أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

وَاَمَّاۤ اِنۡ كَانَ مِنۡ اَصۡحٰبِ الۡيَمِيۡنِۙ ۞

ترجمہ:

اور اگر وہ (مرنے والا) دائیں طرف والوں میں سے ہے

مؤمنوں پر فرشتوں کے سلام کے مواضع اور مقامات

الواقعہ : 91۔ 90 میں فرمایا : اور اگر وہ (مرنے والا) دائیں طرف والوں میں سے ہے۔ تو (اے دائیں طرف والے ! ) تجھ پر سلام ہو کیونکہ تو دائیں طرف والوں سے ہے۔

سلام کا معنی یہ ہے کہ تو اللہ کے عذاب اور سزا سے سلامت رہے گا اور تو غم اور اندوہ سے سلامت رہے گا۔

اس آیت کی تفسیر میں ایک قول یہ ہے کہ اے محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ! دائیں طرف والے آپ کے لیے دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ آپ پر صلوٰۃ وسلام نازل فرمائے۔

دائیں طرف والوں پر چار مقامات میں سلام پیش کیا جائے گا :

(١) ضحاک نے کہا : جب دنیا میں ملک الموت (علیہ السلام) اس کی روح قبض کریں گے تو اس کو سلام کریں گے ‘ اس کی تصدیق اس آیت میں ہے : الذین تتوفھم الملئکۃ طیبین لا یقولون سلم علیکم۔ (النحل : ٢٣) فرشتے جن نیکوکاروں کی ان کی پاکیزہ حالت میں روح قبض کرے ہیں اور کہتے ہیں : تم پر سلام ہو۔

(٢) قیامت کے دن جب سب اٹھیں گے تو فرشتے مؤمنوں کو سلام کریں گے ‘ جیسا کہ اس آیت میں ہے : فسلم لک من اصحب الیمین۔ الواقعہ : ١٩ تو (اے دائیں طرف والے ! ) تجھ پر سلام ہو کیونکہ تو دائیں طرف والوں سے ہے۔

(٣) جنت میں دخول کے وقت فرشتے اس کو سلام کریں گے ‘ قرآن مجید میں ہے : وسیق الذین اتقواربہم الی الجنۃ زمرا حتی اذا جاء وھا وفتحت ابوابھا وقال لھم خزنتھا سلم علیکم طبتم فادخلوھا خلدین۔ (الشمر : ٣٧) جو مؤمنین اپنے رب سے ڈرتے تھے ان کو گروہ درگروہ جنت کی طرف روانہ کیا جائے گا ‘ حتیٰ کی جب وہ جنت کے پاس آجائیں گے اور اس کے دروازے کھول دئیے جائیں گے تو جنت کے محافظین ان سے کہیں گے : تم پر سلام ہو ! تم خوش رہو ‘ پس تم ہمیشہ کے لیے جنت میں داخل ہوجاؤ۔

(٤) جنت میں بھی ان پر سلام پیش کیا جائے گا ‘ قرآن مجید میں ہے : لایسمعون فیھا لغوا الاسلما ط۔ (مریم : ٢٦) وہ جنت میں کوئی لغو بات نہیں سنیں گے مگر ہر طرف سلام کی آوازسنیں گے۔

اولئک یجذون الغرفۃ بما صبروا ویلقون فیھا تحیۃ وسلم ا۔ (الفرقان : ٥٧) یہی وہ لوگ جن کو ان کے صبر کی جزاء میں جنت کے بلند بالا خانے دیئے جائیں گے اور ان کو دعا اور سلام کے کلمات پہنچائے جائیں گے۔

القرآن – سورۃ نمبر 56 الواقعة آیت نمبر 90