حضرت ضیاء الامتؒ اور مسئلہ تحذیر الناس: علمائے اہل سنت کی نظر میں
حضرت ضیاء الامتؒ اور مسئلہ تحذیر الناس: علمائے اہل سنت کی نظر میں
( حقائق پر مبنی ایک چشم کشا تحریر اور ایک تاریخی غلط فہمی کا مدلل ازالہ)
📌 پسِ منظر کیا ہے؟
حضور ضیاء الامت جسٹس پیر محمد کرم شاہ الازہری رحمۃ اللہ علیہ نے کسی دور میں مولوی کامل دین کے استفسار پر مولوی قاسم نانوتوی کی متنازعہ کتاب “تحذیر الناس” کے بارے میں ایک خط تحریر فرمایا تھا۔ بعد ازاں جب آپ کو اس کتاب کے مندرجات اور خطرناک نتائج کی طرف توجہ دلائی گئی تو آپ نے اپنے سابقہ مؤقف کی واضح الفاظ میں وضاحت فرما دی۔ تاہم، بعض حضرات آج بھی اسی پرانے خط کا سہارا لے کر عوام کو مغالطے میں ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔
🔥 مناظرِ اہل سنت مولانا محمد حسن علی قادری رضویؒ کا تاریخی چیلنج
جب مولوی ضیاء الرحمن فاروقی نے اپنی کتاب “انکشافِ حق” کے مقدمے میں اسی پرانے خط کا حوالہ دیا، تو مناظرِ اہل سنت مولانا محمد حسن علی قادری رضوی علیہ الرحمہ نے اپنی تصنیف “عجائب دیوبند” کے مقدمے میں دو ٹوک چیلنج دیتے ہوئے لکھا:
💬 “ہم فاروقی صاحب کو چیلنج کرتے ہیں کہ ضیاء الامت پیر کرم شاہ بھیروی (رحمۃ اللہ علیہ) زندہ موجود ہیں، ان سے تحذیر الناس کی تائید و حمایت اور مولانا قاسم صاحب نانوتوی کی قصیدہ خوانی لکھوا کر دکھائیں اور دس ہزار روپیہ نقد انعام حاصل کریں۔”
متنازعہ عبارات کے رد میں لکھی گئی کتاب پر پیر صاحبؒ کا تبصرہ:
مولانا حسن علی رضویؒ مزید تحریر فرماتے ہیں:
💬 “نیز پیر کرم شاہ بھیروی نے اپنے ماہنامہ رسالہ ‘ضیائے حرم’ لاہور (بابت اگست 1976ء، صفحہ 96) پر ہماری کتاب ‘قہر خداوندی بر دھماکہ دیوبندی’ پر بھرپور تبصرہ شائع کیا ہے—اور ‘قہر خداوندی’ میں تحذیر الناس، حفظ الایمان اور براہین قاطعہ کی متنازعہ عبارات کا شدید ردِ بلیغ موجود ہے۔ ہم فاروقی صاحب سے کہیں گے جناب! دنیا کہیں سے کہیں پہنچ چکی، آپ ابھی تک غفلت میں ہیں۔”
(حوالہ: ماہنامہ ضیائے حرم لاہور، اکتوبر 1992ء / ماہنامہ رضائے مصطفیٰ گوجرانوالہ، نومبر 1986ء)
⚖️ تحذیر الناس کے بارے میں پیر کرم شاہ الازہریؒ کا واضح اور حتمی مؤقف
مذکورہ بالا حوالہ جات میں حضور ضیاء الامتؒ نے غیر مبہم انداز میں اپنا حتمی مؤقف یوں بیان فرمایا:
✍️ “مجھے افسوس ہے کہ پہلی بار تحذیر الناس کے خطرناک نتائج کی طرف توجہ مبذول نہ ہوئی۔ تحذیر الناس کا پہلا پیرا ہی مسلمانوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیتا ہے۔ اس عبارت سے ختمِ نبوت کے اجتماعی مفہوم کی اہمیت ختم ہو جاتی ہے۔ تحذیر الناس کی عبارات ختمِ نبوت کے بارے میں تذبذب میں مبتلا کر دیتی ہیں۔ اعلیٰ حضرت امامِ اہل سنت کی شدید گرفت پر علماء دیوبند کو ان کا شکریہ ادا کرنا چاہیے، مگر اتنا زور قادیانیوں اور مرزائیوں پر صرف نہیں کیا گیا جتنا اعلیٰ حضرت امامِ اہل سنت کے خلاف استعمال کیا گیا۔” (ملخصاً)
📜 اکابر علمائے اہل سنت کی مستند شہادتیں
۱۔ شیخ القرآن علامہ غلام علی اوکاڑوی رحمۃ اللہ علیہ:
آپ ایک خط کے جواب میں تحریر فرماتے ہیں:
🔹 “رہا معاملہ جناب پیر کرم شاہ الازہری اور خواجہ قمر الدین صاحب سیالوی رحمۃ اللہ علیہ کا، تو ان ہر دو حضرات نے تمہارے ذکر کردہ سابق مؤقف سے رجوع کر لیا ہے۔”
۲۔ مولانا سید بادشاہ تبسم بخاری رحمۃ اللہ علیہ:
آپ محمد سعید مظہری (ادارہ مظہرِ اسلام لاہور) کے نام ایک خط میں لکھتے ہیں:
🔹 “علامہ مولانا غلام علی اوکاڑوی مدظلہ نے یہ بھی فرمایا تھا کہ تحذیر الناس کے موضوع پر میں نے کئی دفعہ پیر صاحب کی موجودگی میں بیان کیا اور خوب رد کیا، مگر پیر صاحب سر جھکائے سنتے رہے، بولے کچھ نہیں۔” (ملخصاً)
۳۔ علامہ ابوداؤد محمد صادق رحمۃ اللہ علیہ (سرپرست ماہنامہ رضائے مصطفیٰ):
آپ محمد سعید مظہری کے نام ایک خط کے جواب میں واضح فرماتے ہیں:
🔹 “جہاں تک پیر صاحب مرحوم کا تعلق ہے، وہ بنیادی و مجموعی طور پر مسلکِ اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ کے ہمنوا تھے۔ انہوں نے بھیرہ میں اپنے دارالعلوم میں مسلکِ اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ کے متعلق پتھر بھی لگوایا ہوا ہے۔ آپ کو یہ غلط فہمی ہوئی ہے کہ انہوں نے اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ کے فتویٰ کو درست ماننے سے انکار کر دیا۔” (ملخصاً)
📚 ماخذ و حوالہ:
زیرِ نظر نگارشات سید صابر حسین شاہ بخاری قادری کے مقالہ “اعلیٰ حضرت بریلوی علیہ الرحمۃ اور پیر محمد کرم شاہ علیہ الرحمۃ” سے ماخوذ ہیں۔ (حوالہ: ضیاء الامت نمبر، صفحہ 239-240)
✍️ ترتیب، نشر و کاوش:
مفتی ناصر جاوید سیالوی
#ضیاء_الامت #پیر_کرم_شاہ_الازہری #مولانا_حسن_علی_قادری_رضوی #تحذیر_الناس #ختم_نبوت #مسلک_اعلیٰ_حضرت #علمائے_اہل_سنت #مفتی_ناصر_جاوید_سیالوی