کتاب مواقیت الصلوۃ باب 31 حدیث نمبر 587
۵۸۷- حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ أَبَانَ قَالَ حَدَّثَنَا غُنْدَرٌ قَالَ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ، عَنْ أَبِي التَّيَّاحِ قَالَ سَمِعْت حُمْرَانَ بْنِ أَبَانٍ يُحَدِّثُ عَنْ مُعَاوِيَةَ قَالَ إِنَّكُم لَتُصَلُّونَ صَلُوةً، لَقَدْ صَحِبْنَا رَسُولَ اللهِ صَلَّى الله عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَمَا رَأَيْنَاهُ يُصَلِّيهَا، وَلَقَدْ نَهَى عَنْهُمَا يَعْنِي الرَّكْعَتَيْنِ بَعْدَ الْعَصْرِ. [طرف الحديث: 3766]
جامع المسانید لابن الجوزی: 6392، مکتبۃ الرشد ریاض: 1426ھ)
امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں محمد بن ابان نے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: ہمیں غندر نے حدیث بیان کی انہوں نے کہا: ہمیں شعبہ نے حدیث بیان کی از ابی التیاح انہوں نے کہا: میں نے حمران بن ابان سے سنا وہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے حدیث بیان کرتے ہیں انہوں نے کہا: تم یہ نماز پڑھ رہے ہو اور ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ رہے ہیں اور ہم نے آپ کو یہ نماز پڑھتے ہوئے نہیں دیکھا اور آپ نے عصر کے بعد دو رکعت نماز پڑھنے سے منع فرمایا ہے۔
حدیث مذکور کے رجال
(۱) محمد بن ابان البلخی ،ابوبکر مستملی وکیع یہ حمدویہ کے نام سے معروف ہیں یہ 244 میں فوت ہوگئے تھے بعض نے کہا: یہ محمد بن ابان اواسطی ہیں نہ کہ وہ جن کا ذکر کیا گیا ہے علامہ عینی نے کہا: ہر دو قول کے لیے مرجح ہے۔
(۲) غندر، ان کا نام محمد بن جعفر ہے
(۳) شعبہ بن الحجاج
(۴) ابوالتیاح ،ان کا نام یزید بن حمید الضبعی البصری ہے
(۵) حمران بن ابان
(۶) حضرت معاویہ بن ابی سفیان رضی اللہ عنہما ۔ (عمدۃ القاری ج ۵ ص ۱۱۹)
حضرت معاویہ کا عصر کے بعد نفل پڑھنے سے منع فرمانا اور اس پر ایک حدیث سے تعارض کا جواب
اس حدیث میں مذکور ہے: حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے کہا: تم یہ نماز پڑھتے ہو یعنی عصر کی نماز کے بعد دو رکعت نفل پھر کہا: ہم نے رسول اللہ ﷺ کو یہ نماز پڑھتے ہوئے نہیں دیکھا اس پر یہ اعتراض ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: آپ نے یہ دو رکعت نماز کبھی ترک نہیں کیں ۔ (صحیح البخاری: ۵۹۱) اور حضرت معاویہ کی حدیث اس کے معارض ہے اس کا جواب یہ ہے کہ آپ یہ دو رکعت نماز ہمیشہ گھر میں پڑھتے تھے گھر سے باہر نہیں پڑھتے تھے اس لیے حضرت معاویہ نے آپ کو یہ نماز پڑھتے ہوئے نہیں دیکھا اور اس نماز کو پڑھنا نبی ﷺ کی خصوصیت تھی اور چونکہ نبی ﷺ نے عصر کے بعد نفل پڑھنے سے منع فرمایا ہے اس لیے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے ان لوگوں کو عصر کے بعد نماز پڑھنے سے منع فرمایا۔