سندھ کے آٹھ علماء کےنام بقلم امام اہلسنت رحمۃ اللہ علیہ
*سندھ کے آٹھ علماء کےنام بقلم امام اہلسنت رحمۃ اللہ علیہ*
اعلیٰ حضرت امام احمدرضاخان عَلَیْہِ رَحمَۃُ الرَّحْمٰن کے فتاویٰ جات کا مجموعہ ’’فتاویٰ رضویہ‘‘ (مَخرَّجہ)جو33 جلدوں پر مشتمل ہےاس کے ایک جواب سے بھی اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ کےقوتِ حافظہ کا پتہ چلتا ہے سوال اس طرح ہے:
مولانا المعظم وبرادر محترم مولانا مصطفے ٰرضاخاں صاحب اَرْفَعَ اﷲُ شَانَہُم، اَلسَّلَامُ عَلَیْکُم وَرَحْمَۃُﷲ وَبَرَکَاتُہ:کالج کاایک کام آگیا ہے جس میں ضرورت ہے چنداَسماء (نام)ان علمائے کرام کے لکھے جانے کی، جو (باب الاسلام) سندھ کے تھے یا(باب الاسلام)سندھ میں آئے کم ازکم پانچ نام ہوناچاہئے۔ انساب سمعانی میں بعض اسماء ملے لیکن صرف نام، اس کی خبرنہ ملی کہ انہوں نے کیاخدمت انجام دی۔ طبقات ِحنفیہ کی فہرست میں کوئی نام نہ ملا۔ آنجناب براہ ِکرم اعلیٰ حضرت سے اِسْتِفْسَارفرمائیں۔ متقدمین یامتأخرین علماء اہلسنت، محدثین میں ہوں یافقہاء میں اگراس قدْرفرصت نہ ہو تو صرف ان کتابوں کے نام لکھ بھیجئے جن میں تلاش کروں۔ آپ (یعنی حضور مفتیٔ اعظم ہند کی خدمت میں نیازنامہ اس لئے لکھا کہ آپ کو اعلیٰ حضرت کی حضوری حاصل ہے۔) فقیرکا سلام وقدم بوسی فرمادیجئے۔ مستحق دعاہوں اوربڑا محتاج ہوں۔
الجواب:
*(1)* مولانا رَحْمَتُ اﷲ سندھی تلمیذ (شاگردہیں) امام ابن ہمام (صاحبِ فتح القدیر کے) مصنفِ منسک کبیر، منسک صغیرومنسک متوسط معروف بہ لباب المناسک جس کی شرح ملا علی قاری نے کی ہے المسلک المتقسط فی شرح المنسک المتوسط۔
*(2)* مولانا محمد عابد سندھی مدنی محدث صاحب ”حصرالشارد“
*(3)* مولانا محمد حیات سندھی شارح کتاب ”الترغیب والترھیب“
*(4)* مولانا محمد ہاشم سندھی، یہ بھی فقہ میں صاحب تصنیف ہیں۔
*(5)* علامہ محمدابن الہادی سندھی مُحَشِّی (یعنی حاشیہ لکھنے والے)فتح القدیر وصحاح ستہ ومسندامام احمد(پر)، استاذ(ہیں)علامہ محمدحیات سندھی (کے)متوفی ۱۱۳۸ھ
*(6)* شیخ نظام الدین سندھی نزیل دمشق(شام کے شہر دمشق میں آنے والے) تلمیذ(شاگردِ)جلیل ومحبوب حضرت قدوۃ العارفین سیّد صبغۃ اﷲ بروحی ( پیر پگارو )
*(7)* علامہ سندھی مصنف غایۃ التحقیق جن سے سیّد علامہ طحطاوی مصری نے حاشیہ درمختار باب الامامۃ میں استناد کیا۔(یعنی ان کی عبارت کو بطورِ دلیل پیش کیا)
*(8)* شیخ محمد حسین انصاری سندھی عم(یعنی چچا) شیخ عابد سندھی (کے جو)محدثین ورجال اسانید حصرالشارد سے ہیں۔ اس وقت یہی نام خیال میں آئے۔(فتاوی رضویہ ،ج 26 ، ص 403)
#احمدرضامغل