انہیں نہ کیلیگرافی کا معلوم ہے اور نہ ان بے چاروں نے قرآن پڑھا ہے ان کی تعلیم و تربیت نہ ریاست نے کی نہ انہوں نے حصول علم کے لیے کہیں زانوئے تلمذ طے کیے ۔
یہ فرسٹریشن کے مارے لوگ جنہیں نہ دین ملا نہ دنیا ملی دین داری کے نام پر شارٹ کٹ مل گئے اور دنیا داری کے نام پر مکر وفریب اور دھوکے ان کے حصے میں آئے
آپ سوچیے تو سہی
کہاں کھڑی ہے امت آج
فلسطین لہو لہو ہے اور ایک مکتبہ فکر کے علماء  کی فیس بک پر پوسٹیں وا ئرل ہیں آج کی شب کی کوئی فضیلت نہیں ہے ۔۔۔۔عبادت کے لیے آج جاگنا نہیں ۔۔۔۔خدا کو یہ پسند نہیں
سب کا دھندہ چل رہا ہے بنام دین بنام وطن اور بنام جمہوریت ۔۔۔۔۔
اب تو یہ غلیظ ترین  نظام بدترین طریقے سے سڑ چکا ہے۔اس کی سڑاند ناقابل برداشت ہے۔
اندلس میں جب مسلمان پہنچے اور مسلمانوں نے وہاں کے نظام کو تبدیل کیا تو مورخین نے لکھا ہے کہ عیسائی عورتیں برقعہ پہنا کرتی تھیں تو اس پر عربی عبارت کڑھی ہوتی تھی حتی کہ عیسائی پادری جو جبے پہنتے تھے اس پر بھی عربی عبارت ہوتی تھی ۔مسلمان علماء کے جبے پر بھی عربی عبارت ہوتی تھی
اب عربی تو ریاست نے نصاب سے ختم کر دی قوم کو کوئی عربی کا صفحہ جس پر بے شک غیر شرعی عبارت ہی لکھی ہو روڈ پر پڑا مل جائے تو چوم کر مقدس اوراق کے ڈبے میں ڈال دیتی ہے اسے کیا خبر کے کیلی گرافی کیا ہے ؟اخلاقیات کیا ہے تہذیب کسے کہتے ہیں انہیں تو کچھ خبر ہی نہیں ۔
اس شریر معاشرے میں جہاں نہ لبرلز کے پاس کوئی اخلاقیات ہے نہ ملحدین کے پاس وہاں کوئی بھی لگڑبھگا آگ بھڑکا کر اسلام پر انگلی اٹھا نے کا موقع تلاش کرنے میں کیونکر دیر لگائے گا۔
اس جنونی معاشرے میں جہاں عوام کالانعام اور بے نکیل لبرلز اور ملحدین موجود ہوں،
جہاں عدالتوں پر اعتماد قاضی کی نادانی کے سبب قصہ پارینہ بن چکا ہو ۔
جہاں ڈالرز کی چکا چوند پر مائیں فروخت ہو جاتی ہوں
جہاں بنام سیاست ،خدمت پر قوم کا استیصال ہو اس معاشرے میں یہ واقعات  بعض قوتوں کے لیے توجہ ہٹاؤ نوٹس کی غیبی امداد ثابت ہوتے ہیں ۔
اللہ کریم سے دعا اللہ کریم سب کی عزتوں کو محفوظ رکھے عقل سلیم عطا فرمائے ۔ہم سب کو ہدایت عطا فرمائے ۔آمین
اسمعیل بدایونی
26فروری 2024