أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

وَمَا هُوَ اِلَّا ذِكۡرٌ لِّلۡعٰلَمِيۡنَ ۞

ترجمہ:

حالانکہ یہ تو صرف تمام جہانوں کے لیے نصیحت ہے ؏

تفسیر:

القلم : ٥٢ میں فرمایا : حالانکہ یہ تو صرف تمام جہانوں کے لیے نصیحت ہے۔

قرآن مجید میں مضامین میں سے اس کے اثر جنون ہونے کا ابطلال

جس قرآن کے متعلق یہ کہتے ہیں کہ یہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے جنون کی دلیل ہے، یہ تو تمام جہانوں کے لیے نصیحت ہے، اور ان کے ذہنوں میں جو اللہ تعالیٰ کی الوہیت اور اس کی توحید کے دلائل ہیں، یہ اس پر متنبہ کرتا ہے، اس میں دنیا کی صالح حیات کا اور اخروی فوز و فلاح کا دستور العمل ہے، ایک فرد ایک خاندان اور ایک ریاست کو معاشرتی برائیوں سے پاک رکھنے اور معاشرتی خوبیوں کے ساتھ مزین کرنے کے اصول اور آداب ہیں، اس میں حکمت ِ عملیہ ہے، مستقبل میں پیش آنے والے امور کی پیش گوئیاں ہیں، غیب کی خبریں ہیں، سابقہ نبیوں اور ان کی امتوں کے واقعات ہیں، اس کی عبارت کی فصاحت و بلاغت معجز ہے اور بڑے سے بڑا ادیب اس کلام کی نظیر پیش کرنے سے قاصر رہا، ایسا کلام پڑھنے والے کو یہ کفار مجنون کہتے ہیں اور اس کلام کو جنون کا اثر کیسے کہتے ہیں جب کہ یہ کلام سراسر تمام جہان کے لیے نصیحت ہے اور اس کلام کو پڑھنے والا بھی مجسم نصیحت ہے۔

سورۃ القلم کا اختتام

الحمد رب العلمین ! آج ١٥ صفر ١٤٢٦ ھ/٢٦ مارچ ٢٠٠٥ ء بہ روز ہفتہ سورة القلم کی تفسیر مکمل ہوگئی۔ ١٧ مارچ کو اس سورت کی تفسیر شروع کی تھی، اس طرح آٹھ دنوں میں اس سورت کی تفسیر مکمل ہوگئی، الہٰ العلمین ! جس طرح آپ نے اس سورت کی تفسیر مکمل کرا دی ہے، باقی سورتوں کی تفسیر بھی مکمل کرا دیں، اس تفسیر کو تاروز قیامت باقی اور اثر آفریں رکھیں، اس کو موافقین کے لیے موجب استقامت و طمانیت اور مخالفین کے لیے سبب ہدایت بنادیں۔ میری، میرے والدین، میرے ازہ، میرے اساتذہ، میرے تلامذہ، میرے احباب، اس کتاب کے ناشر، اس کے معاونین اور قارئین کی مغفرت فرمائیں اور ہم سب کو دارین کی مشکلات اور مصائب سے محفوظ اور مامون رکھیں اور دارین کی کامیابیوں، کامرانیوں اور سعادتوں کو ہمارا مقدر بنادیں۔ ( آمین)

واخر دعوانا ان الحمد للہ رب العلمین والصلوٰۃ والسلام علی سیدنا محمد خاتم النبین اکرم الاولین والاخرین شفیعنا یوم الدین وعلی آلہ و اصحابہ وازواجہ وذریاتہ واولیاء امتہ و علماء ملتہ وامتہ اجمعین۔

بسم اللہ الرحم الرحیم۔۔۔۔ نحمد و نصلی ونسلم علی ورسولہ الکریم

تبیان القرآن سورۃ نمبر 68 القلم آیت نمبر 52