کتاب الایمان باب 25 حدیث نمبر 35
sulemansubhani نے Saturday، 13 January 2024 کو شائع کیا.
٢٥- باب قيام ليلة القدر من الإيمان
ليلة القدر کا قیام امور ایمان سے ہے
اس باب کی ابواب سابقہ کے ساتھ مناسبت یہ ہے کہ ابواب سابقہ میں یہ باب تھا کہ سلام کو پھیلانا امور ایمان سے ہے اور اس باب میں لیلۃ القدر کا ذکر ہے اورلیلۃ القدر میں فرشتے عبادت گزاروں پر ساری رات سلام پڑھتے رہتے ہیں ۔
35- حدثنا أبو اليمان قال أخبرنا شعيب قال حدثنا أبو الزناد عن الأعرج عن أبي هريرة قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم من يقم ليلة القدر إيمانا واحتسابا غفرله ما تقدم من ذنبه.اطراف الحدیث :۳۷-۳۸-۱۹۰۱۔ ۲۰۰۸ ۲۰۰۹۔ ۲۰۱۴
امام بخاری روایت کرتے ہیں کہ ہمیں ابوالیمان نے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: ہمیں شعیب نے خبر دی، انہوں نے کہا: ہمیں ابوالزناد نے حدیث بیان کی از اعرج از حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ که رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس شخص نے ایمان کے ساتھ اور ثواب کی نیت سے لیلۃ القدر میں قیام کیا، اس کے پچھلے گناہوں کی مغفرت کر دی جاتی ہے ۔( صحیح مسلم :۷۶۰)
حدیث مذکور کے رجال کا تعارف
اس حدیث کے پانچ رجال ہیں اور ان کا ذکر اسی ترتیب سے باب : ۸ میں گزر چکا ہے ۔
لیلۃالقدر کے قیام سے قیام کی کتنی مقدار مراد ہے اور اس رات کون سے گناہ معاف ہوتے ہیں
اس حدیث میں’’ احتساب ‘‘ کا لفظ ہے اس کا معنی ہے : اللہ کی رضا کی طلب کے لیے کوئی کام کرنا نہ کہ دکھاوے اور سنانے کے لیے،لیلۃ القدر کے قیام سے مراد یہ ہے کہ اس رات میں اطاعت اور عبادت کے لیے کھڑے ہونا، لیلۃ القدر میں افضل یہ ہے کہ تمام رات نماز میں قیام کیا جاۓ اور اگر رات کے کچھ حصہ میں قیام کیا تو یہ بھی کافی ہے، حتی کہ اگر اس نے رات کو صرف عشاء کے فرض پڑھ لیے، پھر بھی لیلۃ القدر کا قیام حاصل ہوجاتا ہے، اس رات کے قیام سے جو گناہ معاف ہوتے ہیں، وہ گناہ صغیرہ ہیں کیونکہ گناہ کبیرہ صرف توبہ سے معاف ہوتے ہیں یا شفاعت سے یا اللہ تعالی کے فضل محض سے، اورلیلۃ القدر کے قیام سے صرف وہ گناہ معاف ہوتے ہیں، جن کا تعلق حقوق اللہ سے ہو اور جن گناہوں کا تعلق حقوق العباد سے ہے وہ صرف بندوں کے معاف کرنے سے معاف ہوتے ہیں یہ قواعد کے مطابق تفصیل ہے، ورنہ اللہ تعالی مالک ہے جو گناہ چاہے معاف فرما دے ۔
ٹیگز:-
Allama Ghulam Rasool Saeedi , صحیح البخاری , شرح صحیح البخاری , نعمۃ الباری فی شرح صحیح البخاری , کتاب الایمان
[…] سے پہلے حدیث : ۳۵ میں گزر چکا ہے کہ لیلۃ القدر کے قیام سے بھی پچھلے گناہ […]
[…] حدیث کے اطراف اور تخریج وہی ہیں، جوحدیث : 35 میں […]