کتاب مواقیت الصلوۃ باب 15 حدیث نمبر 553
۱۵ – بَابُ إِثْمِ مَنْ تَرَکَ الْعَصْرِ
عصر کی نماز ترک کرنے والے کا گناہ
باب سابق اور اس باب میں یہ فرق ہے کہ باب سابق کا مطلب یہ تھا کہ جس نے عصر کی نماز کو اس کے وقت میں نہیں پڑھا حتیٰ کہ سورج زرد ہوگیا یا غروب ہوگیا اور اس باب کا مطلب یہ ہے کہ جس نے عصر کی نماز کو عمداً ترک کردیا۔
۵۵۳ – حَدَّثَنَا مُسْلِمُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ قَالَ حَدَّثَنَا هِشَامٌ قَالَ حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ أَبِي كَثِيرٍ عَنْ أَبِي قِلَابَةَ عن ابی الملیح قال کنا مع بریدہ فی غزوہ فِي يَوْمٍ ذِي غَيْمٍ، فَقَالَ بَكِّرُوا بِصَلَاةِ الْعَصْرِ، فَإِنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ مَنْ تَرَكَ صَلَاةَ الْعَصْرِ فَقَدْ حَبِطَ عَمَلُهُ. [طرف الحديث: 594]
امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں مسلم بن ابراہیم نے حدیث بیان کی انہوں نے کہا: ہمیں ہشام نے حدیث بیان کی انہوں نے کہا: ہمیں یحییٰ بن ابی کثیر نے حدیث بیان کی از ابی قلابہ از ابی الملیح انہوں نے بیان کیا کہ ہم حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ کے ساتھ ابر آلود دن میں تھے انہوں نے کہا: اول وقت میں عصر کی نماز پڑھو کیونکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: جس نے عصر کی نماز کو ترک کردیا اس کا عمل ضائع ہوگیا۔
(سنن نسائی: ۴۷۳، مسند ابوداؤد الطیالسی: ۸۱۰، مصنف ابن ابی شیبہ ج ۱ ص ۴۳۱، ج ۲ ص 237، صحیح ابن خزیمہ: ۳۳۶، سنن بیہقی ج ۱ ص 444،شرح السنہ: ۳۶۹، مسند احمد ج ۵ ص ۳۵۰ طبع قدیم، مسند احمد: ۲۲۹۵۷، ج ۳۸ ص 54، مؤسسۃ الرسالۃ بیروت، جامع المسانید لابن الجوزی: 724، مکتبۃ الرشد ریاض ۱۴۲۶ھ)
حدیث مذکور کے رجال
(۱) مسلم بن ابراہیم الازدی الفراہیدی البصری القصاب ان کی کنیت ابوعمرو ہے
(۲) ہشام بن عبداللہ الدستوائی
(۳) یحییٰ بن ابی کثیر
(۴) ابوقلابہ عبداللہ بن زید الحرمی
(۵) ابوالملیح عامر بن اسامہ الہذلی یہ ۹۸ھ میں فوت ہوگئے تھے۔
(۶) حضرت بریدہ بن الحصیب رضی اللہ عنہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے 146 احادیث روایت کی ہیں، ان میں سے امام بخاری نے ۳ احادیث روایت کی ہیں یہ جہاد کرتے ہوئے مرو میں فوت ہوگئے تھے یہ صحابی ہیں، آپ ۶۲ھ میں خراسان میں فوت ہوئے تھے۔(عمدۃ القاری ج ۵ ص ۵۸)
باب کے عنوان کے ساتھ اس حدیث کی مطابقت اس طرح ہے کہ اس میں مذکور ہے کہ جس نے عصر کی نماز کو ترک کیا اس کا عمل ضائع ہوگیا۔
عمدا عصر کی نماز ترک کرنے والے کی مغفرت کیسے ہوگی؟
قاضی ابوبکر محمد بن عبداللہ ابن العربی المالکی المتوفی ۵۴۳ھ لکھتے ہیں:
اس حدیث کا ظاہر اہل سنت کے عقیدہ کے خلاف ہے کیونکہ اہل سنت کا عقیدہ ہے کہ گناہ کبیرہ سے اعمال ضائع نہیں ہوتے، جو علماء یہ کہتے ہیں کہ جو شخص وقت نکلنے کے بعد بھی نماز نہ پڑھے وہ کافر ہے ان کے لیے تو اس حدیث میں کوئی مشکل نہیں، اور جو علماء یہ کہتے ہیں کہ نیک اعمال صرف شرک سے ضائع ہوتے ہیں وہ کہتے ہیں کہ اگر اس کی اللہ تعالیٰ کے فضل محض سے یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت سے فوری مغفرت نہ ہوئی تو پھر وہ دوزخ میں اپنے گناہ کی سزا بھگت کر جنت میں چلا جائے گا۔(القبس فی شرح موطأ ابن انس ج 1 ص 71-72، دار الکتب العلمیہ بیروت ۱۴۱۹ھ)
[…] حدیث کی شرح صحیح البخاری: ۵۵۳ میں گزرچکی ہے، وہاں اس کا عنوان تھا: ‘جس نے عصر کی […]