578 – حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ بُكَيْرٍ قَالَ أَخْبَرَنَا اللَّيْثُ عَنْ عُقَيْلٍ ، عَنِ ابْنِ شِهَابٍ قَالَ أَخْبَرَنِي عُرْوَةُ بْنُ الزُّبَيْرِ أَنَّ عَائِشَةَ أَخْبَرَتْهُ، قَالَتْ كُنَّ نِسَاءُ الْمُؤْمِنَات يَشْهَدْنَ مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ صَلُوة الْفَجْرِ مُتَلَفِّعَاتِ بِمُرُوْطِهِنَّ ، ثُمَّ يَنْقَلِبْنَ إِلَى بُيُوتِهِن حِينَ يَقْضِينَ الصَّلُوةَ، لَا يَعْرِفُهُنَّ أَحَدٌ مِنَ الْغَلَسِ۔

امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں یحییٰ بن بکیر نے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: ہمیں لیث نے خبر دی از عقیل از ابن شہاب انہوں نے کہا: مجھے عروہ بن الزبیر نے خبر دی کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے ان کو خبر دی کہ مسلمان عورتیں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ نمازِ فجر کے لیے حاضر ہوتی تھیں، وہ اپنی چادروں میں لپٹی ہوئی ہوتی تھیں پھر نماز پڑھنے کے بعد وہ اپنے گھروں کو لوٹ جاتیں اندھیرے کی وجہ سے ان کو کوئی نہیں پہچانتا تھا۔

اس حدیث کی شرح صحیح البخاری: 372 میں گزر چکی ہے وہاں اس حدیث کا عنوان تھا: عورت کتنے کپڑوں میں نماز پڑھے اور یہاں اس حدیث کا عنوان ہے: فجر کی نماز کا وقت اور اس حدیث میں دونوں عنوانوں کی صلاحیت ہے۔

فجر کی نماز کا افضل وقت سفیدی پھیلنے کے بعد ہے

اس باب کی احادیث میں یہ ذکر ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اخیر شب کے اندھیرے میں اول وقت نماز فجر پڑھتے تھے، مگر یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فعل ہے اور آپ کا قول یہ ہے کہ جب سفیدی پھیل جائے اس وقت نماز فجر پڑھی جائے اور آپ کا قول آپ کے فعل پر راجح ہوتا ہے وہ حدیث یہ ہے:

حضرت رافع بن خدیج رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: فجر کی نماز سفیدی پھیلنے کے بعد پڑھو اس میں زیادہ اجر ہے۔ (سنن ترمذی: ۱۵۴، سنن ابوداؤد: 424، سنن نسائی: 547، سنن ابن ماجہ: 672، شرح معانی الآثار: ۱۰۳۸ – ۱۰۳۶ – ۱۰۳۵ – ۱۰۳۴،1035۔ صحیح ابن حبان: 1490، سنن بیہقی ج 1 ص 457، شرح السنہ: 354، مسند ابوداؤد الطیالسی: ۹۵۹، الاحاد والمثانی: ۲۰۹۱، سنن دارمی: ۱۲۲۰ – ۱۲۱۹، المعجم الکبیر: 4290 – 4286 – 4287، حلیۃ الاولیاء ج ۷ ص 94، مصنف عبدالرزاق: ۲۱۵۹، السنن الکبری للنسائی: ۱۵۳۱، تاریخ کبیر ج ۱ ص ۳۰۱، مسند البزار: 384، مسند احمد ج ۳ ص 465، طبع قدیم مسند احمد: ۱۵۸۱۹، ج 25 ص ۱۳۳ مؤسسۃ الرسالۃ بیروت)