۳۶ – بَابُ مَنْ صَلَّى بِالنَّاسِ جَمَاعَةً بَعْدَ ذَهَابِ الْوَقْتِ

جس نے نماز کا وقت گزرنے کے بعد جماعت سے نماز پڑھائی

اس باب میں یہ بیان کیا گیا ہے کہ کسی نماز کا وقت نکلنے کے بعد اس قضاء نماز کو جماعت کے ساتھ پڑھنا جائز ہے۔

۵۹۶ – حَدَّثَنَا مُعَاذُ بْنُ فَضَالَةَ قَالَ حَدَّثَنَا هِشَامٌ عَنْ يَحْيَى، عَنْ أَبِي سَلَمَةَ، عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِاللَّهِ أَنَّ عُمَرَ بْنَ الْخَطَّابِ جَاءَ يَوْمَ الْخَنْدَقِ بَعْدَ مَا غَرَبَتِ الشَّمْسُ، فَجَعَلَ يَسُبُّ كُفَّارَ قُرَيْشٍ، قَالَ يَارَسُولَ اللَّهِ، مَا كِدْتُ أُصَلِّي الْعَصْرَ، حَتَّى كَادَتْ الشَّمْسُ تَغْرُبُ، قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَاللَّهِ مَا صَلَّيْتُهَا. فَقُمْنَا إِلَى بُطْحَانَ، فَتَوَضَّأَ لِلصَّلَاةِ وَتَوَضَّأْنَا لَهَا، فَصَلَّى الْعَصْرَ بَعْدَ مَا غَرَبَتِ الشَّمْسُ، ثُمَّ صَلَّى بَعْدَهَا الْمَغْرِبَ. [اطراف الحدیث: ۵۹۸، 641، 945، 4112]

(صحیح مسلم: ۶۳۱، رقم المسلسل: 1403، سنن ترمذی: ۱۸۰، سنن نسائی: ۱۳۶۲، صحیح ابن خزیمہ: ۹۹۵، جامع المسانید لابن الجوزی: ۱۰۳۲مکتبہ الرشد ریاض 1426ھ

امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں معاذ بن فضالہ نے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: ہمیں ہشام نے حدیث بیان کی، از یحییٰ از ابی سلمہ از حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کہ حضرت عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ غزوہ خندق کے دن غروبِ آفتاب کے بعد آئے اور کفارِ قریش کی مذمت کرنے لگے: یارسول اللہ! میں عصر کی نماز نہیں پڑھ سکا، حتیٰ کہ عنقریب سورج غروب ہو رہا ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ کی قسم! میں نے بھی عصر کی نماز نہیں پڑھی۔ پھر ہم مدینہ کی ایک وادی میں گئے، آپؐ نے نماز کا وضو کیا اور ہم نے بھی نماز کا وضو کیا، پھر سورج غروب ہونے کے بعد آپؐ نے عصر کی نماز پڑھائی، پھر اس کے بعد آپؐ نے مغرب کی نماز پڑھائی۔

حدیث مذکور کے رجال

(۱) معاذ بن فضالہ القریشی البصری

(۲) ہشام بن ابی عبد اللہ الدستوائی

(۳) یحییٰ بن ابی کثیر

(۴) ابو سلمہ بن عبد الرحمان (

۵) حضرت جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ

(۶) حضرت عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ۔ (عمدۃ القاری ج ۵ ص ۱۳۱)

اس حدیث کے باب کے عنوان کے ساتھ مطابقت اس طرح ہے کہ اس حدیث میں بیان کیا گیا ہے کہ نبی ﷺ نے غروبِ آفتاب کے بعد عصر کی نماز پڑھائی۔

خندق کا معنیٰ اور اس کی تفصیل

اس حدیث میں غزوہ خندق کے دن کا ذکر ہے۔ اس سے مراد ہے: خندق کھودنے کا دن۔ “خندق” کا لفظ “جعفر” کے وزن پر ہے، اس کا معنیٰ ہے: شہر پناہ یا شہر کی دیواروں کے گرد جو گہری کھائی کھودی ہوئی ہے۔ یہ اصل میں فارسی لفظ ہے جس کو عربی میں داخل کر لیا گیا ہے۔ (القاموس المحیط ص ۸۸۱ مؤسسۃ الرسالۃ بیروت 1424ھ) یہ غزوہ 4ھ میں برپا ہوا تھا، اس کا نام غزوہ الاحزاب بھی ہے کیونکہ اس غزوہ میں کفار کی متعدد جماعتوں نے مل کر مدینہ منورہ پر حملہ کیا تھا۔

اس حدیث میں ’بطحان‘‘ کا لفظ ہے اس کا معنی ہے: مدینہ کی وادی۔

غزوہ خندق کے دن قضاء ہونے والی نمازوں کی تعداد

اس حدیث میں مذکور ہے: نبی ﷺ نے عصر کی نماز نہیں پڑھی تھی دوسری احادیث میں چار نمازوں کا ذکر ہے:

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ غزوہ خندق کے دن مشرکین نے رسول اللہ ﷺ کو چار نمازوں کے پڑھنے سے مشغول رکھا، حتیٰ کہ جتنا اللہ نے چاہا رات کا حصہ گزر گیا، پھر آپ نے حضرت بلال رضی اللہ عنہ کو اذان دینے کا حکم دیا، سو انہوں نے اذان دی، پھر اقامت کہی، پس آپ نے ظہر کی نماز پڑھائی، پھر اقامت کہی تو آپ نے عصر کی نماز پڑھائی، پھر اقامت کہی تو آپ نے مغرب کی نماز پڑھائی، پھر اقامت کہی تو آپ نے عشاء کی نماز پڑھائی۔ (سنن ترمذی: ۱۷۹، مسند احمد ج 1 ص 25)

اس حدیث پر یہ اعتراض ہوتا ہے کہ اس حدیث میں عشاء کی نماز کو بھی قضاء نمازوں میں شمار کیا گیا ہے حالانکہ عشاء کی نماز تو رات میں پڑھی گئی تھی، اس کا جواب یہ ہے کہ چونکہ عشاء کی نماز اس کے معروف وقت میں نہیں پڑھی گئی تھی اس لیے اس کو (ظاہراً) قضاء نمازوں میں شمار کر لیا گیا۔

غزوہ خندق کے دن جو نمازیں قضاء کی گئیں اس کی وجہ یہ ہے کہ اس وقت تک صلوٰۃ خوف کا حکم نازل نہیں ہوا تھا۔ صلوٰۃ خوف میں یہ بتایا گیا تھا کہ مسلمانوں کی ایک جماعت دشمن کے سامنے مسلح کھڑی رہے اور دوسری جماعت نبی ﷺ کی اقتداء میں نماز پڑھے، پھر ایک رکعت پڑھنے کے بعد یہ جماعت دشمن کے سامنے چلی جائے اور دوسری جماعت آکر نبی ﷺ کی اقتداء میں ایک رکعت پڑھے اور بعد میں مسبوق کی طرح اپنی نماز پوری کرے پھر وہ دشمن کے سامنے چلی جائے اور پھر پہلی جماعت آکر حق کی طرح اپنی نماز پوری کرے اور چونکہ غزوہ خندق تک صلوٰۃ خوف پڑھنے کا حکم نازل نہیں ہوا تھا اس وجہ سے بعض نمازیں قضاء ہو گئیں، ورنہ نماز کو ترک کرنا کسی حال میں جائز نہیں ہے۔

غزوہ خندق کے موقع پر قضاء ہونے والی نمازوں کے متعلق مختلف احادیث میں تطبیق

علامہ بدر الدین عینی حنفی متوفی ۸۵۵ھ لکھتے ہیں:

علامہ ابن العربی نے کہا ہے کہ صحیح یہ ہے کہ غزوہ خندق کے دن مسلمانوں کی جو نماز رہ گئی تھی وہ صرف ایک نماز تھی اور وہ نماز عصر تھی، اس کی تائید اس حدیث میں ہے:

حضرت علی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے غزوہ الاحزاب کے دن فرمایا: (کفار نے) ہم کو صلوٰۃ الوسطیٰ کے پڑھنے سے مشغول کر دیا، حتیٰ کہ سورج غروب ہوگیا، اللہ ان کی قبروں کو آگ سے بھر دے یا فرمایا: ان کے گھروں کو یا ان کے پیٹوں کو آگ سے بھر دے۔

(صحیح مسلم: 627، رقم المسلسل: 1396، صحیح البخاری: ۲۹۳۱، سنن ابوداؤد: ۴۰۹، سنن ترمذی: 2984، سنن نسائی: 473، 472، مسند احمد ج ۱ ص 79)

بعض علماء نے ان احادیث میں اس طرح تطبیق دی ہے کہ غزوہ خندق کئی روز تک ہوتا رہا تھا اس لیے ہوسکتا ہے کہ کسی دن آپ کی صرف نماز عصر قضاء ہوئی ہو جیسے حضرت علی اور حضرت عمر کی روایت ہے اور ہو سکتا ہے کہ کسی دن آپ کی چار نمازیں قضاء ہوئی ہوں جیسے حضرت ابن مسعود کی روایت ہے۔

اس میں بھی اختلاف ہے کہ یہ نمازیں آپ سے نسیانا قضاء ہوئیں یا عمداً قضاء ہوئیں اور زیادہ راجح یہ ہے کہ خندق کھودنے کی مشغولیت کی وجہ سے آپ نے یہ نمازیں عمدًا ترک کی تھیں۔ اگر یہ سوال کیا جائے کہ دشمن کے خلاف جہاد کی مشغولیت کی وجہ سے کیا اب نماز کو ترک کرنا جائز ہے تو اس کا جواب یہ ہے کہ اب نماز کو اپنے وقت سے مؤخر کرنا جائز نہیں ہے کیونکہ یہ واقعہ صلوٰۃ خوف کا حکم نازل ہونے سے پہلے کا ہے یعنی اب نماز کو قضاء کرنے کے بجائے صلوٰۃ الخوف کے طریقہ پر ادا کیا جائے گا۔(عمدۃ القاری ج ۵ ص ۱۳۲ – ۱۳۳)

قضاء نمازوں کی ترتیب کا وجوب اور ان کی شرائط

ان احادیث سے یہ معلوم ہوا کہ وقتی نماز اور قضاء نماز کے درمیان ترتیب واجب ہے پہلے وقتی نماز پڑھی جائے گی پھر قضاء نماز پڑھی جائے گی، امام ابوحنیفہؒ، ان کے اصحاب، امام مالکؒ، امام احمدؒ اور اسحاقؒ کا یہی مذہب ہے اور یہی حضرت عبداللہ بن عمرؓ کا قول ہے اور طاؤسؒ نے یہ کہا ہے کہ وقتی اور قضاء نماز کے درمیان ترتیب واجب نہیں ہے، یہی امام شافعیؒ، بعض مالکیہ اور ظاہریہ کا مذہب ہے۔(عمدۃ القاری ج ۵ ص ۱۳۳، دار الکتب العلمیہ بیروت 1421ھ)

علامہ برھان الدین علی بن ابی بکر المرغینانی (المتوفی ۵۹۳ھ) لکھتے ہیں:

جس شخص کی کوئی نماز قضاء ہوجائے وہ اس کو ادا کرے اور وقتی نماز پر اس کو مقدم کرے، ہمارے نزدیک قضاء نمازوں اور وقتی نمازوں کے درمیان ترتیب واجب ہے اور امام شافعیؒ کے نزدیک یہ ترتیب مستحب ہے کیونکہ ہر فرض اپنی جگہ مستقل ہے لہذا وہ دوسرے فرض کی ادائیگی کے لیے شرط نہیں بنے گا، ہماری دلیل یہ حدیث ہے:

نافع بیان کرتے ہیں کہ حضرت ابن عمرؓ نے کہا: جب تم میں سے کوئی شخص اپنی نماز کو بھول جائے اور اس کو نماز اس وقت یاد آئے جب وہ اپنے امام کے ساتھ نماز پڑھ رہا ہو تو وہ امام کے ساتھ نماز پڑھ لے اور جب وہ اپنی نماز سے فارغ ہوجائے تو پھر وہ اس نماز کو پڑھے جس کو بھول گیا تھا، پھر اس نماز کو دہرائے جس کو امام کے ساتھ پڑھا تھا۔ یہ حدیث مرفوع بھی ہے لیکن صحیح یہ ہے کہ یہ حضرت ابن عمرؓ کا قول ہے۔ (سنن دارقطنی: 1542، ج ۲ ص ۹۹، سنن بیہقی ج ۲ ص ۲۲۱ نصب الرایہ ج ۲ ص ۱۶۲)

اور اگر اس کو وقتی نماز کے فوت ہونے کا خوف ہو تو پہلے وقتی نماز پڑھ لے پھر فوت شدہ نماز کی قضاء پڑھے کیونکہ وقت کی تنگی کی وجہ سے ترتیب ساقط ہوجاتی ہے اسی طرح بھولنے کی وجہ سے اور قضاء نمازوں کی کثرت کی وجہ سے بھی ترتیب ساقط ہوجاتی ہے اور اگر اس نے فوت شدہ نماز کو پہلے پڑھا تو یہ بھی جائز ہے کیونکہ فوت شدہ نماز کو پہلے پڑھنے کی ممانعت کسی اور وجہ سے ہے اس کے برخلاف جب وقت وسعت اور گنجائش ہو اور وہ وقتی نماز کو پہلے پڑھ لے تو یہ جائز نہیں ہے کیونکہ اس نے وقتی نماز کو اس کے وقت سے پہلے پڑھا ہے جو حدیث سے ثابت ہے اور اگر اس کی کئی نمازیں قضاء ہو گئی ہوں تو ان قضاء نمازوں کو اس ترتیب سے پڑھے جس طرح ان کی اصل میں ترتیب ہے کیونکہ غزوہ خندق کے دن جب نبی ﷺ کی چار نمازیں قضاء ہوگئیں تو آپ نے ان کو ترتیب وار ادا کیا اور حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس طرح نماز پڑھو جس طرح تم مجھے نماز پڑھتے ہوئے دیکھتے ہو۔(صحیح البخاری: ۶۳۱، سنن بیہقی ج ۱ ص ۳۸۵، سنن دارمی: ۱۲۳۳، مسند احمد ج ۳ ص 436)

سوا اس صورت کے کہ چھ سے زیادہ نمازیں فوت ہوجائیں کیونکہ فوت شدہ نمازیں جب زیادہ ہوجائیں تو ان کے درمیان ترتیب ساقط ہوجاتی ہے اور کثرت کی حد یہ ہے کہ قضاء نمازوں کی تعداد چھ ہوجائے اور چھٹی نماز کا وقت نکل جائے اسی طرح الجامع الصغیر میں مذکور ہے۔ (ھدایہ اولین ص ۱۵۵ – ۱۵۶ مکتبہ شرکت علمیہ ملتان الجامع الصغیر ص ۱۰۶، ادارۃ القرآن کراچی)

* باب مذکور کی حدیث شرح مسلم: ۱۳۲۹۔ ج ۲ ص ۲۵۳ پر مذکور ہے اس کی شرح کا عنوان ہے: کفار کو سب و شتم۔*