۱۹ – بَابُ مَنْ كَرِهَ أَنْ يُقَالَ  لِلْمَغْرِبِ الْعِشَاءُ

  جس کے نزدیک مغرب کو عشاء کہنا مکروہ ہے

اس باب میں یہ بیان کیا گیا ہے کہ مغرب کے وقت کو عشاء کہنا مکروہ ہے اور صحیح یہ ہے کہ مغرب کے وقت کو مغرب ہی کہا جائے اور کراہت کی وجہ یہ ہے کہ اگر مغرب کے وقت کو عشاء کہا جائے گا تو عشاء کی نماز کا وقت مغرب کے وقت سے ملتبس ہوجائے گا۔

۵۶۳ – حَدَّثَنَا أَبُو مَعْمَرٍ هُوَ عَبْدُاللَّهِ بْنُ عَمْرٍو  قَالَ حَدَّثَنَا عَبْدُ الْوَارِثِ عَنِ الْحُسَيْنِ قَالَ حَدَّثَنَا عَبْدُاللَّهِ بْنُ بُرَيْدَةَ قَالَ حَدَّثَنِي عَبْدُاللَّهِ الْمُزَنِيُّ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ لَا تَغْلِبَنَّكُم الْأَعْرَابُ عَلَى اسْمِ صَلَاتِكُمْ الْمَغْرِبِ. قَالَ وَتَقُول الْأَعْرَابُ هِيَ الْعِشَاءُ.

سنن بیہقی ج 1 ص ۳۷۲ صحیح ابن خزیمہ:341، مسند احمد ج ۵ ص 55، طبع قدیم، مسند احمد: 20553 ج 34 ص ۱۷۲)

امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں ابومعمر نے حدیث بیان کی وہ عبداللہ بن عمرو ہیں انہوں نے کہا: ہمیں عبد الوارث نے حدیث بیان کی از حسین انہوں نے کہا: ہمیں عبد اللہ بن بریدہ نے حدیث بیان کی انہوں نے کہا: مجھے عبد اللہ المزنی نے حدیث بیان کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: دیہاتی تمہاری مغرب کی نماز کے نام کے بارے میں تم پر غالب نہ ہوجائیں دیہاتی مغرب کو عشاء کہتے ہیں۔

اس حدیث کے باب کے عنوان کے ساتھ مطابقت واضح ہے کیونکہ نبی ﷺ نے مغرب کو عشاء کہنے سے منع فرمایا ہے۔