۲۸- باب صوم رمضان احتسابا من الإيمان

ثواب کی نیت سے رمضان کا روزہ رکھنا امور ایمان سے ہے

اس باب کی باب سابق کے ساتھ مناسبت واضح ہے اس باب میں رمضان کے قیام کا ذکر تھا اور اس باب میں رمضان کے روزہ کا ذکر ہے ۔

۳۸- حدثنا ابن سـلام قال أخبرنا محمد بن فضيل قال حدثنا يحيى بن سعيد عن أبي سلمة ، عن ابی هريرة قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم من صام رمضان إيمانا واحتسابا غفر له ما تقدم من ذنبه۔

اس حدیث کے اطراف اور تخریج وہی ہیں، جوحدیث : 35 میں ہے

امام بخاری روایت کرتے ہیں کہ ہمیں ابن سلام نے حدیث بیان کی وہ کہتے ہیں کہ ہمیں محمد بن فضیل نے خبر دی، وہ کہتے ہیں: ہمیں یحی بن سعید نے حدیث بیان کی از ابوسلمه از ابوہریرہ کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے ایمان کے ساتھ اور ثواب کی نیت سے رمضان کا روزہ رکھا اس کے پچھلے گناہ معاف کر دیئے جائیں گے ۔

حدیث مذکور کے رجال کا تعارف

(۱) محمد بن سالم البیکندی ،ان کا تعارف ہو چکا ہے۔

(۲) محمد بن فضیل الکوفی، انہوں نے سبیعی اور الاعمش وغیرہ تابعین سے سماع کیا اور ان سے ثوری اور امام احمد نے سماع کیا، ابوزرعہ نے کہا: یہ اہل علم میں بہت صادق تھے، یہ ۱۵۳ ھ میں فوت ہو گئے تھے۔

(۳) یحیی بن سعید انصاری، مدینہ کے قاضی۔

( ۴ ) ابوسلمہ عبداللہ بن عبدالرحمان بن عوف۔

(۵) حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ ان کا تعارف ہو چکا ہے ۔

( عمدة القاری ج۱ ص 368)

رمضان کے روزوں سے پورے روزے مراد ہیں اور جو عذر کی وجہ سے روزے نہ رکھ سکے، وہ بھی ۔۔۔۔مغفرت کی بشارت میں شامل ہے

ایک سوال یہ ہے کہ جس شخص نے رمضان کا صرف ایک روزہ رکھا، کیا اس کے پچھلے گناہ معاف ہو جائیں گے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ عرف میں رمضان کے روزے رکھنے سے مراد یہ ہے کہ رمضان کے تمام روزے رکھے جائیں، دوسرا سوال یہ ہے کہ جس شخص کی نیت پورے روزے رکھنے کی ہو، لیکن وہ کسی عذر کی وجہ سے روزے نہ رکھ سکے تو کیا وہ بھی اس بشارت کا مصداق ہوگا اس کا جواب یہ ہے کہ ہاں ! جیسے کہ جب مریض بیٹھ کر نماز پڑھے تو اس کو قیام کا ثواب ملتا ہے ایک اعتراض یہ ہے کہ اس حدیث میں دو لفظ ہیں ایمان کے ساتھ اور ثواب کی نیت سے، ان دو میں سے ایک لفظ ضرور زائد ہے، کیونکہ جو مومن ہوگا وہ ثواب کی نیت سے ہی روزے رکھے گا اور جو ثواب کی نیت سے روزے رکھے گا، وہ مومن ہی ہوگا، اس کا جواب یہ ہے کہ بعض اوقات انسان مومن تو ہوتا ہے لیکن وہ ثواب کی نیت سے کام نہیں کرتا بلکہ دکھاوے کے لیے کرتا ہے، اس لیے دونوں لفظوں کی ضرورت ہے ۔