أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

كَلَّا وَالۡقَمَرِ ۞

ترجمہ:

ہرگز نہیں ! چاند کی قسم

تفسیر:

اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : ہرگز نہیں ! چاند کی قسم۔ اور رات کی جب وہ جانے لگے۔ اور صبح کی جب وہ روشن ہو۔ بیشک دوزخ ضرور بہت بڑی چیزوں سے ایک ہے۔ (المدثر : ٣٥۔ ٣٢)

دوزخ کے مزید صفات کا تذکرہ

المدثر : ٣٢ میں لفظ ” کلا “ ہے، یہ لفظ انکار کے لیے آتا ہے، اس سے پہلے فرمایا : یہ صرف بشر کے لیے نصیحت ہیں، یعنی دوزخ کے متعلق آیات نصیحت ہیں، اس سے اگر کوئی شخص یہ گمان کرلے کہ پھر کفار مکہ نے بھی ان آیات سے ہدایت حاصل کرلی ؟ تو اللہ تعالیٰ نے انکار فرمایا، ہرگز نہیں یعنی انہوں نے ہدایت حاصل نہیں کی، یا اس سے اس شخص پر انکار کیا جو یہ کہتا تھا کہ وہ دوزخ کے فرشتوں سے مقابلہ پر قادر ہے یا ان لوگوں پر انکار فرمایا ہے جو دوزخ کے فرشتوں کی تعداد کا مذاق اڑاتے تھے، پھر چاند کی اور رات کی اور روشن صبح کی قسم کھا کر فرمایا : بیشک دوزخ ضرور بہت بڑی چیزوں سے ایک ہے۔