3۔ باب ما جاء ان مفتاح الصلوة الطهور

 طہارت نماز کی کنجی ہے

 3۔ حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ، وَهَنَّادٌ، وَمَحْمُودُ بْنُ غَيْلَانَ، قَالُوا:حَدَّثَنَا وَكِيعٌ، عَنْ سُفْيَانَ، وَحَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ ، حَدَّثَنَا عَبْدُالرَّحْمَنِ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ، عَنْ عَبْدِ اللهِ بْنِ مُحَمَّدِ بْنِ عَقِيلٍ، عَنْ مُحَمَّدِ ابْنِ الْحَنَفِيَّةِ، عَنْ عَلِيٍّ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ ((مِفْتَاحُ الصَّلَاةِ الطُّهُورُ، وَتَحْرِيمُهَا التَّكْبِيرُ، وَتَحْلِيلُهَا التَّسْلِيمُ)) قَالَ أَبُوعِيسَى : هَذَا الْحَدِيثُ أَصَحُّ شَيْءٍ فِي هَذَا الْبَابِ وَأَحْسَنُ۔ وَعَبْدُاللهِ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ عَقِيلٍ هُوَ صَدُوقٌ، وَقَدْ تَكَلَّمَ فِيهِ بَعْضُ أَهْلِ الْعِلْمِ مِنْ قِبَلِ حِفْظِهِ وَسَمِعْتُ مُحَمَّدَ بْنَ إِسْمَاعِيلَ، يَقُولُ: كَانَ أَحْمَدُ بْنُ حَنْبَلٍ، وَإِسْحَاقُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ، وَالْحُمَيْدِيُّ يَحْتَجُّونَ بِحَدِيثِ عَبْدِاللهِ بْنِ مُحَمَّدِ بْنِ عَقِيلٍ، قَالَ مُحَمَّدٌ: وَهُوَ مُقَارِبُ الْحَدِيثِ۔ وَفِي الْبَابِ عَنْ جَابِرٍ، وَأَبِي سَعِيدٍ۔

 3۔ حضرت سیدنا علی المرتضی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم فرماتے ہیں: ’’طہارت نماز کی چابی ہے اور نماز کی تحریم (منافیِ نماز امور کو حرام کرنے والی چیز) تکبیر ہے اور نماز کی تحلیل (مذکورہ امور کو حلال کرنے والا عمل) سلام پھیرنا ہے۔‘‘ امام ابوعیسیٰ ترمذی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا: اس باب میں یہ حدیث اصح اور احسن ہے۔ عبداللہ بن محمد بن عقیل صدوق ہیں ، اور بعض اہل علم نے ان پر حفظ کی جہت سے کلام کیا ہے۔ میں نے محمد بن اسماعیل بخاری کو فرماتے سنا ہے کہ امام احمد بن حنبل، اسحاق بن ابراہیم اور حمیدی، عبداللہ بن محمد بن عقیل کی حدیث سے دلیل پکڑتے تھے ، امام محمد (بن اسماعیل بخاری) فرماتے ہیں کہ عبداللہ مقارب الحديث ہیں۔ اور اس باب میں حضرت عبداللہ بن جابر اور حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے بھی احادیث مروی ہیں۔‘‘

 4- حَدَّثَنَا أَبُوبَكْرٍ مُحَمَّدُ بْنُ زُنْجُوَيْهِ الْبَغْدَادِيُّ وَغَيْرُ وَاحِدٍ قَالُوا: حَدَّثَنَا الْحُسَيْنُ بْنُ مُحَمَّدٍ قَالَ: حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ قَرْمٍ، عَنْ أَبِي يَحْيَى الْقَتَّاتِ، عَنْ مُجَاهِدٍ، عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِاللهِ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ :مِفْتَاحُ الْجَنَّةِ الصَّلَاةُ، وَمِفْتَاحُ الصَّلَاةِ الْوُضُوءُ

 4- حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے آپ کہتے ہیں کہ نبی محتشم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: نماز جنت کی چابی ہے اور وضو نماز کی چابی ہے۔

 تخریج حدیث (3) :

(1)سنن ابوداود،کتاب الطهارة،باب فرض الوضو، 16/1،رقم 61،المكتبة العصرية ، صيدا،بيروت()ايضاً،كتاب الصلوة، باب الامام يحدث بعد ما يرفع…، 167/1،رقم 618،()سنن ابن ماجه ،كتاب الطهارة وسننها،باب مفتاح الصلوة الطهور، 101/1،رقم 275،دار احياء الكتب العربية،فيصل،عيسى البابي الحلبي

 ”طهور“کو”مفتاح“ قرار دینے کی وجہ:

 امام جلال الدین سیوطی رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں: 

ابن عربی فرماتے ہیں: یہ اس چیز سے مجاز ہے جو نماز کے تالے کو کھولتی ہے وہ اس طرح کہ حدث نماز سے مانع ہے تو وہ اس تالے کی طرح ہے جو محدث پر لگا ہوا ہے یہاں تک کہ جب محدث وضو کرے گا تو یہ تالا کھل جائے گا، یہ ایک بعید استعارہ ہے جس کی معرفت پر صاحبِ نبوت ہی قادر ہوسکتا ہے، اسی طرح حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمان بھی ہے کہ نماز جنت کی کنجی ہے کیونکہ جنت کے دروازے بند ہیں جن کو نیکیاں کھولتی ہیں اور نماز بھی نیکیوں کا ایک رکن ہے۔ (قوت المغتذی علی جامع الترمذی،ج1،ص36،جامعه ام القرى، مكة المكرمة)

علامہ بدرالدین عینی فرماتے ہیں: 

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے استعارہ بالکنایہ کے طریقہ پر نماز کو مقفل خزانے سے تشبیہ دی ہے اور استعارہ بالکنایہ اس استعارہ کو کہتے ہیں جس میں (ارکانِ تشبیہ میں سے) سوائے مشبہ کے کچھ ذکر نہیں کیا جاتا، اور پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے استعارہ ترشیحیہ کے طور پر نماز کے لئے چابی کو ثابت فرمایا ہے اور استعارہ ترشیحیہ اس استعارہ کو کہتے ہیں جس میں مستعار منہ کے مناسب کو مستعار لہ کے ساتھ ذکر کیا جائے۔  (شرح سنن ابی داود للعینی،کتاب الطهارة،باب فرض الوضو، 1/182،مكتبة الرشد،الرياض)

 ”تکبیر“کو”تحریم“اور”سلام“کو”تحلیل“کہنے کی وجہ:

تکبیر کہتے ہی نمازی پر منافیِ نماز کام حرام ہوجاتے ہیں اس لئے اسے تحریم کہتے ہیں اور سلام پھیرتے ہی وہ کام پھر سے حلال ہوجاتے ہیں اس لئے سلام کو تحلیل کہتے ہیں۔ علامہ سیوطی فرماتے ہیں: نماز چونکہ بہت سے کاموں کو حرام کردیتی ہے اس لئے اس کے اول عمل یعنی تکبیر کو تحریم کہا گیا ہے اور تکبیر کہنے سے جو خارجِ نماز افعال و کلام نمازی پر حرام ہوئے تھے وہ سلام پھیرنے سے حلال ہوجاتے ہیں (اس لئے سلام کو تحلیل کہا گیا ہے۔) (قوت المغتذی علی جامع الترمذی، ج1، ص37، جامعه ام القرى، مكة المكرمة)

تکبیرِ تحریمہ کی فرضیت پر اتفاق اور اس کے رکن یا شرط ہونے میں اختلاف ہے اور یہ ابحاث ان شاء اللہ عزوجل اسی باب میں مذکور ہوں گی اس لئے مناسب معلوم ہوتا ہے کہ پہلے مختصر طور پر رکن ، شرط اور فرض کی وضاحت کردی جائے تا کہ کسی طرح کا اشتباہ نہ ہو۔

  رکن، شرط اور فرض کی تعریف اور لفظ”فرض“ کا اطلاق:

علامہ علاؤ الدین حصکفی فرماتے ہیں: کسی شے کا رکن اس امرِ لازم کو کہتے ہیں جو اس شے کی ماہیت وحقیقت میں داخل ہو اور شرط اس کی ماہیت سے خارج ہوتی ہے جبکہ لفظِ فرض ان دونوں کو شامل ہے اور فرض اس امر کو کہتے ہیں جس کا لزوم قطعی ہو حتی کہ اس کے منکر کی تکفیر کی جائے جیسے اصل مسحِ راس اور کبھی فرض کا اطلاق فرضِ عملی پر بھی کیا جاتا ہے اور فرضِ عملی اس امر کو کہتے ہیں جس کے فوت ہونے سے صحتِ عمل فوت ہوجائے جیسے فرائض میں اجتہادی مقداریں پس اس کے منکر کی تکفیر نہیں کی جائے گی۔ (درمختار مع رد المحتار، کتاب الطهارة، ارکان الوضو، 1/94، دار الفكر)

 علامہ زین الدین ابن نجیم حنفی فرماتے ہیں: اصطلاحِ شرع میں فرض اس امر کو کہتے ہیں جس کا کرنا دلیلِ قطعی سے لازم ہو عام ازیں کہ وہ شرط ہو یا رکن۔ (بحر الرائق، کتاب الصلاة، باب صفة الصلاة، 1/306، دار الکتاب الاسلامی)

 علامہ عینی نے البنایہ اور علامہ شیخی زادہ نے مجمع الانہر میں بھی یونہی ذکر کیا ہے کہ ”لفظِ فرض شرط اور رکن دونوں کو شامل ہے اور فرض کا اطلاق ان دونوں پر کیا جاتا ہے۔“ (البناية شرح الهداية،كتاب الصلاة، باب فرائض الصلاة، تکبیرۃ الاحرام، 2/155،دار الکتب العلمية، بیروت)   (مجمع الانهر شرح ملتقى الابحر،كتاب الصلاة، باب صفة الصلاة، 1/87،دار احياء التراث العربي، بيروت)

 تکبیر تحریمہ کی فرضیت:

تکبیر تحریمہ کی فرضیت پر ائمہ اعلام کا اتفاق ہے اور اس بارے میں سوائے ابوبکر اصم اور اسماعیل بن علیہ کے کسی کو اختلاف نہیں، علامہ بدر الدین عینی لکھتے ہیں: جان لو کہ تکبیر تحریمہ کی فرضیت قرآن و سنت اور اجماع سے ثابت ہے قرآن کریم میں ہے {وَ ذَكَرَ اسْمَ رَبِّهِ فَصَلَّى} اور اپنے رب کا نام لے کر نماز پڑھ۔ [پ۳۰، سورة الاعلى، آیت ۱۵] یہ آیت تکبیر تحریمہ کے بارے نازل ہوئی ہے اور اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا {وَ رَبَّكَ فَكَبِّرْ} ’اور اپنے رب کی ہی بڑائی بولو۔ [پ ۲۹، سورة المدثر، آیت ۳] اس آیت میں بھی نماز کی تکبیر مراد ہے کیونکہ ائمہ تفسیر کے مطابق نماز کے علاوہ کوئی تکبیر واجب (فرض) نہیں۔ اور سنت سے اس کا ثبوت یہ ہے کہ حضرت ابوہریرہ و ابو سعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ((مِفْتَاحُ الصَّلَاةِ الطُّهُورُ، وَتَحْرِيمُهَا التَّكْبِيرُ، وَتَحْلِيلُهَا التَّسْلِيمُ)) ’طہارت نماز کی چابی ہے اور نماز کی تحریم تکبیر ہے اور نماز کی تحلیل سلام پھیرنا ہے۔‘ اس حدیث کو امام ترمذی وابن ماجہ نے روایت کیا ہے۔ اور اجماع سے یوں کہ اس کے واجب و ضروری ہونے میں کسی نے بھی اختلاف نہیں کیا، شیخ الاسلام کی مبسوط میں یوں ہی درج ہے، میں (محمود بن احمد عینی) کہتا ہوں: مبسوط سرخسی میں لکھا ہے کہ نماز شروع کرنے کے لئے تکبیر کہنا لازم ہے لیکن ابوبکر اصم اور اسماعیل بن علیہ کے نزدیک ضروری نہیں، یہ دونوں کہتے ہیں کہ یوں مجرد نیت اور اذکار تکبیریہ اور قراءت میں تنازع ہوجائے گا حالانکہ ائمہ تفسیر کے اجماع کے مطابق قرآن کریم میں تکبیر تحریمہ ہی مراد ہے نیز اس پر بھی اجماع ہے کہ نماز کے علاوہ دیگر تکبیرات میں سے کوئی فرض نہیں پس (آیت مبارکہ میں) اسی کی فرضیت متعین ہے لہذا نص کے حکم کو معطل نہیں کیا جائے گا۔ (البناية، كتاب الصلاة، باب صفة الصلاة، فرائض الصلاة، تكبيرة الاحرام، 156/2، دار الكتب العلمية، بيروت)

ملک العلماء امام ابوبکر بن مسعود کاسانی حنفی (متوفی 587ھ) لکھتے ہیں:

عامۂ علماء کے نزدیک تکبیر تحریمہ شرط ہے جبکہ ابوبکر اصم اور ابن علیہ نے کہا ہے کہ تکبیر تحریمہ شرط نہیں اور بغیر تکبیر کہے فقط نیت سے نماز شروع ہونا صحیح ہے ان دونوں کا گمان یہ ہے کہ نماز افعال کا نام ہے اور اس میں اذکار نہیں ہیں یہاں تک کہ انہوں نے نماز میں قراءت کی فرضیت کا بھی انکار کیا ہے۔ (بدائع الصنائع، كتاب الصلاة، فصل شرائط اركان الصلاة، 130/1، دار الكتب العلمية بيروت)

 تكبير تحريمه کے رکن یا شرط ھونے میں مذاهب اربعه:

ائمه ثلاثہ رحمہم اللہ تعالی کے نزدیک تکبیر تحریمہ نماز کا رکن ہے جبکہ احناف رحمہم اللہ تعالی کے نزدیک شرط ہے ہاں نماز جنازہ کی تکبیر تحریمہ احناف کے نزدیک بھی رکن ہے، شیخ در دیر مالکی (متوفی 1201ھ) ارکان نماز بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں: نماز کا دوسرا فرض (رکن) تکبیر تحریمہ ہے۔ (الشرح الصغير مع حاشية الصاوى، باب الصلاة، فصل في فرائض الصلاة، 1/306، دار المعارف)

 شمس الدین محمد بن احمد خطیب شربینی شافعی (متوفی 977ھ) فرماتے ہیں: ارکان نماز میں سے دوسرا رکن تکبیرۃ احرام ہے۔ (مغنى المحتاج، كتاب الصلاة، باب صفة الصلاة، 1/344، دار الكتب العلمية، بيروت)

 موفق الدین عبداللہ بن احمد بن محمد بن قدامہ مقدسی حنبلی (متوفی 620ھ) لکھتے ہیں: تکبیر نماز کا رکن ہے بغیر اس کے نماز منعقد نہیں ہوتی۔ (المغنى لابن قدامة، كتاب الصلاة، باب صفة الصلاة، فصل التكبير رکن فى الصلاة، 1/334، مكتبة القاهرة)

 امام برہان الدین علی بن ابی بکر مرغینانی حنفی (متوفی 593ھ) فرماتے ہیں: امام شافعی کے برخلاف ہمارے (احناف کے) نزدیک تکبیر تحریمہ شرط ہے یہاں تک کہ ہمارے نزدیک فرض کے لئے تکبیر تحریمہ کہنے والے کو اس تکبیر سے نفل ادا کرنا جائز ہے، امام شافعی علیہ الرحمۃ کہتے ہیں کہ تکبیر تحریمہ کے لئے وہ تمام چیزیں شرط ہیں جو دیگر ارکان کے لئے شرط ہیں اور یہ اس کی رکنیت کی دلیل ہے اور ہماری دلیل یہ ہے کہ اللہ تعالی نے اپنے فرمان {وَ ذَكَرَ اسْمَ رَبِّهٖ فَصَلّٰى} اور اپنے رب کا نام لے کر نماز پڑھ۔ [پ۳۰، سورة الاعلى، آیت۱۵] میں تکبیر تحریمہ پر نماز کا عطف کیا ہے اور عطف ، مغایرة کا تقاضا کرتا ہے (لہذا تکبیر تحریمہ رکن یعنی جزو نماز نہیں بلکہ شرط ہے اور چونکہ یہ شرط ہے) اسی لئے دیگر ارکان کی طرح مکرر نہیں ہوتی اور (امام شافعی کی دلیل کا جواب یہ ہے کہ) شرائط کی رعایت (خاص تکبیر تحریمہ کی وجہ سے نہیں، بلکہ) اس سے متصل قیام کی وجہ سے ہے۔ (الهداية شرح بداية المبتدى، كتاب الصلاة باب صفة الصلاة، مدخل، 1/48، دار احياء التراث العربى، بيروت)

سوال: ابھی مذکور ہوا کہ ”احناف کے نزدیک تکبیر تحریمہ رکن نہیں بلکہ شرط ہے۔“ تو بعض کتب احناف میں جو تکبیر تحریمہ کو فرائض یعنی ارکان میں شمار کیا گیا ہے اس کی کیا وجہ ہے؟

 جواب: صدر الشریعہ بدر الطریقہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ رحمۃ اللہ القوی اس سوال کا جواب ذکر کرتے ہوئے فرماتے ہیں: حقیقۃً یہ (تکبیر تحریمہ) شرائطِ نماز سے ہے مگر چونکہ افعالِ نماز سے اس کو بہت زیادہ اتصال ہے، اس وجہ سے فرائض (ارکان) نماز میں اس کا شمار ہوا۔ (بہارِ شریعت، ج1ص 507، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

  تکبیر تحریمہ میں خاص لفظ ”اللہ اکبر“ کہنا فرض ہے یا نہیں؟

 ابھی گزرا کہ تکبیر تحریمہ کی فرضیت پر اتفاق ہے، ائمہ ثلاثہ اسے نماز کا رکن بتاتے ہیں اور احناف شرط لیکن تکبیر تحریمہ کا فرض کس کس لفظ سے ادا ہوسکتا ہے یا لفظِ دیگر تکبیر تحریمہ میں کوئی خاص لفظ (مثلاً اللہ اکبر) کہنا فرض ہے یا نہیں؟ اس بارے اختلاف ہے مالکیہ اور حنابلہ کے نزدیک اس فرض کی ادائیگی کے لئے خاص لفظ ”اللہ اکبر“ کہنا ہی ضروری ہے اور اس کے علاوہ کسی دوسرے کلمہ سے نماز منعقد نہیں ہوتی، شوافع کے نزدیک بھی کلمۂ تکبیر پر قدرت رکھنے والے کے لئے یہی لفظ متعین ہے لیکن اس قدر وسعت ہے کہ اگر کسی نے ”الله اکبر“ کی بجائے ”لله اكبر“ کہا تو چونکہ یہ لفظ بھی تکبیر ہی پر دلالت کرتا ہے لہٰذا تکبیر تحریمہ میں کفایت کرجائے گا نیز کلماتِ تکبیر کے درمیان یا آخر میں بعض صفاتِ باری تعالی کا اضافہ کیا اور اس اضافہ سے کلام ایسا طویل نہ ہوا کہ اسمِ تکبیر سے خارج ہوجائے تو اس میں بھی کوئی حرج نہیں اور احناف کے ہاں امام ابو یوسف اس بات کے قائل ہیں کہ جو شخص درست طریقے سے تکبیر کہنے پر قادر ہے اس کے لئے لفظِ تکبیر سے مشتق الفاظ (الله اکبر، الله الاکبر اور الله الکبیر) ہی کے ذریعے نماز میں داخل ہونا صحیح ہے جبکہ سیدنا امام اعظم ابو حنیفہ اور امام محمد بن حسن شیبانی رضی اللہ تعالی عنہما کے نزدیک ہر وہ ذکر جو خالصۃً اللہ تعالی کی ثنا ہو اور اس سے اللہ تعالی کی تعظیم ہی مراد لی جاتی ہو تو اس کے ذریعے نماز شروع کرنا صحیح ہے نیز امام اعظم ابوحنیفہ رضی اللہ تعالی عنہ کا یہ موقف تکبیر تحریمہ کا فرض ادا ہونے کے حوالے سے ہے ورنہ آپ کے نزدیک بھی مذکورہ بالا حدیثِ پاک کی وجہ سے تکبیر تحریمہ میں خاص لفظ ”الله اکبر“ کہنا واجب اور اس کا ترک مکروہ تحریمی ہے، اور عند الاحناف امام اعظم رضی اللہ تعالی عنہ کا موقف ہی مفتیٰ بہ ہے۔

 عبداللہ بن ابی زید قیروانی مالکی (متوفی 386ھ) فرماتے ہیں:

نماز کا احرام (تکبیر تحریمہ) یہ ہے کہ تو اللہ اکبر کہے اور (تکبیر تحریمہ میں) اس کے علاوہ کوئی کلمہ کفایت نہیں کرتا۔ (الرسالة للقيرواني، باب صفة العمل في الصلوات المفروضة….الخ، ص26، دار الفكر)

 موفق الدین عبداللہ بن احمد بن محمد بن قدامہ مقدسی حنبلی (متوفی 620ھ) لکھتے ہیں:

جب کوئی شخص نماز کے لئے کھڑا ہو تو کہے ”الله اكبر“ اور ہمارے امام (سیدنا احمد بن حنبل رحمۃ اللہ علیہ) کے نزدیک اسی کلمہ کے ساتھ نماز منعقد ہوتی ہے (اس کے علاوہ سے نہیں ہوتی۔) (المغنى لابن قدامة ، كتاب الصلاة ، باب صفة الصلاة ، مسألة الصلاة لاتنعقد الا بقول الله اكبر، 1/333 ، مكتبة القاهرة)

 امام ابوزکریا یحییٰ بن شرف نووی شافعی علیہ الرحمۃ اللہ القوی (متوفی 676ھ) فرماتے ہیں:

جو شخص تکبیر تحریمہ پر قادر ہے تو اس کے لئے کلمہ تکبیر ہی متعین ہے اور اس کے قریب کے کلمات جیسے ’’الرحمن اجل‘‘ ’’الرب اعظم‘‘ یا ’’الرحمن الرحيم اكبر ‘‘ اسے کفایت نہیں کریں گے اور ایک وجہ شاذ کے مطابق ’’الرحمن اكبر اور الرحيم اكبر کفایت کر جائیں گے اور اگر کسی نے ’’الله الاكبر ‘‘ کہا تو مشہور قول کے مطابق ’’الله اكبر من كل شيئ ‘‘ اور ’’الله اكبر واجل واعظم ‘‘ کی طرح یہ بھی کفایت کر جائے گا اور اگر ’’الله الجليل اكبر ‘‘ کہا تو صحیح قول کے مطابق کفایت کرے گا۔ اور تکبیر تحریمہ کے دو کلمات کے درمیان اللہ تعالی کی صفات میں سے کوئی لفظ داخل کردیا تو اگر الفاظ قلیل ہیں جیسے ’’الله عز وجل اكبر ‘‘ تو یہ اختلاف اس میں بھی جاری ہوگا (یعنی صحیح قول کے مطابق یہ الفاظ بھی تکبیر تحریمہ میں کفایت کرجائیں گے ) اور اگر کلام طویل ہوگیا مثلاً ’’الله الذى لا اله الا هو الملك القدوس اكبر ‘‘ کہا تو اسم تکبیر سے خارج ہونے کی وجہ سے یہ کلام ہرگز کفایت نہیں کرے گا۔ اور اگر ’’اكبر الله ‘‘ یا ’’الاكبر الله ‘‘ کہا تو مذہب کے مطابق نماز منعقد نہیں ہوگی اور کہا گیا ہے کہ اس بارے دو قول ہیں اور کہا گیا ہے کہ اول کلمہ سے منعقد نہیں ہوگی۔ (روضة الطالبين وعمدة المفتين ،كتاب الصلاة،فصل فى تكبيرة الاحرام،المكتب الاسلامى، بیروت)

 ملک العلماء امام ابوبکر بن مسعود کاسانی حنفی (متوفی 587ھ) فرماتے ہیں:

سیدنا امام اعظم ابوحنیفہ اور امام محمد بن حسن شیبانی رضی اللہ تعالی عنہما فرماتے ہیں کہ کوئی شخص اچھی طرح تکبیر کہہ سکتا ہو یا نہیں بہر صورت ہر وہ ذکر جو خالصۃً اللہ تعالی کی ثنا ہو اور اس سے اللہ تعالی کی تعظیم ہی مراد لی جاتی ہو تو اس کے ذریعے نماز شروع کرنا صحیح ہے مثلاً ’’الله اكبر ، الله الاكبر ، الله الكبير ، الله اجل ، الله اعظم ‘‘ کہنا یا ’’الحمد لله ، سبحان الله لا اله الا الله ‘‘ کہنا اور یونہی ہر وہ اسم جو کسی صفت کے ساتھ ذکر کیا جائے جیسے ’’الرحمن اعظم ، الرحيم اجل ‘‘ وغیرہ اور یہی حضرت ابراہیم نخعی علیہ الرحمہ کا قول ہے۔

اور امام ابو یوسف علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں کہ لفظ تکبیر سے مشتق الفاظ ہی کے ذریعے نماز میں داخل ہونا صحیح ہے اور وہ تین الفاظ ہیں (1) الله اكبر (2) الله اكبر (3) الله الكبير ، الا یہ کہ کوئی شخص اچھی طرح تکبیر نہ کہہ سکتا ہو یا تکبیر سے نماز شروع کرنا نہ جانتا ہو۔

اور امام شافعی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ سوائے دو لفظوں ”اللہ اکبر” اور ”اللہ الاکبر” کے نماز شروع نہیں ہوگی، اور امام مالک فرماتے ہیں کہ سوائے ایک لفظ ”اللہ اکبر” کے کسی سے نماز شروع نہیں ہوگی اور آپ رسول کریم علیہ الصلوۃ والسلام کے فرمان (( لَا یَقْبَلُ اللهُ صَلَاۃَ امْرِئٍ حَتَّی یَضَعَ الطَّهُوۡرَ مَوَاضِعَهٗ، وَیَسْتَقْبِلَ الْقِبْلَةَ، وَیَقُوۡلَ: اللهُ أَكْبَرُ )) ”اللہ تعالی کسی شخص کی نماز قبول نہیں فرماتا یہاں تک کہ وہ طہارت کو اس کی جگہوں میں رکھے،قبلہ کو منہ کرے اور اللہ اکبر کہے۔” سے دلیل پکڑتے ہیں کہ حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم نے اس لفظ (اللہ اکبر) کے بغیر قبولیتِ نماز کی نفی فرمائی ہے لہذا تعلیل کی بجائے بعینہِ نص میں وارد الفاظ کی رعایت واجب ہے کیونکہ تعلیلِ حکم کو متعدی کرنے کے لئے کی جاتی ہے نہ کہ حکمِ نص کو باطل کرنے کے لئے جیسا کہ اذان میں ہے، اور اسی وجہ سے (کہ تعلیلِ حکم کو متعدی کرنے کے لئے کی جاتی ہے نہ کہ حکمِ نص کو باطل کرنے کے لئے) رخسار اور ٹھوڑی پر سجدہ کرنے کو پیشانی پر سجدہ کے قائم مقام نہیں کیا جاتا، امام شافعی علیہ الرحمہ نے بھی اسی سے دلیل پکڑی ہے مگر آپ ”اللہ الاکبر” کے بارے فرماتے ہیں کہ ان کلمات کا کہنا والکلمات مشروعه کو کسی قدر زیادتی کے ساتھ ادا کررہا ہے اور زیادتی مانع نہیں ہے جس طرح کوئی ”اللہ اکبر کبیراً” کہے بہرحال جن الفاظ پہ شرع وارد ہے ان سے عدول جائز نہیں۔

اور امام ابو یوسف رحمتہ اللہ علیہ، رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان (( تَحْرِیْمُهَا التَّكْبِیْرُ )) سے دلیل پکڑتے ہیں کہ حدیث میں لفظِ تکبیر وارد ہے اور تکبیر ان تین الفاظ سے حاصل ہے کیونکہ اکبر (اسمِ تفضیل) بھی کبیر ہی (کے معنی میں) ہے اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے {وَهُوَ أَهْوَنُ عَلَيْهِ} [پاره 21, سورة الروم،آیت 27] یہاں {أَهْوَنُ عَلَيْهِ} ”هَيِّنٌ عَلَيْهِ” کے معنی میں ہے کیونکہ کوئی چیز اللہ تعالی پر کسی دوسری شے کی نسبت سہل نہیں بلکہ اس کی قدرت کے تحت داخل ہونے کے اعتبار سے سبھی چیزیں ایک جیسی ہیں (یعنی اس کے لئے سب کچھ یکساں آسان ہے) نیز لفظ تکبیر کبرِیائی سے مشتق ہے اور کبرِیائی عظمت و قدَم سے عبارت ہے کہا جاتا ہے ”هذا اكبر القوم” ای ”اعظمهم منزلة واشرفهم قدماً” اور کہا جاتا ہے ”هو اكبر من فلان” ای ”اقدم منه” پس معنی میں برابری نہ ہونے کی وجہ سے کسی لفظ کو ان کے قائم مقام کرنا ممکن نہیں، لیکن اگر کوئی شخص اچھی طرح تکبیر نہ کہہ سکتا ہو یا یہ نہ جانتا ہو کہ نماز تکبیرِ تحریمہ سے شروع ہوتی ہے تو ہم ضرورتاً جواز کا حکم دیتے ہیں۔

سیدنا امام اعظم ابو حنیفہ اور امام محمد رضی اللہ تعالی عنہما اللہ تعالی کے ارشاد { وَذَكَرَ اسْمَ رَبِّهِ فَصَلَّى } اور اپنے رب کا نام لے کر نماز پڑھ۔ [پ ۳۰،سورة الاعلى،آیت ۱۵] سے حجت پکڑتے ہیں کہ یہاں نماز شروع کرنے کے لئے رب کا نام ذکر کرنا مراد ہے کیونکہ ذکر کے بعد نماز کو ایسے حرف کے ساتھ لایا گیا ہے جو تعقیب بلا فصل کو ثابت کرتا ہے اور وہ ذکر جس کے فوراً بعد بغیر کسی فاصلہ کے نماز ہو تکبیر تحریمہ ہی ہے پس مطلق ذکر کے ذریعے نماز میں داخل ہونا مشروع ہے لہٰذا اخبار آحاد کے ذریعے تحریمہ کو کبریائی سے مشتق الفاظ کے ساتھ مقید کرنا جائز نہیں، اور اس سے یہ بھی واضح ہوگیا کہ ماقبل میں بیان کردہ الفاظ کے ساتھ حکم کا جو تعلق ہے تو وہ ان الفاظ کے مطلق ذکر ہونے کی حیثیت سے ہے نہ کہ کسی خاص لفظ کے ساتھ ذکر ہونے کی حیثیت سے، اور یہ حدیث ((تَحْرِیْمُہَا التَّکْبِیْرُ)) اسی معنی سے معلول ہے اور اگر اس کی تعلیل نہ کی جائے تو کتاب اللہ کے مخالف ہونے کی وجہ سے ہم اس کے رد پر استدلال کریں گے کیونکہ اگر تعلیل کو ترک کیا جائے تو یہ حدیث حکم نص کو باطل کرنے کی طرف لے جاتی ہے اور تعلیل میں یہ معاملہ نہیں۔ مزید یہ کہ لفظ تکبیر ذکر کر کے اس سے تعظیم مراد ہوتی ہے اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے {وَ كَبِّرْهُ تَكْبِيْرًا} [پ ۱۵ ، سورة بنی اسرائیل، آیت ۱۱۱] یعنی ”عَظِّمْهُ تعظیماً“ اس کی خوب تعظیم کرو، اور ارشاد فرماتا ہے {فَلَمَّا رَاَيْنَهٗ اَكْبَرْنَهٗ} [پ ۱۲ ،سورة یوسف، آیت ۳۱] یعنی جب ان عورتوں نے انہیں دیکھا تو اس کی عظمت بیان کی، اور فرماتا ہے {وَرَبَّكَ فَكَبِّرْ} [پ ۲۹ ، سورة المدثر، آیت ۳] یعنی اس کی عظمت و بڑائی بولو، تو حدیث پاک بھی تعظیم کے بارے میں ہی وارد ہے اور اللہ تعالیٰ کا ذکر کوئی کسی بھی نام سے کرے اس نے اللہ تعالیٰ کی عظمت بیان کی یونہی جس نے اللہ تعالیٰ کی تسبیح بیان کی تو اس نے اللہ تعالیٰ کی عظمت بیان کی اور علاماتِ حدث وصفاتِ نقص وغیرہ ان امور سے اس کی تنزیہ بیان کی جو اس کے شایانِ شان نہیں تو وہ عظمت و قدم کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی توصیف کرنے والا ہے یونہی جب کسی نے ”لا اله إلا الله“ کہا تب بھی ایسا ہی ہے کیونکہ جب اس نے اللہ تعالیٰ کو تفرد اور الوہیت سے موصوف کیا تو عظمت و قدم سے موصوف کیا اور یہ اس لئے کہ ان دونوں کے بغیر الوہیت کا ثبوت محال ہے ( اور امام مالک وشافعی علیہما الرحمۃ نے جو اعتراض کیا تھا کہ رخسار وٹھوڑی پر سجدہ کو پیشانی پر سجدہ کے قائم مقام کیوں نہیں کرتے تو اس کا جواب یہ ہے کہ) پیشانی پر سجدہ اور رخسار وٹھوڑی پر سجدہ میں تعظیم کا تفاوت ہے (یعنی پیشانی پر سجدہ میں تعظیم زیادہ ہے اس لئے رخسار وٹھوڑی پر سجدہ اس کے قائم مقام نہیں ہوسکتا) بخلاف اذان کے کیونکہ اذان سے نماز کا اعلان مقصود ہوتا ہے اور وہ انہیں مشہور کلمات سے حاصل ہوتا ہے جو لوگوں میں متعارف ہیں یہاں تک کہ اگر ان الفاظ کے علاوہ سے نماز کا اعلان حاصل ہوتا ہو تو وہ بھی جائز ہیں حضرت حسن نے امام اعظم سے یونہی روایت کیا ہے اور امام ابو یوسف نے ”امالی“ اور حاکم نے ”منتقى“ میں امام اعظم سے یہی روایت کیا ہے اور ”اللہ اکبر“ اور ”الرحمن اکبر“ دونوں کے برابر ہونے پر دلیل اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے {قُلِ ادْعُوا اللهَ اَوِ ادْعُوا الرَّحْمٰنَ ایًّا مَّا تَدْعُوْا فَلَهُ الْاَسْمَآءُ الْحُسْنٰى} تم فرماؤ اللہ کہہ کر پکارو یا رحمن کہہ کر جو کہہ کر پکارو سب اسی کے اچھے نام ہیں۔ [پ ۵ ، سورة بنی اسرائیل ، آیت ۱۱۰] اور اسی وجہ سے رحمن اور رحیم کے نام پر ذبح کرنا بھی جائز ہے اور وہ دلیل جو طرفین کے مذہب کو ثابت کرتی ہے وہ عبد الرحمن سلمیٰ سے مروی روایت ہے کہ ’’انبیاء کرام علیہم الصلوۃ والسلام ’لا الہ الا اللہ‘ سے نماز شروع کیا کرتے تھے۔‘‘ اور ہمارے لئے ان کی پیروی ہے اور یہ کلام اس صورت میں تھا کہ جب اسم اور صفت کا ذکر کیا جائے۔

اور جب صرف اسم ذکر کیا جائے اس کے علاوہ کچھ مذکور نہ ہو مثلاً کوئی کہے: ’اللہ‘ تو امام محمد کے نزدیک نماز شروع نہیں ہوگی جبکہ حضرت حسن ، امام اعظم سے روایت کرتے ہیں کہ نماز شروع ہوجائے گی اسی طرح بشر از ابو یوسف از امام اعظم کی روایت میں ہے۔ امام محمد کی دلیل یہ ہے نص اسم وصفت دونوں کے بارے وارد ہے لہذا اسم پر اکتفا جائز نہیں ، امام اعظم کی دلیل یہ ہے کہ نص معنی تعظیم سے معلول ہے اور وہ مجرد اسم سے بھی حاصل ہوجاتا ہے اور اس پر دلیل یہ ہے کہ (بالاتفاق) ’لا الہ الا اللہ‘ سے نماز شروع ہوجاتی ہے اور اس میں نماز لفظ اللہ کی وجہ سے شروع ہوتی ہے نہ کہ نفی کی وجہ سے، اور اگر کسی نے ’اللھم اغفرلی‘ کہا تو اس پر اجماع ہے کہ نماز شروع نہیں ہوگی کیونکہ یہ خالصۃً تعظیم نہیں بلکہ سوال اور دعا ہے۔

اور اگر کسی نے فارسی (غیر عربی) میں نماز شروع کی اور یوں کہا کہ ’خدائے بزرگ تر‘ یا ’خدائے بزرگ‘ تو امام اعظم کے نزدیک نماز شروع ہو جائے گی اور صاحبین کے نزدیک شروع نہیں ہوگی الا یہ کہ وہ شخص عربی نہ جانتا ہو اور اگر کسی نے فارسی (غیر عربی) میں اللہ کا نام لے کر جانور ذبح کیا تو بالاجماع جائز ہے پس امام ابو یوسف علیہ الرحمۃ تو اس معاملہ میں اپنے اصول ’لفظِ منصوص علیہ کی رعایت‘ ہی پر چلتے ہیں اور حضور اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کے فرمان ((تَحْرِیْمُھَا التَّکْبِیْرُ)) کے باعث منصوص علیہ لفظِ تکبیر ہے اور وہ فارسی زبان میں حاصل نہیں اور ذبح کے معاملہ میں منصوص علیہ مطلق ذکر ہے اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے {فَاذْكُرُوا اسْمَ اللهِ عَلَيْهَا صَوَآفَّ }’تو ان پر اللہ کا نام لو ایک پاؤں بندھے تین پاؤں سے کھڑے‘ [پارہ 17، سورة الحج ، آیت 36] اور یہ فارسی میں بھی حاصل ہے ، امام محمد علیہ الرحمۃ دونوں میں فرق کرتے ہیں عربی کے دیگر الفاظ کی طرف انتقال کو جائز اور فارسی کی طرف انتقال کو ناجائز قرار دیتے ہیں آپ فرماتے ہیں کہ عربیت اپنی بلاغت و جازت کی وجہ سے ایسے معانی پر دلالت کرتی ہے جس پر فارسی دلالت نہیں کرتی لہذا فارسی کی طرف انتقال کے وقت معنی میں خلل کا احتمال ہے اسی طرح عربیت کو وہ فضیلت حاصل ہے جو دیگر زبانوں کو حاصل نہیں اسی وجہ سے عربی میں دعا قبولیت کے زیادہ قریب ہے اور اسی وجہ سے اللہ تعالی نے اہل کرامت کو جنت میں اسی زبان میں گفتگو کرنے کے ساتھ خاص فرمایا ہے لہذا کوئی دوسری زبان اس کی جگہ نہیں لے سکتی، ہاں اگر کوئی شخص عربی ٹھیک سے نہ جانتا ہو تو بوجہ عذر جائز ہے اور سیدنا امام اعظم ابوحنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کتابِ اللہ پر اعتماد کرتے ہوئے مطلقِ ذکر اور معنیِ تعظیم کو معتبر جانتے ہیں اور یہ فارسی میں بھی حاصل ہے۔ (بدائع الصنائع، كتاب الصلاة، فصل شرائط اركان الصلاة، 131/1-130، دار الكتب العلمية بيروت)

محقق علی الاطلاق علامہ کمال الدین ابن ہمام علیہ رحمۃ اللہ السلام (متوفی 861ھ) خاص لفظِ اللہ اکبر کے وجوب اور اس کے ترک کا مکروہِ تحریمی ہونا بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں:

 اللہ تعالی کے ارشاد {وَرَبَّكَ فَكَبِّرْ} اور رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان ((وَتَحْرِيمُهَا التَّكْبِيرُ)) میں لفظِ تکبیر، تعظیم کے معنی میں ہے اور تکبیرِ تحریمہ میں بھی یہی مراد ہے لہذا نص سے مقصود تعظیم ہے اور مخفی نہیں کہ تعظیم خاص لفظ ’اللہ اکبر‘ کے علاوہ دیگر کو بھی شامل ہے، اور حدیثِ پاک سے جو خاص لفظ ’اللہ اکبر‘ کا ثبوت ہے تو اس پر عمل کرنا واجب ہے حتی کہ جو شخص اچھی طرح تکبیر کہہ سکتا ہے اس کا اسے ترک کرنا مکروہ ہے جیسا کہ ہم فاتحہ کے ساتھ (کسی اور سورت کی) قراءت اور رکوع و سجود میں تعدیل کے بارے کہتے ہیں، یونہی کافی میں ہے اور ظاہرِ اُس الکلام سے تکبیرِ تحریمہ میں خاص لفظ ’اللہ اکبر‘ کے وجوب کا افادہ ہوتا ہے اور (اس عمل میں) ایسی مواظبت جس کے ساتھ ترکِ مقترن نہ ہو اس کا بھی یہی تقاضا ہے اس لئے لازم ہے کہ اسی پر اعتماد کیا جائے۔(فتح القدير، كتاب الصلاة، باب صفة الصلاة، 284/1، دار الفكر، ملتقطاً)

صاحبِ بحر، علامہ زین الدین ابنِ نجیم حنفی مزید لکھتے ہیں:

اسی بنا پر تحفہ، ذخیرہ اور نہایہ میں جو ذکر کیا گیا کہ اصح قول کے مطابق امامِ اعظم ابوحنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے نزدیک لفظ ’اللہ اکبر‘ کے علاوہ سے نماز شروع کرنا مکروہ ہے تو اس سے مراد مکروہِ تحریمی ہے کیونکہ یہ جہتِ ترک میں واجب کے رتبہ میں ہے لہذا امام سرخسی نے حضرت مجاہد سے مروی روایت ((كَانَ الأَنبِيَاءُ يَفْتَتِحُونَ الصَّلَاةَ بِلاَ إِلَهَ إِلاَّ اللهُ)) ’انبیاءِ کرام علیہم الصلوۃ والسلام ’لا الہ الا اللہ‘ سے نماز شروع کیا کرتے تھے ۔‘ اور ہمارے نبی علیہ الصلاۃ والسلام بھی انہیں میں سے ہیں، (تو اس) سے استدلال کرتے ہوئے جو یہ تصحیح ذکر فرمائی کہ اصح قول کے مطابق لفظِ تکبیر کے علاوہ سے نماز شروع کرنا مکروہ نہیں تو یہ ضعیف ہے، پس اگر مذکورہ روایت کو صحیح مان لیا جائے تو اس میں ہمارے نبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کے علاوہ دیگر انبیاءِ کرام علیہم الصلوۃ والسلام مراد ہوں گے اور اس پر دلیل یہ ہے کہ ہمارے نبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم سے خاص لفظ تکبیر سے نماز شروع کرنے پر مواظبت منقول ہے نیز مصنف نے مستصفی میں جو ذکر کیا کہ ”دیگر نمازوں کے برخلاف نماز عید کی پہلی تکبیر میں لفظ ”الله اكبر“ کی رعایت واجب ہے۔“ تو یہ بھی ضعیف ہے کیونکہ آپ نے جان لیا کہ اس کی رعایت تمام نمازوں میں واجب ہے۔ (بحر الرائق،کتاب الصلاة،باب صفة الصلاة،آداب الصلاة،1/323،دار الکتاب الاسلامی)

  سلام کے فرض یا واجب ہونے کی تحقیق:

نماز کے آخر میں سلام پھیرنا ائمہ ثلاثہ کے نزدیک فرض اور نماز کا رکن ہے جبکہ (ہم) احناف کے نزدیک فرض نہیں بلکہ واجب ہے نیز ہمارے نزدیک دونوں جانب صرف لفظ ”السلام“ کہنا واجب ہے ”علیکم“ واجب نہیں۔

شیخ دردیر مالکی (متوفی 1201ھ) فرماتے ہیں: نماز کا دسواں اور آخری رکن سلام ہے۔ (الشرح الصغير مع حاشية الصاوی،باب الصلاة،فصل فی فرائض الصلاة،1/315،دار المعارف)

شمس الدین محمد بن احمد خطیب شربینی شافعی (متوفی 977ھ) فرماتے ہیں: ارکانِ نماز میں سے بارہواں رکن سلام ہے۔ (مغنی المحتاج،کتاب الصلاة،باب صفة الصلاة،1/385،دار الكتب العلمية،بيروت)

شمس الدین عبدالرحمن بن محمد بن احمد بن قدامة مقدسی حنبلی (متوفی 682ھ) فرماتے ہیں: پہلا سلام واجب (امر لازم) اور ارکانِ نماز میں سے ایک رکن ہے اور صحیح قول کے مطابق دوسرا سلام سنت ہے اور اس بارے ایک دوسری روایت یہ ہے کہ یہ بھی واجب ہے۔ (الشرح الكبير على المقنع،کتاب الصلاة،باب صفة الصلاة،فصل والتسليمة الأولى . . . الخ، 1/589،دار الكتاب العربی للنشر والتوزيع،ملتقطاً)

امام برہان الدین علی بن ابی بکر مرغینانی حنفی (متوفی 593ھ) فرماتے ہیں: امام شافعی رحمتہ اللہ علیہ کے برخلاف ہمارے نزدیک لفظ سلام واجب ہے فرض نہیں، امام شافعی علیہ رحمۃ اللہ الغنی، نبی مکرم رسول محتشم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کے فرمان ((تَحْرِيْمُهَا التَّكْبِيْرُ وَتَحْلِيْلُهَا التَّسْلِيْمُ)) سے دلیل پکڑتے ہیں اور ہماری دلیل حضرت ابن مسعود رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی حدیثِ پاک ہے (جو شرح معانی الآثار میں یوں مذکور ہے) کہ حضور انور مالکِ بحر و بر صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے حضرت سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالی عنہ کا ہاتھ پکڑ کر انہیں تشہد سکھایا اور فرمایا: ((فَإِذَا فَعَلْتَ ذٰلِكَ أَوْ قَضَيْتَ هٰذَا فَقَدْ تَمَّتْ صَلَاتُكَ إِنْ شِئْتَ أَنْ تَقُوْمَ فَقُمْ، وَإِنْ شِئْتَ أَنْ تَقْعُدَ فَاقْعُدْ)) جب تم یہ عمل کرلو یا اس سے فارغ ہوجاؤ تو تمہاری نماز مکمل ہوگئی ، اگر کھڑے ہونا چاہو تو کھڑے ہو جاؤ ، بیٹھنا چاہو تو بیٹھے رہو۔ [شرح معانی الآثار،کتاب الصلاة،باب السلام فی الصلاة…الخ، 1/275، حدیث 1641، عالم الكتب] ) اور (حضرت ابن مسعود والی حدیث میں مذکور) تخییر، فرضیت اور وجوب دونوں کے منافی ہے لیکن ہم نے ((تَحْرِیْمُهَا التَّكْبِیْرُ وَتَحْلِیْلُهَا التَّسْلِیْمُ )) کے باعث احتیاطاً وجوب ثابت کیا ہے اور اس طرح کی حدیث سے فرض ثابت نہیں ہوتا۔ (الهدایة شرح بداية المبتدی،کتاب الصلاة،باب صفة الصلاة، مدخل، 1/54،دار احیاء التراث العربی، بیروت)

علامہ علاؤ الدین حصکفی اور علامہ ابن عابدین شامی رحمہما اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: ”اور لفظ ’سلام‘ دو مرتبہ واجب ہے۔ پس اصح قول کے مطابق دوسرا سلام بھی واجب ہے اور لفظ ’علیکم‘ ہمارے نزدیک واجب نہیں۔“ (الدر المختار مع رد المحتار،کتاب الصلاة،باب صفة الصلاة،واجبات الصلاة،1/468،دار الفكر، بیروت،ملتقطاً)

سوال: جب اس حدیث سے طہارت اور تکبیر کی فرضیت پر استدلال کیا جاسکتا ہے تو سلام کی فرضیت پر کیوں نہیں؟

جواب: ہمارے نزدیک طہارت اور تکبیر تحریمہ کی فرضیت اللہ تعالیٰ کے فرمان {یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اِذَا قُمْتُمْ اِلَى الصَّلٰوةِ فَاغْسِلُوْا وُجُوْهَكُمْ …} [پ ۶ ، المائده، آیت۶] اور {وَ ذَكَرَ اسْمَ رَبِّهٖ فَصَلّٰی} [پ ۳۰ ، سورة الاعلى، آیت۱۵] سے ثابت ہے اور مذکورہ حدیثِ پاک ان کی فرضیت پر کوئی دلیل مستقل نہیں بلکہ صرف بطورِ تائید پیش کی جاتی ہے اور خبرِ واحد کو بطورِ تائید پیش کرنے میں کوئی حرج بھی نہیں لیکن سلام کی فرضیت پر کوئی اور مستقل دلیل موجود نہیں اور مذکورہ حدیث چونکہ خبرِ واحد ہے اس لئے اس سے سلام کی فرضیت ثابت نہیں ہوسکتی لہٰذا ہم سلام کو فرض نہیں مانتے بلکہ مذکورہ حدیثِ پاک کی وجہ سے احتیاطاً واجب قرار دیتے ہیں۔

 ”صدوق“ کی وضاحت اور مراتبِ تعدیل:

”صدوق“ الفاظِ تعدیل میں سے ہے ابنِ ابی حاتم اور ان کی اتباع میں حافظ ابن الصلاح اور علامہ نووی نے تعدیل کے چار مراتب بیان کئے ہیں اور لفظ ’صدوق‘ کو دوسرے مرتبہ میں شمار کیا ہے جبکہ امام ذہبی اور عراقی کے بیان کردہ پانچ اور شیخ الاسلام کے بیان کردہ چھ مراتبِ تعدیل کے مطابق لفظ ’صدوق‘ بالترتیب تیسرے اور چوتھے مرتبہ میں آتا ہے۔

علامہ نووی ،تقریب میں فرماتے ہیں:

ابن ابی حاتم نے الفاظِ جرح وتعدیل کو بڑے احسن انداز سے مرتب کیا ہے، پس الفاظِ تعدیل کے متعدد مراتب ہیں سب سے اعلیٰ مرتبہ ثقہ، متقن، ثبت، حجة، عدل، حافظ اور ضابط کا ہے، دوسرا مرتبہ صدوق، محله الصدق اور لا بأس بہ کا ہے تیسرا مرتبہ شیخ کا اور چوتھا صالح الحدیث کا ہے۔

علامہ جلال الدین سیوطیؒ فرماتے ہیں:

مصنف (علامہ نووی) نے حافظ ابن صلاح کی طرح ابن ابی حاتم کی پیروی کرتے ہوئے تعدیل کے چار مراتب ذکر کئے ہیں جبکہ امام ذہبی و عراقی نے پانچ اور شیخ الاسلام نے چھ مراتب بیان کئے ہیں، مصنف کے بیان کردہ مراتب کے مطابق سب سے اعلیٰ مرتبہ ثقہ، متقن، ثبت، حجة، عدل، حافظ اور ضابط کا ہے لیکن امام ذہبی اور عراقی نے جس مرتبہ کا اضافہ کیا ہے وہ ان سے بھی اعلیٰ ہے اور وہ یہ ہے کہ ان الفاظ میں سے کسی لفظ کی بعینہ تکرار کی جائے جیسے ثقہ ثقہ یا بعینہ تکرار نہ ہو (بلکہ ان الفاظ میں سے کسی ایک کے ساتھ دوسرے کو ملا کر بولا جائے) جیسے ثقہ ثبت، ثقہ حجت اور ثقہ حافظ، اور جو مرتبہ شیخ الاسلام نے زائد کیا ہے وہ اس تکرار والے مرتبہ سے بھی اعلیٰ ہے اور وہ یہ ہے کہ صیغہ تفضیل سے وصف بیان کیا جائے جیسے اوثق الناس، اثبت الناس اور ان کی مثل اور (دوسرے) الفاظ، جیسے الیہ المنتهى فی الثبت، میں (عبدالرحمن بن ابوبکر سیوطی) کہتا ہوں: لا احد اثبت منه، من مثل فلان اور فلان لا يسأل عنہ، بھی انہی الفاظ میں سے ہیں اور میں نے کسی کو یہ تین الفاظ ذکر کرتے نہیں دیکھا حالانکہ یہ کلمات ائمہ جرح وتعدیل کے الفاظ میں موجود ہیں پس مصنف کا بیان کردہ اعلیٰ مرتبہ در حقیقت تیسرا ہے اور دوسرا، در حقیقت چوتھا ہے۔ عراقی نے مصنف کے بیان کردہ دوسرے (مگر درحقیقت چوتھے) مرتبہ میں مامون، خیار اور لیس بہ باس کے الفاظ زیادہ کئے ہیں اور مصنف کے بیان کردہ تیسرے اور در حقیقت پانچویں مرتبہ میں محلہ الصدق کے ساتھ الی الصدق ماہو، شیخ وسط، مکرر، جید الحدیث اور حسن الحدیث کا اضافہ کیا ہے اور شیخ الاسلام نے اس مرتبہ میں صدوق سيئ الحفظ، صدوق يهم، صدوق له اوهام، صدوق يخطئ اور صدوق تغیر باخرۃ کا اضافہ کیا ہے اور فرمایا کہ جس پر تشیع، قدر، نصب، ارجاء یا تجہم وغیرہ کسی نوعِ بدعت کی تہمت لگائی گئی ہو وہ بھی اسی سے ملحق ہے۔ اور مصنف کے بیان کردہ چوتھے اور در حقیقت چھٹے مرتبہ میں عراقی نے صدوق ان شاء اللہ، ارجو ان لا باس بہ اور صويلح کا اضافہ کیا ہے اور شیخ الاسلام نے لفظ مقبول زائد کیا ہے۔ (تدریب الراوی فی شرح تقریب النواوی، النوع الثالث والعشرون صفة من تقبل…، الثالثة عشر الفاظ الجرح والتعدیل، 405-408/1، دار طيبه، ملتقطاً)

 مقارَب الحديث :

مقارَب الحديث‘‘ ’راء‘ کے فتحہ اور کسرہ دونوں کے ساتھ معروف ہے اور بہر صورت الفاظِ تعدیل میں سے ہے اور امام ترمذی رحمۃ اللہ علیہ اس لفظ سے تقویتِ راوی مراد لیتے ہیں، علامہ جلال الدین سیوطی فرماتے ہیں: عراقی نے کہا کہ اصولِ صحیحہ میں لفظ ’’مقارَب الحديث‘‘ ’راء‘ کے کسرہ کے ساتھ درج ہے اور کہا گیا ہے کہ ابن سید الناس نے فتحہ اور کسرہ دونوں کے ساتھ حکایت کیا ہے لیکن کسرہ کے ساتھ الفاظِ تعدیل اور فتحہ کے ساتھ الفاظِ جرح میں سے ہے اور فرمایا کہ یہ صحیح نہیں بلکہ فتحہ اور کسرہ دونوں معروف ہیں ابن عربی نے شرحِ ترمذی میں دونوں حکایت کئے ہیں اور یہ دونوں الفاظِ تعدیل میں سے ہیں۔

اور جن حضرات نے یہ بات ذکر کی ہے ان میں امام ذہبی بھی ہیں، آپ فرماتے ہیں: جو شخص اس (مقارَب بفتح الراء کے الفاظِ جرح سے ہونے) کا قائل ہے گویا کہ وہ مقارَب بفتح الراء سے یہ سمجھا کہ شئے مقارَب ردی ہے اور یہ عوامی بات ہے لغت میں معروف نہیں اور راء کے فتحہ اور کسرہ دونوں کے ساتھ یہ لفظ حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان ((سَدِّدُوْا وَقَارِبُوْا)) سے ماخوذ ہے پس جس نے کسرہ کے ساتھ پڑھا تو اس کے قول کے مطابق اس کا معنی یہ ہے کہ اس راوی کی حدیث غیر کی حدیث کے قریب ہے اور جس نے فتحہ کے ساتھ پڑھا (اس) کے مطابق مطلب یہ ہے کہ غیر کی حدیث اس کی حدیث کے قریب ہے اور باب مفاعلہ کا مادہ مشارکت کا تقاضا کرتا ہے۔ اور جن حضرات نے مقارَب بفتح الراء کے جرح ہونے پر اعتماد کیا ہے ان میں بلقینی ہیں محاسن اصطلاح میں کہتے ہیں: اسے ثعلب نے حکایت کیا ہے اور وہ تبر مقارَب یعنی ردی ہے۔ (تدریب الراوی، النوع الثالث والعشرون صفة من تقبل روايته…، الثالثة عشرة ألفاظ الجرح والتعديل، 412/1-411، دار طيبة)

امام شمس الدین سخاوی (متوفی 902ھ) فرماتے ہیں: یہ (مقارَب الحديث) مدح کی ایک قسم ہے اور ابن ڕشید کہتے ہیں: اس کا معنی یہ ہے کہ اس راوی کی حدیث شاذ یا منکر نہیں ہے، امام ترمذی کا کلام بھی اسی معنی کی طرف رہنمائی کرتا ہے چنانچہ امام ترمذی اپنی جامع میں فضائلِ جہاد کے آخری باب میں اسماعیل بن رافع کے بارے فرماتے ہیں: بعض محدثین نے اس کی تضعیف کی ہے جبکہ میں نے امام محمد بن اسماعیل بخاری کو فرماتے سنا ہے کہ یہ ثقہ، مقارَب الحديث ہے اور ’باب ماجاء من اذن فهو يقيم‘‘ میں عبد الرحمن افریقی کے بارے فرماتے ہیں: محدثین کے نزدیک یہ ضعیف ہے امام یحییٰ بن سعید القطان وغیرہ نے اس کی تضعیف کی ہے اور امام احمد بن حنبل نے فرمایا: ’لا اكتب عنه‘‘ میں اس سے حدیث نہیں لکھتا، پھر امام ترمذی کہتے ہیں: ’وَرَأَيْتُ الْبُخَارِيَّ يُقَوِّي أَمْرَهُ‘‘ اور میں نے امام بخاری کو دیکھا وہ اس کے معاملہ کو قوی قرار دیتے ہیں اور فرماتے ہیں: یہ مقارب الحديث ہے۔ پس امام ترمذی کے قول ’مقارب الحديث تقوية لامره ‘ کو دیکھئے اور اسے سمجھئے، یہ ایک اہم اور مخفی معاملہ تھا جسے میں نے واضح کر دیا ہے۔(فتح المغيث بشرح ألفية الحديث، من تقبل روايته ومن ترد، مراتب التعديل، 2/120، مكتبة السنة، مصر، ملتقطاً)

ملا علی قاری نے ’’مقارب الحديث‘‘ کو کم تر مرتبہ تعدیل میں سے شمار کیا ہے۔ (شرح نخبة الفكر للقاری، مراتب التعديل، 1/729، دار الارقم، لبنان)

  عبداللہ بن محمد بن عقیل کا تعارف اور ان کے بارے ائمہ جرح وتعدیل کی آراء:

عبداللہ بن محمد بن عقیل حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم کے نواسے اور سیدہ زینب رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے بیٹے ہیں محدث اور بڑے عبادت گزار تھے ابن قانع کے مطابق 142 ہجری میں فوت ہوئے ائمہ جرح وتعدیل نے حفظ کی جہت سے آپ پر کلام کیا ہے لیکن امام ترمذی آپ کو قوی قرار دیتے ہیں۔

امام شمس الدین محمد بن احمد ذہبی لکھتے ہیں :عبداللہ بن محمد بن عقیل بن ابوطالب ہاشمی مدنی امام اور محدث تھے آپ کی والدہ حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم کی صاحبزادی سیدہ زینب رضی اللہ تعالیٰ عنہا ہیں آپ نے عبداللہ بن عمر، جابر بن عبداللہ ، انس بن مالک ،عبداللہ بن جعفر ، اپنے ماموں محمد بن حنفیہ ، علی بن حسین ، ربیع بنت معوذ الصحابیۃ ، سعید بن مسیب اور صحابہ کی ایک جماعت سے احادیث روایت کی ہیں اور آپ سے روایت کرنے والوں میں ثوری ، زائدۃ، فلیح ، حماد بن سلمہ ، بشر بن مفضل ، سفیان بن عیینہ ، زہیر بن معاویہ اور زہیر بن محمد وغیرہ شامل ہیں ، بعض حضرات نے بیان کیا کہ آپ بکثرت عبادت کرنے والے علماء میں سے تھے خلیفہ اور ابن سعد کے مطابق 140 ہجری کے بعد فوت ہوئے۔(سير اعلام النبلاء، تابع الطبقة الرابعة، ابن عقيل عبد الله بن محمد بن عقيل، 204-6/205، موسسة الرسالة، ملتقطاً)

حافظ ابن حجر عسقلانی ان کے بارے ائمہ جرح وتعدیل کی آراء ذکر کرتے ہوئے لکھتے ہیں:

علی بن مدینی نے کہا: یحییٰ بن سعید ان سے روایت نہیں کرتے تھے ، یعقوب بن شیبہ نے ابن مدینی سے روایت کیا ہے کہ امام مالک نے انہیں اپنی کتابوں میں داخل نہیں کیا، ابن مدینی ابن عیینہ کے حوالے سے بیان کرتے ہیں کہ میں نے انہیں خود سے باتیں کرتے دیکھا تو اس پر محمول کیا کہ ان کی عقل متغیر ہوگئی ہے، عمرو بن علی کہتے ہیں: میں نے سنا کہ یحییٰ اور عبدالرحمن ان سے حدیث روایت کرتے ہیں جبکہ لوگ اس بارے اختلاف کرتے ہیں ، ابو معمر قطیعی کہتے ہیں کہ ابن عیینہ ان کے حفظ کو اچھا نہیں جانتے تھے ، حمیدی ابن عیینہ کے حوالے سے بیان کرتے ہیں کہ ان کے حفظ میں کچھ (نقص ) تھا لہذا میں (روایت حدیث کے لئے) ان سے ملاقات کو ناپسند کرتا ہوں، مسلم کہتے ہیں کہ میں نے ابن معین سے پوچھا: آپ کو کون زیادہ پسند ہے ابن عقیل یا عاصم بن عبید؟ تو بولے: میں ان میں سے کسی کو پسند نہیں کرتا، عجلی نے کہا: یہ مدنی تابعی اور جائز الحدیث ہیں، ابو حاتم نے کہا: قوی نہیں، لین الحدیث ہیں اور ان راویوں میں سے نہیں ہیں جن سے حجت پکڑی جا سکے لیکن مجھے تمام بن نحیح کی نسبت زیادہ پسند ہیں ان کی حدیث لکھی جاتی ہے، نسائی نے کہا: ضعیف ہیں، ابن خزیمہ نے کہا کہ ان کے سوء حفظ کے باعث میں ان سے دلیل نہیں پکڑتا، ابو احمد حاکم نے کہا: امام احمد بن حنبل اور اسحاق بن راہویہ ان کی حدیث سے حجت پکڑتے ہیں حالانکہ یہ مضبوط اور معتمد نہیں ہیں، ترمذی نے کہا: صدوق ہیں، اور بعض اہل علم نے ان پر حفظ کی جہت سے کلام کیا ہے اور میں نے محمد بن اسماعیل بخاری کو فرماتے سنا ہے کہ امام احمد بن حنبل، اسحاق بن ابراہیم اور حمیدی، عبدالله بن محمد بن عقیل کی حدیث سے دلیل پکڑتے تھے، امام محمد (بن اسماعیل بخاری) فرماتے ہیں کہ عبد الله مقارب الحدیث ہیں، ابن عدی نے کہا: معروف ثقات راویوں کی ایک جماعت نے ان سے روایت کی ہے، ابن سمعان سے بہتر ہیں اور ان کی حدیث لکھی جاتی ہے، خلیفہ نے کہا کہ 140 ہجری کے بعد فوت ہوئے، میں کہتا ہوں عقیلی نے کہا کہ آپ بہترین، فاضل اور عبادت گزار تھے لیکن آپ کے حفظ میں کچھ (نقص) تھا، ابن خراش نے کہا: لوگوں نے ان کے بارے کلام کیا ہے، ساجی نے کہا کہ اہل صدق میں سے تھے مگر متقن (مضبوط حافظہ والے) نہیں تھے، مسعود سجزی نے حاکم سے روایت کیا ہے کہ معمر تھے اور آپ کا حافظہ خراب ہوگیا تھا پس اندازے سے حدیث بیان کیا کرتے تھے اور ایک دوسرے مقام پر کہا کہ مستقیم الحدیث تھے، خطیب نے کہا: سییٔ الحفظ تھے، ابن حبان نے کہا: ردیٔ الحفظ تھے، توہم سے بیان کرتے تھے اس لئے ان کی خبریں (درست) طریقے پر نہیں پس ان کی خبروں سے اجتناب لازم ہے، ابن قانع نے ان کا سن وفات 142 ہجری بیان کیا ہے اور ابن عبدالبر نے کہا ہے کہ جتنے بھی لوگوں نے ان کے بارے میں کلام کیا ہے یہ ان سب سے بہتر تھے اور یہ افراط ہے۔ (تہذیب التہذیب، تابع حرف العين، من اسمه عبد الله، 14-6/13، مطبعة دائرة النظامية، هند، ملتقطاً)

امام شمس الدین محمد بن احمد ذہبی ان کے بارے مختلف اقوال درج کرنے کے بعد ’سیر اعلام النبلاء‘ میں لکھتے ہیں:

میں کہتا ہوں کہ ان (عبد اللہ بن محمد بن عقیل) کی حدیث درجۂ صحت و احتجاج تک نہیں پہنچتی۔

اور یہی امام ’میزان الاعتدال‘ میں فرماتے ہیں: ”میں کہتا ہوں کہ ان کی حدیث مرتبۂ حسن میں ہے۔ (سیر اعلام النبلاء، تابع الطبقة الرابعة، ابن عقیل عبد الله بن محمد بن عقیل، 205-6/204، موسسة الرسالة)(میزان الاعتدال، حرف العين، عبد الله بن محمد بن عقیل…، 2/485، دار المعرفة للنشر والتوزيع، بیروت)