۵۶۷ – حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْعَلَاءِ قَالَ أَخْبَرَنَا أَبُو أُسَامَةَ، عَنْ بُرَيْدٍ، عَنْ أَبِي بُرْدَةَ، عَنْ أَبِي مُوسَى قَالَ: كُنْتُ أَنَا وَأَصْحَابِي الَّذِينَ قَدِمُوا مَعِي فِي السَّفِينَةِ نُزُولًا فی بَقِيعِ بُطْحَانَ، وَالنَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِالْمَدِينَةِ، فَكَانَ يَتَنَاوَبُ كُلَّ لَيْلَةٍ نَفَرٌ مِنْهُ منھم،  فَوَافَقْنَا النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَنَا وَأَصْحَابِي وَلَهُ بَعْضُ الشُّغْلِ فِي بَعْضِ أَمْرِهِ، فَأَعْتَمَ بِالصَّلَاةِ حَتَّى ابْهَارَّ اللَّيْلُ، ثُمَّ خَرَجَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَصَلَّى بِهِمْ، فَلَمَّا قَضَى صَلَوْتَهُ قَالَ لِمَنْ حَضَرَهُ عَلَى رِسْلِكُمْ، أَبْشِرُوا إِنَّ مِنْ نِعْمَةِ اللَّهِ عَلَيْكُمْ أَنَّهُ لَيْسَ أَحَدٌ مِنَ النَّاسِ يُصَلِّي هَذِهِ السَّاعَةَ غَيْرَكُمْ. أَوْ قَالَ: مَا صَلَّى هَذِهِ السَّاعَةَ أَحَدٌ غَيْرَكُمْ، لَا نَدْرِي أَيُّ الْكَلِمَتَيْنِ قَالَ، قَالَ أَبُو مُوسَى: فَرَجَعْنَا، فَفَرِحْنَا بِمَا سَمِعْنَا مِنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ.

امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں محمد بن العلاء نے حدیث بیان کی انہوں نے کہا: ہمیں ابواسامہ نے خبر دی از برید از ابی بردہ از حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ وہ بیان کرتے ہیں کہ میں اور میرے وہ اصحاب جو میرے ساتھ کشتی میں آئے، بطحان کے کھلے میدان میں اترے اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ میں تھے پس ہر رات ان میں سے ایک جماعت باری باری عشاء کی نماز میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس حاضر ہوتی تھی پس ایک دن ہمیں اتفاق ہوا میں اور میرے اصحاب نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس گئے اور آپ گھر میں کسی کام میں مشغول تھے آپ نے نماز میں تاخیر کردی حتیٰ کہ آدھی رات ہوگئی پھر نبی صلی اللہ علیہ وسلم باہر نکلے پس آپ نے ان کو نماز پڑھائی پس جب آپ نے نماز پڑھا دی تو آپ نے حاضرین سے فرمایا: ٹھہرو! خوش خبری سنو! اللہ تعالیٰ کی نعمتوں میں سے تم پر ایک نعمت یہ ہے کہ اس وقت میں تمہارے سوا اور کوئی شخص نماز نہیں پڑھ رہا یا فرمایا: اس وقت تمہارے سوا اور کسی نے نہیں پڑھی، ہمیں یاد نہیں کہ آپ نے ان میں سے کون سی بات فرمائی حضرت ابوموسیٰ نے کہا: ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ بات سن کر خوشی خوشی واپس گئے۔

(صحیح مسلم: 641، الرقم المسلسل: 1424، جامع المسانید لابن الجوزی: ۳۹۱۰، مکتبۃ الرشد ریاض 1426ھ)

نصف شب تک نماز کو مؤخر کرنے کی توجیہ

علامہ ابوالحسن علی بن خلف ابن بطال مالکی متوفی ۴۴۹ھ لکھتے ہیں:

اس حدیث میں یہ دلیل ہے کہ جب لوگوں میں اتنی طاقت ہو کہ وہ عشاء کی نماز کے انتظار میں بیٹھے رہیں تو پھر عشاء کی نماز میں آدھی رات تک تاخیر کرنا مباح ہے تاکہ انہیں نماز کا انتظار کرنے کی فضیلت حاصل ہو، کیونکہ جو شخص نماز کا منتظر ہوتا ہے اس کا نماز میں ہی شمار ہوتا ہے، لیکن اتنی تاخیر کرنا آج کل ہمارے اماموں کے لیے مناسب نہیں ہے، کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے اماموں کو یہ حکم دیا ہے کہ وہ تخفیف کے ساتھ نماز پڑھائیں اور آپ نے فرمایا: نمازوں میں کم زور، بیمار اور ضرورت مند بھی ہوتے ہیں (صحیح البخاری: 702) اور اماموں کا لمبی نمازیں پڑھانے کو ترک کرنا افضل ہے، اسی طرح نمازیوں کے انتظار کرانے کو بھی ترک کرنا افضل ہے۔

مجالد نے از عامر از حضرت جابر رضی اللہ عنہ روایت کی ہے کہ ایک رات نبی ﷺ نے عشاء کی نماز میں تاخیر کر دی حتی کہ کافی رات گزر گئی اور بعض لوگ مسجد میں سوگئے، پھر نبی ﷺ باہر نکلے پس آپ نے فرمایا: اگر کم زوری کی کم زوری اور بچوں کا رونا نہ ہوتا تو میں عشاء کی نماز میں رات کے اندھیرے تک تاخیر کردیتا۔

اس رات نبی ﷺ نے جو آدھی رات تک عشاء پڑھانے کے لیے تاخیر کردی تھی اس کی وجہ یہ تھی کہ آپ کو گھر میں کوئی کام تھا ورنہ اتنی رات تک تاخیر کرنا آپ کی عادت اور آپ کا معمول نہ تھا۔

از الاعمش از ابی سفیان از حضرت جابر رضی اللہ عنہ روایت ہے کہ ایک رات رسول اللہ ﷺ لشکر تیار کر رہے تھے کہ آدھی رات یا تہائی رات گزرگئی، پھر رسول اللہ ﷺ ہماری طرف نکلے پس فرمایا: لوگ نماز پڑھ کر سوگئے اور تم نماز کا انتظار کر رہے ہو اور تمہارا اس وقت تک نماز میں شمار ہوتا ہے جب تک تم نماز کا انتظار کرتے رہے۔ (شرح ابن بطال ج ۲ ص ۲۵۲ دار الکتب العلمیہ 1424ھ)

* باب مذکور کی حدیث،  شرح صحیح مسلم: ۱۳۵۰۔ ج ۲ ص ۲۶۲ پر مذکور ہے وہاں اس کی شرح نہیں کی گئی۔*