*فضيلة الشيخ العلامة عبد العزيز الخطيب الحسني الشافعي حفظه الله*
✒ أبو محمد عارفين القادري

الحمد لله رب العالمين.
گذشتہ اتوار 18 مارچ 2018ء کو اس فقیر ابو محمد عارفین القادری نے فضیلۃ الشیخ عالمِ باعمل سید عبد العزیز الخطیب الحسنی الشافعی حفظہ اللہ کے دستِ مبارک سے بخاری شریف کی سندِ اجازت حاصل کی، ساتھ ہی زبانی طور پر آپ نے تمام کتبِ حدیث کی اجازت بھی عنایت فرمائی۔ فجزاه الله تعالى خير الجزاء
آپ اکثر کراچی تشریف لاتے ہیں اور اپنے علمی روحانی فیضان سے عوام و خواص سبھی کو مستفیض فرماتے ہیں، علماء و مشائخ سے آپکی محبت دیدنی ہے، عالمِ نبیل فاضلِ جلیل علامہ فرقان احمد شامی صاحب حفظہ اللہ نے یہ نیک خواہش ظاہر کی کہ حضرت کی سیرت کے حوالے سے کچھ باتیں شئیر کردی جائیں تاکہ اہلیانِ پاکستان آپکی شخصیت سے متعارف ہوں اور آپکی صحبت میں کچھ لمحے گزار کر اسے اپنی زیست کا سرمایہ بنانے کی کوشش کریں۔ اسلئے فقیر نے قلم کو جنبش دی اور حضرت کی سیرت و شخصیت کے مختلف موتیوں کو یکجا کرکے آپ کے سامنے پیش کردیاہے۔

*نام و نسب:*
آپ کا نام عبد العزیز ہے والد محترم کا نام محمد سہیل ہے، آپ کے اجداد میں شیخ محمد خطیب کی وجہ سے آپ کا خاندان آلِ خطیب کہلاتا ہے، آپ کا سلسلہ نسب اس طرح ہے:
فضيلة الشيخ الدكتور السيد الشـريف عبد العزيز بن الشيخ الشريف محمد سهيل بن الشيخ الشريف عبد الفتاح بن الشيخ الشريف محمد بن الشيخ الشريف عبد الله بن الشيخ الشريف عبد الرحيم بن الشيخ الشريف محمد الخطيب.
آپ 25 واسطوں سے حضور غوث الثقلین سید شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہ کے شہزادے ہیں۔

*ولادت، تعلیم اور اساتذہ:*
آپ کی ولادت 1956ء میں شام کے شہر دمشق میں ہوئی، ابتدائی تعلیم اپنے والدِ محترم علامۃ النسابۃ محدث شیخ محمد سہیل الخطیب الحسنی رحمۃ اللہ علیہ کے زیرِ سایہ حاصل کی۔ اسکے علاوہ شام کے کثیر علماء و مشائخ سے مختلف علوم و فنون حاصل کئے۔ جن میں سے کچھ مشہور علماء و مشائخ کے نام یہ ہیں:
العلامة الشام الشيخ بدر الدين البيباني الحسني
العلامة المحدث الشيخ محمد رفيق السباعي.
العلامة المحدث الفقيه الشيخ الشريف محمد صالح بن أحمد الخطيب الحسني.
العلامة الشيخ ياسين عرفة.
العلامة الشيخ ياسين سويد ابن العلامة الشيخ أمين سويد.
شيخ الطريقة الشاذلية وأمام أهل عصره في الأذواق والمعارف العلامة العارف بالله تعالى سيدي الشيخ عبد الرحمن الشاغوري وكان معيداً لدروسه.
العلامة المحدث الشيخ أحمد نصيب المحاميد.
شيخ الطريقة الشاذلية بوهران صهره زوج شقيقته العلامة الشيخ عبدالرحمن بن أحمد بن محمد بن يلس التلمساني.
العلامة الفقيه الشافعي الشيخ عبد الوكيل الدروبي.
العلامة الفقيه الحنفي الشيخ أديب محمد ديب الكلاس.
شيخ الميدان العلامة الأديب الشيخ صادق حبنكة الميداني.
شيخ الطريقة الرفاعية العلامة العارف بالله سيدي الشيخ عبد الحكيم عبد الباسط.
شيخ الطريقة القادرية بمكة المكرمة العلامة الشيخ وهاج الصديقي.
العلامة المؤرخ الأستاذ رياض المالح۔

*اجازات و خلافت:*
آپ کو قرات و علومِ قرآن، حدیث شریف، فقہ،تصوف و سلوک سمیت متعدد علوم شرعیہ میں اجازات حاصل ہیں جس کا تفصیلی ذکر ڈاکٹر محمد صالح الخطيب حفظہ اللہ نے اپنی تحریر میں کیا ہے جس میں پاکستان کے مشہور و معروف عالمِ دین علامہ سید شاہ تراب الحق قادری رحمۃ اللہ علیہ کا نام بھی شامل ہے۔
اہلِ سلوک کے نزدیک آپ کی فضیلت کے لئے اتنی ہی بات کافی ہے کہ آپ عارفِ باللہ ،ابدالِ شام کے چمکتے بدل، طریقہ شاذلیہ کے شیخ، علامہ مقریء فقیہ ادیب شکری اللحفی رحمۃ اللہ علیہ کے جانشین و خلیفہ ہیں، آپ نے اپنی وفات سے پہلے جمعہ کے دن مجمع عام میں شیخ عبد العزیز الخطیب حفظہ اللہ کو اپنا جانشین مقرر فرمایا اور اسے رسول اللہ ﷺ کے حکم کی تعمیل ظاہر کی، آپ نے خود فرمایا کہ مجھے رسول اللہ ﷺ نے ایسا کرنے کا حکم دیا اور فرمایا:
حبيبي وحبيبك عبد العزيز الخطيب اجعله خليفة لك
عبد العزیز الخطیب میرا اور تمہارا محبوب ہے ، میں نے اسے تمہارا خلیفہ منتخب کیا ہے۔

*دینی عہدہ اور مناصب:*
آپ دمشق کی مسجد جامع درویشیہ کےموجودہ خطیب ہیں، اس سے قبل دمشق کی مسجد جامع جراح بالمہاجرین میں خطابت اور کویت کی مسجد الصباحیۃ میں امامت و خطابت کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔
آپ دمشق کے انسٹیٹیوٹ “معهد التهذيب والتعليم الشرعي” کے پرنسپل ہیں جس کی بنیاد علامہ محدث شیخ محمد ہاشم بن محمد رشید الخطیب الحسنی رحمۃ اللہ علیہ نے رکھی تھی۔

*دروس و خطبات:*
آپکے دروس و خطبات  کا سلسلہ 1981ء سے جاری ہے، دمشق کی مختلف مساجد میں آپ کے باقاعدہ خطابات ہوتے رہے ہیں مثلا مسجد جراح جہاں آپ کے والدِ محترم تشریف فرماہوتے تھے، اسکے علاوہ جامع تنکز، جامع قلبقجیۃ، جامع نوریہ سمیت جامع درویشیہ جس کے آپ موجودہ خطیب بھی ہیں دروس و خطبات سے مسلمانانِ دمشق کو مستفیض فرماتے ہیں۔ یہ سلسلہ یہیں نہیں رکتا بلکہ مختلف ممالک مثلا بلادِ عربیہ، جزائر، ملائیشیا، سنگاپور، پاکستان، ترکی اور امریکا  میں حضرت وعظ و ارشاد کے لئے تشریف لے جاتے ہیں۔ یوٹیوب اور مختلف ویب سائٹس پر آپ کے دروس موجود ہیں جہاں سے بآسانی استفادہ  کیا جاسکتا ہے۔

*تصنیف و تالیف:*
آپ کی خدماتِ دینیہ صرف دروس و خطبات تک ہی محدود نہیں بلکہ تصنیف و تالیف کا شعبہ بھی آپ کی خدمات سے معمور ہے۔
کم و بیش 84 کتب و رسائل آپ کے قلم  سے نکل کر قرطاس کی زینت بن چکے ہیں جو عموما چھ قسم کے موضوعات پر مشتمل ہیں۔
(1) عقیدہ (2) فقہ (3) حدیث (4) تصوف (5) خطباتِ منبر یہ(6) اسلامی شخصیات
آپ کی تصانیف و تالیفات کے کچھ نام درج ذیل ہیں:
* الأجوبة الجلية عن المسائل الإعتقادية
* الأجوبة العلمية عن المسائل الفقهية
* أحكام الصيام على المذاهب الأربعة
* الأدلة المؤتلفة في مبيت مزدلفة
* تحرير المسالك إلى عمدة المسالك في الفقه الشافعي
* زاد المسلم من أذكار الكتاب والسنة
* نفحات منبرية في القضايا الإيمانية (أربعة أجزاء)
* أعلام الشخصيات الإسلامية (ثلاثة مجلدات)
* النور السافر في مناقب أهل البيت الأكابر

کراچی میں حضرت کی تشریف آوری سے لیکر محافل و مشاغل اور دن رات کی تمام تر مصروفیات میں خلیفہ تاج الشریعہ حضرت علامہ عامر اخلاق شامی صاحب حفظہ اللہ قدم بقدم ساتھ رہتے ہیں اور تمام انتظامات خود دیکھتے ہیں۔ اللہ تعالی آپ کو اور آپکی ٹیم کو دارین کی بھلائیاں نصیب کرے  اور ہم سب کو فضیلۃ الشیخ عبد العزیز الخطیب الحسنی حفظہ اللہ کی ذاتِ والا سے برکات و فیضان کا کثیر حصہ مرحمت فرمائے۔ آمین بجاہ النبی الکریم ﷺ