۱۰۲- حدثنا محمد بن بشار، قال حدثنا غندر قال حدثنا شعبة عن عبد الرحمن بن الأصبهاني عن ذكوان ، عن أبي سعيد الخدري عن النبي صلى الله عليه وسلم بهذا.

 امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں محمد بن بشار نے حدیث بیان کی انہوں نے کہا: ہمیں غندر نے حدیث بیان کی انہوں نے کہا: ہمیں شعبہ نے حدیث بیان کی از عبدالرحمان ابن الاصبھانی از ذکوان از حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ تعالی عنہ از نبی صلی اللہ علیہ وسلم  یہی حدیث ۔

وعن عبدالرحمن بن الأصبهاني قال سمعت ابـا حـازم ، عن أبي هريرة قال ثلاثة لم يبلغوا الحنث [ طرف الحدیث :۱۲۵۰]

اور از عبدالرحمان بن الاصبہانی ، انہوں نے کہا: میں نے ابوحازم سے سنا از حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کہ انہوں نے کہا: تین ایسے بچے جو بلوغت کو نہ پہنچے ہوں ۔

حدیث مذکور کی روایت کرنے کے مقاصد

اس حدیث کو روایت کرنے سے امام بخاری کے دو مقصد ہیں: ایک مقصد ہے ابن الاصبھانی کا نام ذکر کرنا پہلی روایت میں انہوں نے اس کو مبہم ذکر کیا تھا کیونکہ انہوں نے اپنے شیخ سے اس کا نام اسی طرح سنا تھا اور یہ ان کی غایت احتیاط ہے کہ جس طرح اپنے شیخ سے کسی راوی کا نام سنا اس کو اسی طرح ذکر کردیا دوسرا مقصد اس پر متنبہ کرنا ہے کہ یہ حدیث حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے بھی مروی ہے اور اس میں یہ اضافہ ہے کہ وہ تین بچے بلوغت کی عمر کو نہ پہنچے ہوں ۔

اس حدیث میں’’ حنث ‘‘ کا لفظ ہے، اس کا معنی ہے : گناہ یعنی وہ بچے ابھی گناہ کرنے کی عمر کو نہ پہنچے ہوں یعنی نابالغ ہوں ۔

حدیث مذکور کے رجال کا تعارف

اس حدیث کے رجال میں سے ابوحازم کے علاوہ سب کا پہلے تعارف ہوچکا ہے ابوحازم کا نام ہے: سلمان الاشجعی الکوفی  یہ عمر بن عبدالعزیز کی خلافت میں فوت ہوگئے تھے، یحیی بن معین نے کہا: یہ ثقہ ہیں بہت بڑی جماعت ان سے روایت کرتی ہے۔(عمدة القاری ج ۲ ص ۲۰۴)