۳۵ – بَابُ الْأَذَانِ بَعْدَ ذَهَابِ الْوَقْتِ

وقت گزرنے کے بعد اذان دینا

اس باب میں یہ بیان کیا گیا ہے کہ وقت نکلنے کے بعد اذان دینے کا کیا حکم ہے۔

۵۹۵ – حَدَّثَنَا عِمْرَانُ بْنُ مَيْسَرَةَ قَالَ حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ فَضِيلٍ قَالَ حَدَّثَنَا حُصَيْنٌ، عَنْ عَبْدِاللَّهِ بْنِ أَبِي قَتَادَةَ، عَنْ أَبِيهِ قَالَ سِرْنَا مَعَ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لَيْلَةً، فَقَالَ بَعْضُ الْقَوْمِ لَوْ عَرَّسْتَ بِنَا يَارَسُولَ اللَّهِ؟ قَالَ أَخَافُ أَنْ تَنَامُوا عَنِ الصَّلَاةِ، قَالَ بِلَالٌ أَنَا أُوقِظُكُمْ، فَاضْطَجَعُوا، وَأَسْنَدَ بِلَالٌ ظَهْرَهُ إِلَى رَاحِلَتِهِ، فَغَلَبَتْهُ عَيْنَاهُ فَنَامَ، فَاسْتَيْقَظَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَقَدْ طَلَعَ حَاجِبُ الشَّمْسِ، فَقَالَ يَا بِلَالُ، أَيْنَ مَا قُلْتَ؟ قَالَ مَا أَلْقَيْتُ عَلَى نَوْمَةً مِثْلَهَا قَطُّ، قال ان اللہ قبض ارواحکم حین شاء، وَرَدَّهَا عَلَيْكُمُ حِينَ شَاءَ، يَا بِلَالُ، قم فَأَذِّنْ بالنَّاسِ بِالصَّلَاةِ، فَتَوَضَّأَ، فَلَمَّا ارْتَفَعَتِ الشَّمْسُ وَابْيَاضَّتْ، قَامَ فَصَلَّى. [طرف الحديث: 7471]

(سنن ابوداؤد: 440-439، سنن نسائی: 845، موطا امام مالک: 25، دارالمعرفۃ بیروت، مصنف ابن ابی شیبہ ج ۲ ص 67-66، السنن الکبریٰ للنسائی: 11448، سنن بیہقی ج ۲ ص ۲۱۶، کتاب الاسماء والصفات ص ۱۴۲،صحیح ابن خزیمہ: 409، صحیح ابن حبان: 1579، مسند احمد ج ۵ ص 307 طبع قدیم مسند احمد: ۲۲۶۱۱، ج 37 ص 296، مؤسسۃ الرسالۃ بیروت)

امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں عمران بن میسرہ نے حدیث بیان کی انہوں نے کہا: ہمیں محمد بن فضیل نے حدیث بیان کی، انہوں نے حصین نے حدیث بیان کی از عبداللہ بن ابی قتادہ از والد خود، انہوں نے کہا: ہم ایک رات نبی ﷺ کے ساتھ روانہ ہوئے تو بعض لوگوں نے کہا: یارسول اللہ! کاش آپ ہم کو رات کے آخری حصہ میں ٹھہرالیں؟ آپ نے فرمایا: مجھے خطرہ ہے کہ تم نماز کے وقت سوئے رہو گے، حضرت بلال نے کہا: میں تم سب کو بیدار کروں گا، پھر وہ سب لیٹ گئے اور حضرت بلال نے اپنی سواری کی طرف ٹیک لگالی، پھر ان کی آنکھوں پر نیند غالب آگئی پس وہ سوگئے، پھر نبی ﷺ بیدار ہوئے اور اس وقت سورج کا ایک کنارہ طلوع ہوچکا تھا، آپ نے فرمایا: اے بلال! تمہارا وہ قول کہاں گیا؟ انہوں نے کہا: مجھے ایسی گہری نیند آئی کہ اس سے پہلے ایسی گہری نیند نہیں آئی تھی! آپ نے فرمایا: بے شک اللہ جب چاہتا ہے تمہاری روحوں کو قبض کرلیتا ہے اور جب چاہتا ہے تمہاری روحوں کو لوٹا دیتا ہے، اے بلال! کھڑے ہو کر لوگوں کے لیے اذان دو پھر آپ نے وضوء کیا، پھر جب سورج بلند ہوگیا اور سفید ہوگیا تو آپ نے کھڑے ہوکر نماز پڑھائی ۔

حدیث مذکور کے رجال

(۱) عمران بن میسرہ

(۲) محمد بن فضیل

(۳) حصین بن عبد الرحمن السلمی الکوفی، یہ ۱۳۶ھ میں فوت ہوگئے تھے

(۴) عبد اللہ بن ابی قتادہ

(۵) ان کے والد حضرت ابوقتادہ رضی اللہ عنہ،  ان کا نام الحارث بن ربعی بن بلدیہ الانصاری ہے۔(عمدۃ القاری ج 5 ص 127)

روح کی تعریف اور اس کے افعال اور آثار

اس حدیث میں مذکور ہے: بے شک اللہ نے تمہاری روحوں کو قبض کرلیا۔

“الارواح”، “الروح” کی جمع ہے یہ مذکر اور مونث ہے روح کی تعریف یہ ہے: یہ ایک جوہر لطیف روحانی ہے جس کا بدن کے ہر ہر جز میں اس طرح حلول ہوتا ہے جس طرح نمی کا پتے میں یا خوشبو کا پھول میں یا آگ کا انگارے میں حلول ہوتا ہے غذاء اور دنیا کی ردی چیزیں اور فحش اور فجور اور بُرے افعال اور دیگر غیر شرعی اقوال اور افعال روح کو مکدر اور مضمحل کر دیتے ہیں عبادات اذکار اور نیک کام روح کو مطمئن اور مسرور رکھتے ہیں، روح جزئیات اور کلیات کا ادراک کرتی ہے اور بدن میں تصرف کرتی ہے یہ کھانے پینے اور فربہ ہونے سے مستغنی ہوتی ہے، اسی وجہ سے یہ بدن کے فناء ہونے کے بعد بھی باقی رہتی ہے کیونکہ اس کو اپنی بقاء میں بدن کی احتیاج نہیں ہوتی، اس کا تعلق عالم عناصر سے نہیں ہے بلکہ عالم ملکوت سے ہے بدن کے نقصان سے اس کو کوئی ضرر نہیں ہوتا ذکر اذکار سے اس کو لذت حاصل ہوتی ہے اور گناہوں سے اس کو تکلیف ہوتی ہے ان آثار کی اصل قرآن مجید کی اس آیت میں ہے:

وَلَا تَحْسَبَنَّ الَّذِينَ قُتِلُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ أَمْوَاتًا بَلْ أَحْيَاءٌ عِندَ رَبِّهِمْ يُرْزَقُونَ (آل عمران: ۱۶۹)

اور جو لوگ اللہ کی راہ میں شہید ہوچکے ہیں ان کو ہرگز نہ ہرگز مردہ گمان نہ کرو بلکہ وہ اپنے رب کے پاس زندہ ہیں ان کو رزق دیا جاتا ہے۔

نیز قرآن مجید میں ہے:

اللَّهُ يَتَوَفَّى الْأَنفُسَ حِينَ مَوْتِهَا وَالَّتِي لَمْ تَمُتْ فِي مَنَامِهَا فَيُمْسِكُ الَّتِي قَضَى عَلَيْهَا الْمَوْتَ وَيُرْسِلُ الْأُخْرَى إِلَى أَجَلٍ مُّسَمًّى. (الزمر: ۴۲)

اللہ ہی روحوں کو ان کی موت کے وقت قبض فرماتا ہے اور جن کی موت نہیں آئی ان کو ان کی نیند کے وقت قبض فرمالیتا ہے، پھر جن کی موت کا فیصلہ ہوچکا ہوتا ہے ان کی روح کو روک لیتا ہے اور دوسری روحوں کو ایک مقرر میعاد تک کے لیے چھوڑ دیتا ہے۔

نیند میں جو روح کو قبض کیا جاتا ہے اس کو وفات صغری کہا جاتا ہے اور موت کے وقت جو روح کو قبض کیا جاتا ہے اس کو وفات کبری کہا جاتا ہے اور جب تک انسان کی زندگی کی معین میعاد نہیں آتی اس وقت تک نیند میں اس کی روح قبض ہوتی رہتی ہے اور پھر اس کی واپسی ہوتی رہتی ہے۔

نبی ﷺ اور دیگر انبیاء علیہم السلام کا نیند سے وضوء نہ ٹوٹنا

علامہ یوسف بن عبداللہ ابن عبدالبر المالکی المتوفی ۴۶۳ھ اس حدیث کی شرح میں لکھتے ہیں:

یہ حدیث صحاح کی کتب میں متعدد اسانید سے آئی ہے جس میں یہ مذکور ہے کہ ایک سفر میں صبح کی نماز کے وقت نیند آگئی تھی یہ حدیث صحابہ کی ایک جماعت سے مروی ہے اور میرا گمان یہ ہے کہ یہ ایک ہی قصہ ہے اور یہ اس وقت پیش آیا تھا جب آپ خیبر سے واپس آرہے تھے۔

حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ نے کہا ہے کہ اس حدیث میں حدیبیہ کے زمانہ کا واقعہ ہے اور یہ ایک ہی سال ہی کا واقعہ ہے اور اسی سال آپ خیبر تشریف لے گئے تھے اور اللہ تعالیٰ نے آپ کے لیے خیبر فتح کردیا تھا۔

اس حدیث میں مذکور ہے کہ نبی ﷺ رات کے آخری حصہ میں سوگئے تھے اور آپ اس وقت بیدار ہوئے جب سورج کا ایک کنارہ طلوع ہوچکا تھا اور یہ چیز آپ کی طبیعت اور آپ کے معمول سے خارج ہے اسی طرح دیگر انبیاء علیہم السلام کے طبائع اور معمولات سے یہ چیز خارج ہے اور میرا گمان ہے کہ تمام انبیاء علیہم السلام کی یہ خصوصیت ہے کہ ان کی آنکھیں سوتی ہیں اور ان کا دل نہیں سوتا اور اس موقع پر جو آپ کو نیند آگئی تو وہ اس لیے تھا کہ یہ چیز سنت ہوجائے اور مسلمانوں کو یہ معلوم ہوجائے کہ جو شخص نماز کے وقت سوجائے یا نماز کو بھول جائے حتی کہ نماز کا وقت نکل جائے اُس کا کیا حکم ہے اور وہ نماز کس طرح ادا کرے گا اور یہ واقعہ اس باب سے ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: بے شک میں بھولتا ہوں یا بھلا دیا جاتا ہوتا کہ کوئی کام سنت ہوجائے ۔ (موطا امام مالک: ۲۲۸، دارالمعرفۃ بیروت)

اور جو چیز آپ کی فطرت اور عادت کے مطابق ہے وہ یہ ہے کہ نیند آپ کے دل کو نہیں ڈھانپتی اور آپ کے نفس سے مخلوط نہیں ہوتی کیونکہ آپ نے فرمایا ہے: میری آنکھیں سوتی ہیں اور میرا دل نہیں سوتا۔ (صحیح البخاری: 1147، صحیح مسلم: 738، سنن ابوداؤد: 1341، سنن ترمذی: 439، سنن نسائی: ۱۶۹۶، سنن بیہقی ج ۲ ص 496، صحیح ابن خزیمہ: 49، دلائل النبوۃ للبیہقی ج ۱ ص 372 شرح السنہ ج 4 ص 5، مسند احمد ج ۶ ص 104 طبع قدیم)

نیند کی حالت میں نماز کا فوت ہوجانا گناہ نہیں ہے

جب رسول اللہ ﷺ کے صحابہ نیند سے بیدار ہوئے تو وہ نماز فوت ہوجانے کی وجہ سے بے حد خوف زدہ تھے کیونکہ اس وقت ان کو یہ علم نہیں تھا کہ جو شخص سویا ہوا ہو اور اس کے نیند کی وجہ سے نماز فوت ہوجائے اُس سے گناہ ساقط ہوتا ہے کیونکہ رسول اللہ ﷺ جب ان کی طرف مبعوث کیے گئے تو ان کو کسی چیز کا علم نہیں تھا، پھر رسول اللہ ﷺ نے انہیں بتایا کہ سونے والے اور بھولنے والے سے گناہ ساقط ہوجاتا ہے اور ان سے نماز ساقط نہیں ہوتی اور ان پر لازم ہوتا ہے کہ وہ بیدار ہونے کے بعد نماز پڑھیں باقی سونے والے سے گناہ ساقط ہونے کے متعلق یہ حدیث ہے:

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تین شخصوں سے قلم تکلیف کو اٹھا لیا گیا ہے: (۱) سویا ہوا شخص حتی کہ بیدار ہوجائے (۲) بیماری میں مبتلا شخص حتی کہ تندرست ہوجائے (ایک روایت میں ہے: دیوانہ حتی کہ تندرست ہوجائے) (۳) بچہ حتی کہ بالغ ہوجائے ۔ (سنن ابوداؤد: ۴۳۹۸، ۴۳۹۹، سنن نسائی: ۳۴۳۲، سنن ابن ماجہ: 2041)

حضرت ابو قتادہ رضی اللہ عنہ کی حدیث میں ہے کہ اس موقع پر آپ نے فرمایا: نیند میں نماز کو ترک کرنے میں کوئی تقصیر نہیں ہے، تقصیر بیداری میں ہے کہ انسان نماز کو ترک کردے حتی کہ دوسری نماز کا وقت داخل ہوجائے۔

جس وادی میں نماز قضاء ہوئی تھی، اُس وادی سے نکل کر دوسری جگہ نماز پڑھنے کی وجوہ

نبی ﷺ نے اس وادی میں نماز کے فوت ہونے کی وجہ سے اس وادی سے نکل گئے، اس کی وجہ بھی نبی ﷺ نے خود بیان فرمائی کہ اس وادی میں شیطان ہے کیا تم نے نہیں دیکھا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: شیطان بلال کے پاس آیا اور ان کو مسلسل چپکارہا جیسے بچہ کو تھپکا جاتا ہے (موطا امام مالک: ۲۶)

پھر نبی ﷺ نے ان کو حکم دیا کہ وہ جلد از جلد سواریوں پر سوار ہوکر وہاں سے نکلیں کیونکہ اس وادی میں شیطان ہے دوسری حدیث میں ہے کہ آپ نے فرمایا: اس وادی سے نکلو جس میں تم پر غفلت طاری ہوئی تھی اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ آپ نے وہاں نماز نہ پڑھی ہو جس طرح آپ نے بابل کی سرزمین میں نماز نہیں پڑھی تھی، حدیث میں ہے:

ابو صالح غفاری بیان کرتے ہیں کہ حضرت علیؓ سفر کرتے ہوئے بابل کے علاقے سے گزرے ان کے پاس عصر کی اذان دینے کے لیے مؤذن آیا جب وہ اس جگہ سے نکل گئے تو انہوں نے مؤذن کو اقامت کہنے کا حکم دیا اور جب وہ نماز سے فارغ ہوگئے تو انہوں نے فرمایا: مجھے میرے حبیب نے منع فرمایا ہے کہ میں قبرستان میں نماز پڑھوں اور مجھے آپ نے سرزمین بابل میں نماز پڑھنے سے منع فرمایا ہے کیونکہ اس جگہ پر لعنت کی گئی ہے۔ (سنن ابوداؤد: ۴۹۰، سنن بیہقی ج ۲ ص ۴۵۱)

اور یہ بھی روایت ہے کہ جب رسول اللہ ﷺ وادی ثمود پر آئے تو آپ نے لوگوں کو حکم دیا: یہاں سے جلدی گزر جائیں کیونکہ اس وادی پر لعنت کی گئی ہے۔ (سنن کبریٰ ج ۲ ص ۴۵۱)

حضرت عبداللہ بن عمرؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ان لوگوں پر عذاب کیا گیا تھا، سو تم ان پر بغیر روتے ہوئے نہ گزرو اور اگر تم رو نہ سکو تو پھر ان لوگوں پر داخل نہ ہو، کہیں تم پر بھی وہ عذاب نہ آجائے جو ان پر آیا تھا۔ (صحیح بخاری: 433، صحیح مسلم: ۲۹۸۰، مصنف عبدالرزاق: 1264، مسند احمد ج ۲ ص ۹۶)

امام ابوحنیفہ کے نزدیک اس وادی سے نکل کر دوسری جگہ نماز پڑھنے کی وجہ۔۔۔اور اس پر حافظ ابن عبدالبر کا اعتراض

امام ابوحنیفہ اور ان کے اصحاب نے کہا ہے کہ نبی ﷺ جو اس وادی سے نکل گئے تھے اس کی وجہ یہ ہے کہ جب آپ بیدار ہوئے تو سورج طلوع ہوچکا تھا اور نبی ﷺ نے طلوعِ آفتاب کے وقت نماز پڑھنے سے منع فرمایا ہے حتیٰ کہ سورج بلند ہوجائے اور اس وقت فرض پڑھنا جائز ہے نہ نفل پڑھنا جائز ہے اور یہ ایسا ہے جیسے رسول اللہ ﷺ نے عیدالفطر اور عید الاضحیٰ کے دن روزہ رکھنے سے منع فرمایا ہے، سو عید کے دن فرض روزہ رکھنا جائز ہے نہ نفل روزہ رکھنا جائز ہے اور ان کی دلیل یہ حدیث ہے:

حضرت ابن عمرؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب سورج کا ایک کنارہ طلوع ہوجائے تو نماز کو مؤخر کر دو حتیٰ کہ سورج بلند ہوجائے اور جب سورج کا ایک کنارہ غروب ہوجائے تو نماز کو مؤخر کر دو کہ سورج (مکمل) غروب ہوجائے۔(صحیح البخاری: ۵۸۳، صحیح مسلم: ۸۲۸، کنز العمال: ۱۹۵۸۷)

اور جس حدیث میں یہ مذکور ہے:

حضرت انس بن مالکؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ سے اس شخص کے متعلق سوال کیا گیا جس نے نماز سے غفلت کی یا نماز کے وقت سوگیا؟ آپ نے فرمایا: اس کو جس وقت یاد آئے اُس وقت نماز پڑھ لے۔ (صحیح مسلم: ۶۸۴، سنن نسائی: ۶۱۳، سنن ابن ماجہ: ۶۹۵)

اس حدیث کا فقہاء احناف نے یہ جواب دیا ہے کہ اس حدیث میں رسول اللہ ﷺ نے یہ خبر دی ہے کہ جو شخص سوگیا یا نماز کو بھول گیا، اس سے نماز ساقط نہیں ہوگی اور اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ سورج کے طلوع یا غروب کے وقت پڑھے اور فقہاء احناف کے خلاف حجت یہ حدیث ہے:

حضرت ابوہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی شخص غروبِ آفتاب سے پہلے نمازِ عصر کا ایک سجدہ پالے تو اپنی نماز پوری کرے۔ اور جب وہ طلوعِ آفتاب سے پہلے نماز کا ایک سجدہ پالے تو وہ اپنی نماز پوری کرے۔ (صحیح بخاری: ۵۵۶، صحیح مسلم: ۶۰۸)

حافظ ابن عبدالبر کے اعتراض کا جواب

میں کہتا ہوں: اس حدیث میں امام ابوحنیفہ کے خلاف کوئی دلیل نہیں ہے، ہم نعمۃ الباری میں حدیث: ۵۵۶ کی شرح میں اس کی مکمل وضاحت کرچکے ہیں؛ جس کا خلاصہ یہ ہے کہ متعدد احادیث میں رسول اللہ ﷺ نے طلوعِ آفتاب کے وقت نماز پڑھنے سے منع فرمایا ہے اور جس نے طلوعِ آفتاب کے بعد باقی ماندہ ایک رکعت پڑھی اُس کی نماز فاسد ہوجائے گی البتہ عصر کی نماز کا آخری وقت ناقص ہوتا ہے لہذا جس نے غروبِ آفتاب سے پہلے ایک رکعت پڑھی وہ غروبِ آفتاب کے بعد باقی ماندہ نماز پڑھ لے اُس کی نماز ناقص شروع ہوئی تھی اور ناقص ختم ہوجائے گی، اس کے برخلاف صبح کا پورا وقت کامل ہوتا ہے لہذا جب طلوعِ آفتاب سے پہلے ایک رکعت پڑھی اور طلوعِ آفتاب کے بعد دوسری رکعت پڑھی تو یہ نماز شروع کامل وقت میں کی تھی اور ختم ناقص وقت میں کی اس لیے یہ نماز فاسد ہوجائے گی اور اس حدیث کا معنی یہ ہے کہ جس نے طلوعِ آفتاب سے پہلے ایک رکعت پڑھنے کا وقت پالیا یا غروبِ آفتاب سے پہلے ایک رکعت پڑھنے کا زمانہ پالیا، مثلاً وہ اُس وقت مسلمان ہوا تھا یا وہ اُس وقت بالغ ہوا تھا یا عورت کا حیض اس وقت منقطع ہوا تھا تو ان سب پر اس دن کی فجر یا عصر فرض ہوجائے گی جس کو وہ بعد میں ادا کریں گے۔

اس وادی میں جوازِ نماز کی تحقیق

حافظ ابن عبدالبر نے کہا: ہمارے نزدیک اس باب میں مختار قول یہ ہے کہ اس وادی میں اور کسی بھی زمین کے ٹکڑے پر نماز پڑھنا جائز ہے جب تک کہ وہاں پر کسی نجاست کا یقین نہ ہو اور جن احادیث میں یہ مذکور ہے کہ مقبرہ میں یا سرزمینِ بابل میں یا جس جگہ شیطان کا اثر ہو یا اونٹوں کے بارے میں یا جو جگہ ملعون ہو وہاں نماز نہ پڑھی جائے وہ تمام احادیث اس حدیث سے منسوخ ہیں جس میں تصریح ہے کہ میرے لیے تمام روئے زمین کو مسجد بنادیا گیا ہے، وہ حدیث یہ ہے:

حضرت جابر بن عبداللہ الانصاری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مجھے پانچ ایسی چیزیں دی گئی ہیں جو مجھ سے پہلے کسی کو نہیں دی گئیں، ہر نبی کو ایک خاص قوم کی طرف مبعوث کیا جاتا تھا اور مجھے ہر سرخ اور سیاہ کی طرف مبعوث کیا گیا ہے اور میرے لیے غنیمتوں کو حلال کر دیا گیا ہے اور مجھ سے پہلے وہ کسی کے لیے حلال نہیں تھیں اور میرے لیے تمام روئے زمین کو پاک اور پاک کرنے والی بنادیا گیا ہے اور مسجد بنادیا گیا ہے، لہذا جو شخص جہاں بھی نماز کا وقت پائے وہ نماز پڑھ لے اور چھ ماہ کی مسافت سے میرا رعب طاری کردیا گیا ہے اور مجھے شفاعت عطا کی گئی ہے۔ (صحیح مسلم: ۵۲۱، مسند احمد ج ۲ ص 412، سنن بیہقی ج ۲ ص 433، دلائل النبوۃ للبیہقی ج ۵ ص 472)

اس حدیث میں نبی ﷺ نے اپنے فضائل اور خصائص کی خبر دی ہے اور اہل علم کے نزدیک آپ کے فضائل نہ منسوخ ہوسکتے ہیں اور نہ تبدیل ہوسکتے ہیں اور نہ ان میں کوئی کمی ہوسکتی ہے۔

حافظ ابن عبدالبر نے اس حدیث کی بہت طویل شرح کی ہے اور ہم نے باب مذکور کی حدیث سے متعلق حصہ کو نقل کردیا ہے اور باقی تفصیلات کو ترک کردیا ہے۔ (التمہید ج ۲ ص ۵۷۰-۵۶۱ دارالکتب العلمیہ بیروت 1419ھ)

رات کے آخری حصہ میں قیام کرنا، نمازِ فجر کی حفاظت کا انتظام کرنا اور دیگر اہم مسائل

علامہ بدر الدین محمود بن احمد عینی حنفی متوفی ۸۵۵ھ لکھتے ہیں:

(۱) اس حدیث میں مذکور ہے کہ صحابہ کرام نے رسول اللہ ﷺ سے درخواست کی کہ رات کے آخری حصہ میں آرام کرنے کے لیے کسی جگہ قیام کیا جائے اس سے معلوم ہوا کہ جن کاموں میں دنیاوی خیر ہو ان کا امیر اور قوم کے سربراہ سے مطالبہ کرنا جائز ہے۔

(۲) چونکہ اس وادی کے اندر اخیر شب سونے میں یہ خطرہ تھا کہ کہیں فجر کی نماز فوت نہ ہوجائے اس لیے رسول اللہ ﷺ نے حضرت بلال رضی اللہ عنہ کو مقرر کیا کہ وہ نماز کے وقت سب کو جگائیں اس سے معلوم ہوا کہ قوم کے سربراہ کو نماز کی حفاظت کے لیے کسی کو مقرر کرنا چاہیے اور یہ کہ اپنے کسی خادم کو نماز کی حفاظت کے لیے معین کرنا چاہیے اور حضرت بلال رضی اللہ عنہ کو خصوصاً اس لیے مقرر فرمایا کہ اذان دینے کے لیے وہی مامور تھے۔ (آج کل صبح کی نماز میں اٹھنے کے لیے جو الارم لگایا جاتا ہے وہ بھی اس کے قائم مقام ہے۔ سعیدی غفرلہ)

قضائے نماز کے لیے اذان دینا اور اقامت کہنا اور سنت فجر کی قضاء کرنا

(۳) اس حدیث میں مذکور ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اے بلال! کھڑے ہوکر لوگوں کے لیے اذان دو۔ اس سے معلوم ہوا کہ قضاء نماز کے لیے بھی اذان دینا مستحب ہے اس حدیث میں اذان کے بعد فجر کی سنتوں کو پڑھنے کا ذکر نہیں ہے لیکن حضرت عمران بن حصین کی حدیث میں اذان کے بعد فجر کی سنتوں کے پڑھنے کا بھی ذکر ہے وہ حدیث یہ ہے:

حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ ایک سفر میں تھے پس لوگ سوگئے اور نماز فجر کا وقت نکل گیا اور سورج کی گرمی سے سب بیدار ہوئے پس وہ تھوڑی دیر چلے حتی کہ سورج بلند ہوگیا پھر آپ نے مؤذن کو اذان دینے کا حکم دیا تو اس نے اذان دی، پھر آپ نے نماز فجر سے پہلے دو رکعت نماز (سنت فجر) پڑھی پھر آپ نے اقامت کہنے کا حکم دیا، پھر آپ نے نماز فجر پڑھائی۔ (سنن ابو داؤد: ۴۴۳)

قضاء نماز کو فوراً پڑھنا واجب نہیں، طلوعِ شمس کے وقت نماز پڑھنے کا عدم جواز اور قضاء نماز کی جماعت کا جواز

(۴) اس حدیث میں یہ دلیل ہے کہ جو نماز کسی عذر کی وجہ سے قضاء ہوئی ہے اس کو فوراً ادا کرنا واجب نہیں ہے یہی صحیح مذہب ہے لیکن اگر کوئی شرعی مانع نہ ہو تو اس کو فوراً ادا کرنا مستحب ہے اور یہاں شرعی مانع یہ تھا کہ جب وہ بیدار ہوئے تو سورج طلوع ہوچکا تھا اور طلوع آفتاب کے وقت نماز پڑھنے سے آپ نے منع فرمایا ہے اس لیے آپ نے کچھ اور آگے سفر کیا اور جب سورج بلند ہوگیا تو پھر آپ نے نماز پڑھائی۔

(۵) اس حدیث میں یہ دلیل ہے کہ جن اوقات میں آپ نے نماز پڑھنے سے منع فرمایا ہے اُن اوقات میں قضاء نماز بھی پڑھنا جائز نہیں ہے اُسی وجہ سے آپ نے فوراً نماز نہیں پڑھائی۔ ہمارے اصحاب نے یہ کہا ہے کہ جب سورج طلوع ہونے کے بعد ایک نیزہ یا دو نیزہ کے مقدار بلند ہوجائے اُس وقت نماز پڑھنا جائز ہوجاتا ہے۔

(۶) چونکہ نبی ﷺ نے صحابہ کو جماعت کے ساتھ نماز پڑھائی اس میں یہ دلیل ہے کہ قضاء نماز کو جماعت کے ساتھ پڑھانا جائز ہے۔

سنت فجر کو قضاء کرنے میں مذاہب

(۷) سنن ابوداؤد میں قضاء نماز سے پہلے سنت فجر پڑھنے کا ذکر ہے اس لیے فقہاء احناف اور فقہاء شافعیہ کے نزدیک فجر کی سنت کی بھی قضاء کرنا جائز ہے امام مالک نے کہا ہے کہ اگر کوئی شخص چاہے تو طلوع آفتاب کے بعد سنت فجر کی قضاء کرلے اور امام محمد بن الحسن نے یہ فرمایا ہے کہ جب کسی شخص کی سنتِ فجر فوت ہوجائے تو وہ زوال سے پہلے پہلے ان کو ادا کرلے اور امام ابوحنیفہؒ اور امام ابو یوسفؒ نے یہ فرمایا ہے کہ اگر کسی شخص کی صرف سنتِ فجر فوت ہوئی ہے تو وہ بعد میں اس کو ادا نہ کرے اور اگر سنتِ فجر، فرض کے ساتھ فوت ہوئی تو پھر اتفاقاً فرض سے پہلے سنتِ فجر کو بھی پڑھے جیسا کہ سنن ابوداؤد کی حدیث میں ہے۔

(۸) اس حدیث میں اس پر بہت قوی دلیل ہے کہ طلوعِ شمس کے وقت کوئی نماز نہ پڑھی جائے، اداء، قضاء، فرض نہ نفل۔ (عمدۃ القاری ج ۵ ص ۱۳۰ – ۱۲۹ ملخصاً و موضحاً و مخرجا، دار الکتب العلمیہ بیروت 1421ھ)