سَبَّحَ لِلّٰهِ مَا فِى السَّمٰوٰتِ وَمَا فِى الۡاَرۡضِۚ وَهُوَ الۡعَزِيۡزُ الۡحَكِيۡمُ سورۃ نمبر 61 الصف آیت نمبر 1
sulemansubhani نے Tuesday، 26 December 2023 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
سَبَّحَ لِلّٰهِ مَا فِى السَّمٰوٰتِ وَمَا فِى الۡاَرۡضِۚ وَهُوَ الۡعَزِيۡزُ الۡحَكِيۡمُ ۞
ترجمہ:
آسمانوں کی تمام چیزوں اور زمینوں کی تمام چیزوں نے اللہ کے لئے تسبیح کی اور وہ بہت غالب بےحد حکمت والا ہے
تفسیر:
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : آسمانوں کی تمام چیزوں اور زمینوں کی تمام چیزوں نے اللہ کے لئے تسبیح کی اور وہ بہت غالب بےحد حکمت والا ہے۔ اے ایمان والو ! تم ایس باتیں کیوں کہتے ہو جن پر تم خود عمل نہیں کرتے۔ اللہ اس پر سخت غضب ناک ہوتا ہے کہ تم ایسی بات کہو جس پر تم خود عمل نہیں کرتے۔ بیشک اللہ ان لوگوں سے محبت کرتا ہے جو اس کی راہ میں اس طرح صف بستہ قتال کرتے ہیں جیسے وہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔ (الصف : ٤-١)
اللہ تعالیٰ کی تسبیح کبھی مقنطع نہیں ہوتی
الصف : ١ میں ماضی کے صیغہ کے ساتھ فرمایا :” سبح للہ ما فی السموت وما فی الارض “ آسمانوں اور زمینوں کی تمام چیزوں نے اللہ کی تسبیح کی اور الجمعتہ : ١ میں مضارع کے صیغہ کے ساتھ فرمایا :
(الجمعہ : ١) آسمانوں کی تمام چیزیں اور زمینوں کی تمام چیزیں اللہ کی تسبیح کرتی ہیں۔
اور الاعلیٰ : ١ میں امر کے صیغہ کے ساتھ فرمایا :
سبح اسم ربک الاعلی۔ (الاعلیٰ : ١) اپنے رب اعلیٰ کی تسبیح کیجیے۔
ان مختلف صیغوں کے ساتھ تسبیح کرنے میں یہ حکمت ہے کہ اللہ تعالیٰ کی تسبیح مضای، حال اور مستقبل ہر زمانہ میں ہوتی ہے اور کبھی منقطع نہیں ہوتی۔
تبیان القرآن سورۃ نمبر 61 الصف آیت نمبر 1