بادشاہ ہوتا ہے اور ملک کا سربراہ ہوتا ہے، وہی پورے ملک پر حاکم ہوتا ہے، وہی ملک کے باشندوں کے لیے قانون بناتا ہے، پورے ملک میں اسی کی فرماں روائی ہوتی ہے اور اسی کا حکم چلتا ہے، اللہ تعالیٰ نے فرمایا :” ملک الناس “ (الناس :2) یعنی وہی دنیا کے تمام لوگوں کا بادشاہ اور حاکم مطلق ہے، اسی کی تمام جہانوں میں حکومت اور فرماں روائی ہے، اس نے ارشاد فرمایا :

ان الحکم الا للہ ( الانعام :57) حکم دینے کا حق صرف اللہ کا ہے۔ جب سب انسانوں کو پیدا اللہ تعالیٰ نے کیا ہے، اسی نے ان کی پرورش کی ہے تو تمام انسانوں کی معیشت اور معاشرت میں حکم دینے کا حق بھی صرف اللہ تعالیٰ کا ہے۔

القرآن – سورۃ نمبر 114 الناس آیت نمبر 2