أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

يُّدۡخِلُ مَنۡ يَّشَآءُ فِىۡ رَحۡمَتِهٖ‌ؕ وَالظّٰلِمِيۡنَ اَعَدَّ لَهُمۡ عَذَابًا اَلِيۡمًا ۞

ترجمہ:

وہ جس کو چاہتا ہے اپنی رحمت میں داخل فرماتا ہے، اور ظالموں کے لیے اس نے درد ناک عذاب تیار کر رکھا ہے  ؏

الدھر : ٣١ میں فرمایا : وہ جس کو چاہتا ہے اپنی رحمت میں داخل فرماتا ہے اور ظالموں کے لیے اس نے درد ناک عذاب تیار کر رکھا ہے۔

جنت میں دخول کا ظاہری اور حقیقی سبب

اس آیت میں رحمت سے مراد ایمان سے یا جنت ہے، سو اس آیت کا معنی ہے، وہ جس کو چاہتا ہے ایمان میں داخل فرماتا ہے، یعنی ازل میں جس کے متعلق اللہ تعالیٰ کو علم تھا کہ وہ اپنے اختیار سے ایمان لائے گا اس کو ایمان میں داخل فرمائے گا، یا رحمت سے مراد جنت ہے، سو اس کا معنی ہے : جنت میں داخل ہونا اللہ تعالیٰ کی مشیت سے، اور اس کے فضل اور احسان سے ہے، بندے کے نیک اعمال کے سب سے اور اس کے استحقاق کی وجہ سے نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ کا فضل جنت میں دخول کا سبب حقیقی ہے اور جن آیات میں جنت کا دخول اعمال کے سبب سے فرمایا ہے، اس سیمراد سبب ظاہری اور سبب صوری ہے۔

اور فرمایا ہے : اور ظالموں کے لیے اس نے درد ناک عذاب تیار کر رکھا ہے، اس کا معنی یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہر قسم کے لوگوں کے لیے فیصلہ فرما دیا ہے، نیکو کاروں کے لیے جنت میں دخول مقدر کردیا ہے اور کفار اور فجار کے لیے دوزخ تیار کردی ہے۔

سورۃ الدھر کی تفسیر کا اختتام

الحمد رب العلمین ! آج ٨ ربیع الثانی ١٤٢٦ ھ/١٦ جولائی ٢٠٠٥ ء بروز ہفتہ بعد از نماز ظہر سورة الدھر کی تفسیر مکمل ہوگئی، ٧٢ جون کو اس سورت کی تفسیر شروع کی تھی، اس طرح انیس دن میں اس سورت کی تفسیر مکمل ہوگئی۔ اے میرے رب ! جس طرح آپ نے یہاں تک تفسیر مکمل کرا دی ہے، باقی سورتوں کی تفسیر بھی مکمل کرا دیں اور شرح صحیح مسلم اور تفسیر تبیان القرآن کو قیامت تک باقی اور فیض آفریں رکھیں اور میری اور میرے والدین کی اور تمام قارئین کی مغفرت فرمائیں۔

آج آٹھ ربیع الثانی ہے، آج ہی کی تاریخ کو دو سال پہلے میری والدہ محترمہ کی وفات ہوئی تھی، آج ان کی دوسری برسی ہے، قارئین کرام سے درخواست ہے کہ وہ ایک مرتبہ سورة فاتحہ اور تین مرتبہ سورة اخلاص پڑھ کر اس کا ثواب میری امی کو پہنچا دیں۔

واٰخر دعوانا ان الحمد للہ رب العلمین والصلوٰۃ والسلام علی سیدنا محمد سید المرسلین خاتم النبین شفیع المذنبین و علیٰ آلہ و اصحابہ وازواجہ وذریتہ وامتہ اجمعین۔

القرآن – سورۃ نمبر 76 الانسان آیت نمبر 31