اہل جہالت کے نرغے میں محصور ایک مظلوم مفکر
ہائے افسوس! ہم نے مولانا احمد رضا خان کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔ غیروں سے تو شکوہ ہی کیا اپنوں نے کیا کم قیامت ڈھائی ہے۔۔۔۔
آج جب معاشرے میں لبرل ازم کے اثرات، فکری مرعوبیت اور نظریاتی انتشار کو دیکھتا ہوں تو امام احمد رضا خان علیہ الرحمہ کی تحریروں پر نگاہ پڑتی ہے اور ڈاکٹر مسعود احمد صاحب کا وہ جملہ یاد آتا ہے کہ امام احمد رضا ایک عبقری شخصیت ہیں۔
عبقری شخصیت کسی قبیلے، گروہ یا فرقے کی جاگیر نہیں ہوتی۔
اس کی فکر زمانوں سے مکالمہ کرتی ہے،
اس کی بصیرت اپنے عہد کی سرحدوں سے آگے دیکھتی ہے
اور اس کا علمی سرمایہ آنے والی نسلوں کے لیے چراغِ راہ ہوتا ہے۔
مگر افسوس! ہم نے اس چراغ سے روشنی لینے کے بجائے اسے اپنے اپنے مفادات کے لیے استعمال کرنا زیادہ آسان سمجھ لیا۔ امام احمد رضا کے دفاع میں کھڑے ہونے والے بھی معتوب ہوئے، بہت سے اہلِ فکر خاموش کر دیے گئے اور کچھ مصلحتوں کے حصار میں ایسے سمٹے کہ فکرِ رضا کا عملی پیغام کہیں پیچھے رہ گیا۔
اگر سمجھو تو ایک خیرخواہانہ مشورہ ہے: امام احمد رضا کو اپنے ذاتی، جماعتی اور گروہی مقاصد کے لیے استعمال کرنا چھوڑ دو! ان کے نام پر اپنی شناخت بنانے کے بجائے ان کے علمی کام کو پڑھو، ان کی فکر کو سمجھو اور ان کے افکار کو اپنے کردار، اپنے گھروں اور اپنے معاشرے میں جگہ دو۔
کاش! میں تمہیں سمجھا سکتا کہ لبرل ازم کے فکری چیلنجز کے مقابلے میں امام احمد رضا خان نے جو کچھ لکھا، جس علمی استدلال، دینی بصیرت اور فکری قوت کے ساتھ ان نظریات کا محاسبہ کیا، اگر اہل محبت ہی ان تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کر لیتے تو شاید سب سے پہلے ان کے اپنے گھر فکری تطہیر، نظریاتی استحکام اور اخلاقی اصلاح کی روشن مثال بن جاتے۔
لیکن ہم نے کیا کیا؟ اعلیٰ حضرت کے نام پر محفلیں سجائیں، نعرے بلند کیے، شہرتیں سمیٹیں، کاروبار چلائے، چندے جمع کیے، وابستگیاں فروخت کیں؛ مگر وہ کام نہ کیا جس کی امام احمد رضا کی فکر ہم سے متقاضی تھی۔
ہم نے نام کو زندہ رکھنے کی کوشش کی، فکر کو زندگی دینے کی نہیں؛
ہم نے عقیدت کا اظہار کیا، مگر اس عقیدت کو کردار اور عمل میں ڈھالنے کی وہ کوشش نہیں کی جس کا تقاضا تھا۔
یہ کسی ایک فرد یا جماعت پر الزام نہیں، بلکہ اپنے پورے فکری و مذہبی رویے کا محاسبہ ہے۔
اعلیٰ حضرت کا نام لینے والے بہت ہیں، مگر اعلیٰ حضرت کی فکر کو اپنے کردار میں اتارنے والے کتنے ہیں؟
شاید اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اس سوال سے فرار اختیار نہ کریں۔
اسمعیل بدایونی
26 نومبر 2026