فَاصۡفَحۡ عَنۡهُمۡ وَقُلۡ سَلٰمٌؕ فَسَوۡفَ يَعۡلَمُوۡنَ۞- سورۃ نمبر 43 الزخرف آیت نمبر 89
أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
فَاصۡفَحۡ عَنۡهُمۡ وَقُلۡ سَلٰمٌؕ فَسَوۡفَ يَعۡلَمُوۡنَ۞
ترجمہ:
آپ ان سے درگزر کیجئے اور کہیے : بس ہمارا سلام ! پس یہ عنقریب جان لیں گے ؏
تفسیر:
کافروں کو سلام کرنے کا مسئلہ
الزخرف : ٨٩ میں فرمایا : ” آپ ان سے درگزر کیجئے اور کہیے : بس ہمارا سلام ! پس یہ عنقریب جان لیں گے “
اس آیت میں کفار کی زیادتیوں کا بدلہ لینے سے منع فرمایا ہے اور ان سے درگزر کرنے کا حکم دیا ہے، لیکن مدینہ منورہ میں ہجرت کرنے کے بعد یہ حکم منسوخ ہوگیا اور کفار سے جہاد کرنے کا حکم دیا گیا۔
بعض علماء نے اس آیت سے یہ استدلال کیا ہے کہ کفار کو سلام کرنا جائز ہے لیکن صرف سلام کہا جائے یہ نہ کہا جائے کہ سلام علیکم اور مسلمانوں کو سلام کرتے وقت کہا جائے : السلام علیہم یا السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
الزخرف کا خاتمہ
الحمد للہ رب العٰلمین آج ٤ محرم ١٤٢٥ ھ ؍٢٥ فروری ٢٠٠٤ ء بروز بدھ بعد نماز ظہر، سورة الزخرف کی تفسیر مکمل ہوگئی، اس تفسیر کی ابتداء ١٨ جنوری ٢٠٠٤ ء کو ہوئی تھی، اس طرح ٣٨ دنوں میں اس سورت کی تفسیر مکمل ہوگئی، فالحمدللہ حمدا کثیر الشکر اللہ شکرا جزیلا۔
الہٰ العٰلمین ! جس طرح آپ نے محض اپنے کرم اور فضل سے یہاں تک تفسیر مکمل کرادی ہے اپنے لطف اور عنایت سے باقی تفسیر بھی مکمل کرادیں اور اس کتاب کو اپنی بارگاہ میں مقبول بنادیں اور قیامت تک اس کتاب کو فیض آفریں رکھیں، مجھے جملہ امراض سے شفا عطا فرمائیں اور مجھے ارزل عمر سے محفوظ رکھیں اور جب میرا وقت پورا ہو تو اسلام اور ایمان پر میرا خاتمہ فرمائیں۔ مجھے صحت اور عافیت کے ساتھ چلتے پھرتے اپنے پاس بلائیں، میری والد محترمہ اور میرے والد گرامی کی مغفرت فرمائیں اور ان کی قبروں کو جنت کے باغوں میں سے ایک باغ بنادیں، میرے اساتذہ مولانا محمد نواز اویسی، مولانا مفتی محمد حسین نعیمی، مولانا النبی، مولانا مختار احمد، استاذ العلماء مولانا عطاء محمد بندیالوی اور میرے مرشد گرامی علامہ سیداحمد سعید کا ظمی کی مغفرت فرمائیں، ان سب کو جنت الفردوس میں بلند مقام عطا فرمائیں۔
واخردعونا ان الحمدللہ رب العٰلمین والصلوۃ والسلام علی سیدنا محمد خاتم النبین قائد الغر المحجلین امام الانبیاء والمرسلین وعلی اصحابہ الراشدین والہ الطیبن وعلی ازواجہ الطاھرات امھات المومنین وعلی جمیع اولیاء امتہ و علماء ملتہ وسائر المسلمین
تبیان القرآن – سورۃ نمبر 43 الزخرف آیت نمبر 89