۳۷ – بَابُ مَنْ نَسِيَ صَلَوٰةً فَلْيُصَلِّ إِذَا ذَكَرَهَا، وَلَا يُعِيدُ إِلَّا تِلْكَ الصَّلَوٰةَ

جو شخص کسی نماز کو پڑھنا بھول گیا تو جب وہ اس نماز کو یاد کرے، اُس کو پڑھ لے اور اس وقت صرف اسی نماز کو پڑھے گا۔ 

اس باب میں یہ ذکر کیا جائے گا کہ جو شخص کسی نماز کو پڑھنا بھول گیا حتی کہ اس کا وقت نکل گیا، اس کو جب وہ نماز یاد آئے اس کو پڑھ لے اور اس وقت وہ صرف اسی نماز کو ادا کرے گا۔

وَقَالَ إِبْرَاهِيمُ مَنْ تَرَكَ صَلَوٰةً وَاحِدَةً عِشْرِينَ سَنَةً، لَمْ يُعِدْ إِلَّا تِلْكَ الصَّلَوةَ الْوَاحِدَةَ. 

اور ابراہیم النخعی نے کہا: جس شخص نے ایک نماز بیس سال تک نہیں پڑھی تو وہ صرف اسی ایک نماز کی قضاء کرے گا۔ 

امام بخاری نے اس تعلیق سے ان لوگوں کے ردّ کا ارادہ کیا ہے جو کہتے ہیں کہ وہ اس نماز کو دو مرتبہ پڑھے گا۔

۵۹۷ – حَدَّثَنَا أَبُو نُعَيْمٍ، وَمُوسَى بْنُ إِسْمَاعِيلَ قَالَا حَدَّثَنَا هَمَّامٌ، عَنْ قَتَادَةَ، عَنْ أَنَسٍ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ مَنْ نَسِيَ صَلَوٰةً فَلْيُصَلِّ إِذَا ذَكَرَهَا، لَا كَفَّارَةَ لَهَا إِلَّا ذَلِكَ ﴿وَأَقِمِ الصَّلَوةَ لِذِكْرِي﴾ (طه:١٤) . قَالَ مُوسَى قَالَ هَمَّامٌ سَمِعْتُهُ يَقُولُ بَعْدُ ﴿وَأَقِمِ الصَّلَوةَ لِذِكْرِي﴾ (طه:١٤) . وَقَالَ حَبَّانُ حَدَّثَنَا هَمَّامٌ قَالَ حَدَّثَنَا قَتَادَةُ حَدَّثَنَا أَنَسٌ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نَحْوَهُ.

امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں ابونعیم اور موسیٰ بن اسماعیل نے حدیث بیان کی ان دونوں نے کہا: ہمیں ہمام نے حدیث بیان کی از قتادہ از حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ از نبی صلی اللہ علیہ وسلم، آپ نے فرمایا: جو شخص کسی نماز کو بھول گیا تو اس کو جب وہ نماز یاد آئے اس کو پڑھ لے اس کے سوا اس نماز کا اور کوئی کفارہ نہیں ہے۔ (اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے:) اور مجھے یاد کرنے کے لیے نماز پڑھو۔ (طہ: ۱۴) موسیٰ نے بیان کیا: ہمام نے کہا: میں نے قتادہ کو بعد میں یہ پڑھتے ہوئے سنا: اور مجھے یاد کرنے کے لیے نماز پڑھو۔ (طہ: ۱۴) اور حبان نے کہا: ہمیں ہمام نے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: ہمیں قتادہ نے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: ہمیں حضرت انس رضی اللہ عنہ نے اسی کی مثل حدیث بیان کی از نبی صلی اللہ علیہ وسلم ۔

(صحیح مسلم: ۶۸۴، الرقم المسلسل: ۱۵۳۸، سنن ابوداؤد: ۴۴۲، سنن ترمذی: ۱۷۸، سنن نسائی: ۶ٍ۱۲، سنن ابن ماجہ: ۶۹۶، صحیح ابن خزیمہ: ۹۹۳، صحیح ابن حبان: ۱۵۵۶، مسند احمد ج ۳ ص ۲۸۲ طبع قدیم، مسند احمد : ۱۴۰۰۷ ، ج ۲۱ ص ۴۱۳، مؤسسة الرسالة بیروت، جامع المسانید لابن الجوزی : ۴۶۴، مکتبہ الرشد ریاض ۱۴۲۶ھ)

 حدیث مذکور کے رجال

(۱) ابونعیم الفضل بن دکین

 (۲) موسیٰ بن اسماعیل المنقری التبوذکی

 (۳) ہمام بن یحییٰ

 (۴) قتادہ

 (۵) حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ ۔ (عمدۃ القاری ج ۵ ص ۱۳۵)

 قضاء نماز کو فوراً ادا کرنے پر ایک اعتراض کا جواب

اس حدیث میں مذکور ہے کہ اس کو جب وہ نماز یاد آئے اس کو پڑھ لے۔ 

اس پر یہ اعتراض ہوتا ہے کہ اس سے یہ لازم آتا ہے کہ جس وقت اس کو نماز یاد آئے فوراً اس کو قضاء کر لے حالانکہ قضاء نماز پڑھنا فوراً واجب نہیں بلکہ اس کو قضاء کرنے میں وسعت دی گئی ہے اور اس پر فقہاء کا اتفاق ہے، اس کا جواب یہ ہے کہ جب اس کو یاد آئے کہ اس نے فلاں نماز قضاء پڑھنی ہے اور ایک مدت تک اس کو یاد رہے اور اسی اثناء میں وہ اس نماز کو پڑھ لے تو اس پر یہ صادق آئے گا کہ اس کو جب وہ نماز یاد آئی تو اس نے اس نماز کو پڑھ لیا اور اس پر یہ لازم نہیں ہے کہ جس مدت میں اس کو نماز یاد آئے تو وہ اس مدت کی پہلی ساعت میں اس نماز کو پڑھ لے۔

 اس کی توجیہ کہ فوت شدہ نماز کا کفارہ صرف اس کی قضاء کرنا ہے

نیز اس حدیث میں فرمایا ہے: اس قضاء نماز کا صرف یہی کفارہ ہے۔

کفارہ کا معنی ہے: وہ فعل جو کسی گناہ کو مٹا دے یا اس گناہ کو چھپا دے، اس کا حاصل یہ ہے کہ فوت شدہ نماز کا صرف یہی کفارہ ہے یا اس کا صرف یہی تدارک اور تلافی ہے کہ اس کو پڑھ لیا جائے اور جو شخص اس نماز کو پڑھنا بھول گیا تھا، اس پر اس کی تلافی میں کسی چیز کا صدقہ کرنا واجب نہیں ہے یا اس کے تاوان میں اس پر کوئی جرمانہ نہیں ہے۔

 جو نماز کے وقت نشہ میں تھا یا سوگیا تھا یا نماز کو بھول گیا تھا، اس کا کفارہ صرف اس نماز کو ادا کرنا ہے

اس حدیث سے یہ معلوم ہوا کہ جو شخص کسی نماز کو بھول گیا خواہ وہ ایک نماز ہو یا متعدد نمازیں ہوں، اس پر اس نماز کی قضاء لازم ہے اور اسی طرح اگر وہ نماز کے وقت میں سوتا رہا، خواہ اس میں ایک وقت کی نماز کا وقت گزرا یا متعدد نمازوں کا وقت گزرا تو اس پر اس کی قضاء لازم ہے اور قضاء نماز پڑھنے کے بعد اس پر کوئی گناہ نہیں ہے۔

اہل ظواہر اور غیر مقلدین کے نزدیک جو شخص نشہ میں مدہوش ہو اور اس وجہ سے اس کی نماز فوت ہوجائے تو نشہ اترنے کے بعد اس پر اس نماز کی قضاء لازم ہے اور وہ ساری عمر اس نماز کو قضاء کرسکتا ہے۔

شیخ علی بن احمد بن سعید بن حزم الاندلسی المتوفی ۴۵۶ھ لکھتے ہیں:

جو شخص نشہ میں تھا حتیٰ کہ نماز کا وقت نکل گیا یا وہ سویا ہوا تھا حتیٰ کہ نماز کا وقت نکل گیا یا وہ نماز کو بھول گیا حتیٰ کہ نماز کا وقت نکل گیا، خصوصیت سے صرف ان لوگوں پر یہ فرض ہے کہ وہ ہمیشہ ان نمازوں کی قضاء کرسکتے ہیں، اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

لَا تَقْرَبُوا الصَّلٰوةَ وَاَنْتُمْ سُكٰرٰی حَتّٰی تَعْلَمُوْا مَا تَقُوْلُوْنَ. (النساء:۴۳) نشہ کی حالت میں تم نماز کے قریب نہ جاؤ حتیٰ کہ تم جان لو کہ تم کیا کہہ رہے ہو۔

اللہ تعالیٰ نے نشہ میں مدہوش شخص کے لیے نماز پڑھنا مباح نہیں کیا، حتیٰ کہ وہ جان لے کہ وہ کیا کہہ رہا ہے۔

حضرت ابوقتادہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: نیند میں تقصیر نہیں ہے، تقصیر بیداری میں ہے، پس جب تم میں سے کوئی شخص نماز کو بھول جائے یا نماز کے وقت سویا ہوا ہو تو اس کو جب نماز یاد آئے پڑھ لے۔ (سنن ابو داؤد: ۴۴۱، سنن ترمذی: ۱۷۷، سنن نسائی: ۶۱۱)

ان تمام امور پر یقینی اجماع ہے۔ (المحلی بالآثار ج ۲ ص ۱۰-۹ دارالکتب العلمیہ بیروت ۱۴۲۵ھ)

 غیر مقلدین کے نزدیک جس نے عمداً نماز کو ترک کیا، وہ اس نماز کی قضاء نہیں کرے گا، اس پر شیخ ابن حزم کے دلائل اور مصنف کے جوابات

داؤد ظاہری، غیر مقلدین اور شیخ ابن حزم کا مذہب یہ ہے کہ نشہ میں مدہوش، سوئے ہوئے اور جس نے بھولے سے نماز کو ترک کردیا حتیٰ کہ اس کا وقت نکل گیا تو صرف ان ہی لوگوں پر نماز کی قضاء لازم ہے اور جس شخص نے عمداً نماز کو ترک کردیا اس کے لیے نماز کو قضاء کرنا جائز نہیں ہے۔

شیخ ابن حزم اندلسی متوفی ۴۵۶ھ لکھتے ہیں:

جس شخص نے عمداً نماز کو ترک کیا حتی کہ نماز کا وقت نکل گیا‘ یہ شخص کبھی بھی نماز کو قضاء نہیں کرسکتا‘ اب اس کو چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ نیک کام کرے اور بہ کثرت نوافل پڑھے تا کہ قیامت کے دن اس کے گناہوں کا پلّہ ہلکا ہو اور وہ اللہ تعالیٰ سے توبہ اور استغفار کرے۔

امام ابوحنیفہ‘ امام مالک اور امام شافعی نے یہ کہا ہے کہ جس نے عمداً نماز کو ترک کردیا‘ وہ وقت نکلنے کے بعد اس نماز کی قضاء کرے۔

شیخ ابن حزم نے کہا: ہمارے قول کی صحت پر یہ آیات دلیل ہیں:

فَوَيْلٌ لِّلْمُصَلِّينَ O الَّذِينَ هُمْ عَنْ صَلَاتِهِمْ سَاهُونَ O (الماعون: ۵)

ان نمازیوں کے لیے عذاب ہے O جو اپنی نمازوں سے غفلت کرتے ہیں O

فَخَلَفَ مِنْ بَعْدِهِمْ خَلْفٌ أَضَاعُوا الصَّلَاةَ وَاتَّبَعُوا الشَّهَوَاتِ فَسَوْفَ يَلْقَوْنَ غَيًّا O (مریم: ۵۹)

پھر ان کے بعد ان کے برے جانشین پیدا ہوئے جنہوں نے نماز ضائع کردی اور نفسانی خواہشوں کی پیروی کی‘ وہ عنقریب (جہنم کی وادی) غَی میں داخل ہوں گے O

اگر عمداً نماز کو ترک کرنے والے کا کفارہ یا نماز کو ترک کرنے کی تلافی وقت گزرنے کے بعد اس کی قضاء پڑھنے سے ہو جاتی تو اللہ تعالیٰ یہ نہ فرماتا کہ نماز ترک کرنے والے کو عذاب ہوگا یا اس کو دوزخ کی وادی میں ڈال دیا جائے گا۔ (المحلی بالآثار ج ۲ ص ۱۰‘ دار الکتب العلمیہ بیروت‘ ۱۴۲۵ھ)

میں کہتا ہوں کہ ان آیات سے شیخ ابن حزم کا استدلال صحیح نہیں ہے کیونکہ آیات وعید میں قرآن مجید کا عام اسلوب یہ ہے کہ جس فعل پر قرآن مجید نے وعید سنائی ہے جب بندہ اس فعل پر توبہ کرلے اور اس فعل کا تدارک اور اس کی اصلاح کرلے تو پھر وہ وعید ساقط ہوجاتی ہے قرآن مجید میں ہے:

فَمَنْ تَابَ مِنْ بَعْدِ ظُلْمِهِ وَأَصْلَحَ فَإِنَّ اللَّهَ يَتُوبُ عَلَيْهِ إِنَّ اللَّهَ غَفُورٌ رَّحِيمٌ O (المائدہ: ۳۹)

پس جس شخص نے اپنے گناہ کے بعد توبہ کرلی اور اصلاح کرلی تو بے شک اللہ اس کی توبہ قبول فرماتا ہے‘ بے شک اللہ بہت بخشنے والا بے حد رحم فرمانے والا ہے

اصلاح کا معنی یہی ہے کہ اس نے اس گناہ کا تدارک کرلیا‘ مثلاً کسی کا مال چھینا تھا تو اس کا مال واپس کردیا‘ کسی کی امانت میں خیانت کی تھی تو اس کی امانت واپس کردی‘ کوئی روزہ بغیر شرعی عذر کے ترک کیا تھا تو اس روزے کی قضاء کرلی‘ کسی سال کی زکوٰۃ نہیں دی تھی تو اس سال کی زکوٰۃ ادا کردی‘ بغیر عذر کے کسی وقت کی نماز نہیں پڑھی تھی اور اس نماز کا وقت گزرچکا تھا تو بعد میں اس وقت کی نماز پڑھ لی قرآن مجید میں اسی معنی میں حسب ذیل آیات ہیں:

أَنَّهُ مَنْ عَمِلَ مِنْكُمْ سُوءًا بِجَهَالَةٍ ثُمَّ تَابَ مِنْ بَعْدِهِ وَأَصْلَحَ فَأَنَّهُ غَفُورٌ رَّحِيمٌ O (الانعام: ۵۴)

(یہ اللہ کی رحمت ہے) کہ تم میں سے جو شخص جہالت سے کوئی گناہ کر گزرے پھر اپنے گناہ کے بعد توبہ کرے اور اس گناہ کی اصلاح کرلے تو بے شک اللہ بہت بخشنے والا بے حد رحم فرمانے والا ہے O

اِلَّا مَنْ تَابَ وَ اٰمَنَ وَعَمِلَ صَالِحًا فَاُولٰٓئِكَ یَدْخُلُوْنَ الْجَنَّةَ وَلَا یُظْلَمُوْنَ شَیْئًا O (مریم: ۶۰) 

ترجمہ: مگر جس نے توبہ کرلی اور ایمان لے آیا اور نیک عمل کیے تو یہ وہ لوگ ہیں جو جنت میں داخل ہوں گے اور ان پر بالکل ظلم نہیں کیا جائے گاO

اللہ تعالیٰ نے علم اور ہدایت کے چھپانے پر لعنت فرمائی ہے (البقرہ: ۱۵۹) اور مرتد ہونے پر عذاب کی وعید فرمائی ہے (آل عمران: ۸۸) پھر فرمایا: جو لوگ علم چھپانے کے بعد توبہ کرلیں اور علم کو بیان کردیں اور اصلاح کرلیں، اسی طرح مرتد ہونے کے بعد توبہ کرلیں اور دوبارہ اسلام لے آئیں تو اللہ تعالیٰ ان کو معاف فرما دے گا، اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

اِلَّا الَّذِیْنَ تَابُوْا وَاَصْلَحُوْا وَبَیَّنُوْا فَاُولٰٓئِكَ اَتُوْبُ عَلَیْهِمْ وَاَنَا التَّوَّابُ الرَّحِیْمُ O (البقرہ: ۱۶۰) 

سو ان لوگوں کے جنہوں نے (علم کو چھپانے سے) توبہ کرلی اور اصلاح کرلی اور (علم کو) بیان کر دیا، سو یہ وہ لوگ ہیں جن کی میں توبہ قبول فرماؤں گا اور میں بہت توبہ قبول کرنے والا، بہت رحم فرمانے والا ہوںO

اِلَّا الَّذِیْنَ تَابُوْا مِنْ بَعْدِ ذٰلِكَ وَاَصْلَحُوْا فَاِنَّ اللّٰهَ غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ O (آل عمران: ۸۹) 

سو ان لوگوں کے جنہوں نے (مرتد ہونے کے بعد) توبہ کرلی اور اصلاح کرلی تو بے شک اللہ بہت توبہ قبول کرنے والا، بہت رحم فرمانے والا ہےO

النمل: ۱۱۹، النور: ۵ اور الفرقان: ۷۱ میں بھی یہی مضمون بیان فرمایا ہے کہ جو شخص گناہ کرنے کے بعد توبہ کرلے اور اصلاح کرلے تو اللہ تعالیٰ اس کو معاف کردیتا ہے اور اصلاح کرنے کا معنی یہی ہے کہ وہ اس گناہ کا کفارہ ادا کرے اور اس کا تدارک کرے۔

 عمداً نماز ترک کرنے پر نماز قضاء کرنے کی دلیل

نیز جمہور علماء نے عمداً نماز کے ترک کرنے کو نماز کے وقت سونے یا نماز کے بھولنے پر قیاس کیا ہے اور جب حدیث میں نماز کے وقت سونے والے یا نماز کو بھولنے والے پر لازم کیا ہے کہ جب اس کو نماز یاد آئے تو وہ اس نماز کو پڑھے تو اسی قیاس پر کہا جائے گا کہ جب کسی نے عمداً نماز کو ترک کیا تو جب اس کو یاد آئے کہ اس نے فلاں وقت کی عمداً نماز نہیں پڑھی تھی تو وہ اس نماز کی قضاء کرے اور یہ قیاس دلالۃ النص کے طور پر ہے جیسے قرآن مجید میں فرمایا ہے:

وَبِالْوَالِدَیْنِ اِحْسَانًا اِمَّا یَبْلُغَنَّ عِنْدَكَ الْكِبَرَ اَحَدُهُمَا اَوْ كِلٰهُمَا فَلَا تَقُلْ لَّهُمَا اُفٍّ وَّلَا تَنْهَرْهُمَا . (بنی اسرائیل: ۲۳) 

اور ماں باپ کے ساتھ نیک سلوک کرنا، اگر تمہارے پاس وہ دونوں یا ان دونوں میں سے کوئی ایک بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو ان سے اُف (تک) نہ کہنا اور نہ ان کو ڈانٹنا۔

جب ماں باپ کو اُف کہنا اور ڈانٹنا بھی ممنوع ہے تو ان کو مارنا تو بہ طریق اولیٰ ممنوع ہوگا، اسی طرح ہم کہتے ہیں کہ جب بھولے سے نماز کو ترک کرنے کی قضاء لازم ہے تو عمداً نماز کو ترک کرنے کی قضاء تو بہ طریق اولیٰ لازم ہوگی، باقی رہا یہ سوال کہ نبی ﷺ نے بھولے سے نماز کو ترک کرنے پر تو نماز کو قضاء کرنے کا حکم بیان فرمایا تو آپ نے عمداً نماز ترک کرنے کا حکم کیوں نہیں بیان فرمایا؟ اس کا جواب یہ ہے کہ نبی ﷺ کے عہد میں کوئی شخص بھی عمداً نماز کو ترک نہیں کرتا تھا اور آپ کے عہد میں وقت پر نماز نہ پڑھنے کا سبب غالب یہی تھا کہ لوگ نماز کے وقت سوئے ہوئے ہوں یا نماز پڑھنا بھول جائیں اور نماز کا وقت نکل جائے، سو آپ نے اس کا حکم بیان فرمایا اور عمداً نماز ترک کرنے والے کا حکم اس پر قیاس کرنے کے لیے چھوڑ دیا، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے:

فَاعْتَبِرُوْا يٰٓاُولِي الْاَبْصَارِ O (الحشر: ۲) 

پس اے آنکھوں والو! قیاس کرو O 

اس آیت کی تفسیر میں ہم نے قیاس کے حجت ہونے پر تبیان القرآن کی بارھویں جلد میں بہ کثرت دلائل بیان کیے ہیں۔ 

بہر حال ہم نے عمد انماز ترک کرنے والے پر نماز کی قضاء کے وجوب اور لزوم پر دلائل بیان کر دیئے اور غیر مقلدین کے اعتراضات کے جواب ذکر کردیئے۔ واللہ الحمد علیٰ ذالک 

 عمد انماز ترک کرنے والے کو غیر مقلدین کا کافر اور واجب القتل قرار دینا 

بغیر عذر کے عمد انماز ترک کرنے والے کے متعلق غیر مقلدین کا مذہب یہ ہے کہ وہ شخص کافر ہوگیا اور اس کو قتل کرنا واجب ہے۔ 

مشہور غیر مقلد عالم محمد بن علی بن محمد شوکانی متوفی ۱۲۵۵ھ لکھتے ہیں، حدیث میں ہے: 

حضرت جابر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کسی شخص کے درمیان اور شرک اور کفر کے درمیان (حد) نماز کو ترک کرنا ہے۔ (صحیح مسلم: ۸۲ ، سنن ابوداؤد: ۴۶۷۸ ، سنن ترمذی: ۲۶۲۰ ، سنن نسائی: ۴۶۳ ، سنن ابن ماجہ: ۱۰۷۸ ، مسند احمد ج ۳ ص ۳۷۰) 

یہ حدیث اس پر دلالت کرتی ہے کہ نماز ترک کرنا موجب کفر ہے اور اس میں کوئی اختلاف نہیں ہے کہ جو شخص نماز کی فرضیت کا انکار کرکے نماز کو ترک کرے وہ کافر ہے، اور اگر وہ نماز کی فرضیت کا معتقد ہو اور سستی کی وجہ سے نماز کو ترک کر دے جیسا کہ اکثر لوگوں کا حال ہے تو اس کے متعلق فقہاء کا اختلاف ہے، امام مالک، امام شافعی اور جمہور متقدمین اور متاخرین کا مسلک یہ ہے کہ وہ کافر نہیں ہے بلکہ فاسق ہے اگر اس نے توبہ کرلی تو فبہا، ورنہ ہم اس کو بہ طور حد قتل کردیں گے امام احمد بن حنبل کی بھی ایک روایت یہی ہے امام ابوحنیفہ اور دیگر فقہاء کوفہ اور مزنی شافعی کا مذہب یہ ہے کہ وہ کافر ہے نہ اس کو قتل کیا جائے گا بلکہ اس کو تعزیر دی جائے گی اور اس کو قید میں رکھا جائے گا حتیٰ کہ وہ نمازی بن جائے اور حدیث مذکور کا انہوں نے یہ جواب دیا ہے کہ اس حدیث کی توجیہ یہ ہے کہ اگر وہ جائز اور حلال سمجھ کر نماز کو ترک کرے تو وہ کافر ہے یا اس کا مسلسل یہ فعل اس کو کفر تک پہنچا دے گا یا اس نے کافروں کا سا فعل کیا۔ 

امام ابوحنیفہ نے تارک نماز کو قتل نہ کرنے پر اس حدیث سے استدلال کیا ہے: 

حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص اس کی شہادت دیتا ہو کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کا مستحق نہیں ہے اور میں اللہ کا رسول ہوں اس کا خون بہانا صرف تین صورتوں میں جائز ہے: وہ شادی شدہ زانی ہو اس کو کسی شخص کے قصاص میں قتل کیا جائے، وہ شخص اپنے دین کو چھوڑ کر جماعت سے نکل جائے (اس کے سوا اس کو اور کسی صورت میں قتل کرنا جائز نہیں ہے)۔ (صحیح البخاری: ۶۸۷۸ ، صحیح مسلم: ۱۶۷۶ ، سنن ابو داؤد: ۴۳۵۲ ، سنن ترمذی: ۱۴۰۲ ، سنن نسائی: ۴۰۱۶-۴۰۲۷ ، سنن ابن ماجہ: ۲۵۳۴ ، مسند احمد ج ۱ ص ۳۸۲-۴۲۸-۴۴۴) 

شیخ شوکانی لکھتے ہیں: حق یہ ہے کہ تارک نماز کافر ہے اور اس کو قتل کیا جائے گا اس کے کفر کی وجہ یہ ہے کہ حدیث میں ہے: 

حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے عمد انماز کو ترک کیا، اس نے کھلم کھلا کفر کیا۔ (المعجم الاوسط: ۳۳۴۸ ، مجمع الزوائد ج ۱ ص ۳۰۰) 

(ہمارے نزدیک اس حدیث کی بھی یہی توجیہ ہے کہ جس نے جائز سمجھ کر نماز کو ترک کیا، وہ کافر ہے یا اس نے کافروں کا سا کام کیا۔ سعیدی غفرلہ) 

اور اس کو قتل کرنے کی وجہ یہ ہے کہ حدیث میں ہے: 

حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مجھے یہ حکم دیا گیا ہے کہ میں اس وقت تک لوگوں سے قتال کرتا رہوں حتی کہ وہ یہ شہادت دیں کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کا مستحق نہیں اور محمد اللہ کے رسول ہیں اور نماز قائم کریں اور زکوٰۃ ادا کریں، پس جب وہ یہ کام کرلیں گے تو وہ مجھ سے اپنی جانوں اور مالوں کو محفوظ کرلیں گے، مگر جس جان یا مال پر اسلام کا حق ہو اور ان کا حساب اللہ عزوجل پر ہے۔ (صحیح البخاری: ۲۵، صحیح مسلم: ۲۲، مسند احمد ج ۲ ص ۴۲۳) (نیل الاوطار ج ۱ ص ۴۱۲-۴۱۱ ملخصاً، دارالوفاء ۱۴۲۱ھ)

مصنف کے نزدیک اس حدیث سے شیخ شوکانی کا تارک نماز کو قتل کرنے پر استدلال کرنا صحیح نہیں ہے کیونکہ اوّل تو یہ مفہوم مخالف سے استدلال ہے، ثانی یہ کہ اس حدیث میں نماز قائم نہ کرنے والے سے قتال اور جہاد کرنے کا حکم ہے نہ کہ ان کو قتل کرنے کا حکم ہے، ثالث یہ کہ اس حدیث کا محمل یہ ہے کہ کچھ لوگوں کی جماعت نماز پڑھنے کا انکار کردے تو ان سے قتال کیا جائے جیسے کچھ لوگوں کی جماعت نے حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے عہد میں ان کو زکوٰۃ ادا کرنے سے انکار کردیا تھا تو حضرت ابوبکر نے ان سے جہاد کیا، جب کہ شیخ شوکانی اس شخص کے قتل کرنے پر اس حدیث سے استدلال کررہے ہیں، جو نماز کی فرضیت کا قائل ہو اور سستی کی وجہ سے عمداً نماز نہ پڑھے حتیٰ کہ نماز کا وقت نکل جائے اور ظاہر ہے کہ اس موقف پر اس حدیث سے استدلال صحیح نہیں ہے اور خود غیر مقلدین کا بھی اس موقف پر عمل نہیں ہے، کم از کم ۵۰ سال سے ہمارے مشاہدہ میں یہ نہیں آیا کہ انہوں نے کسی عمداً نماز کے ترک کرنے والے کو قتل کردیا ہو حالانکہ غیر مقلدین میں بھی ایسے بہت لوگ ہیں، جو سستی اور کاہلی یا بے پرواہی کی وجہ سے عمداً نماز نہیں پڑھتے، جب کہ بعض ممالک میں ان کو اقتدار بھی حاصل ہے۔

ایک اور مشہور غیر مقلد عالم شیخ محمد عبدالرحمٰن بن عبدالرحیم مبارک پوری متوفی ۱۳۵۳ھ نے بھی عمداً نماز ترک کرنے والے کو کافر اور واجب القتل قرار دیا ہے اور انہوں نے بھی یہی دلائل پیش کیے ہیں، جو نیل الاوطار ص ۴۱۲-۴۱۱ میں مذکور ہیں۔ (تحفۃ الاحوذی ج ۷ ص ۴۰۶-۴۰۷ داراحیاء التراث العربی بیروت ۱۴۱۹ھ)

 تارک نماز کو کافر قرار دینے کے متعلق متاخرین غیر مقلدین علماء کی تصریحات

مشہور غیر مقلد عالم حافظ عبداللہ روپڑی متوفی ۱۳۸۴ھ لکھتے ہیں:

اُم سلمہ سے روایت ہے: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم پر امیر ہوں گے جن کی کئی باتیں اچھی ہوں گی کئی بُری، جو شخص ان کی بُرائی کو دل سے بُرا سمجھے وہ بَری ہے اور جو کراہت کرے وہ سلامتی والا ہے، جو راضی ہوجائے اور بُرائی میں ان کی موافقت کرے (وہ ہلاک ہو گیا)، صحابہ نے کہا: کیا ایسے امیروں سے ہم لڑائی نہ کریں؟ فرمایا: نہ جب تک نماز پڑھیں نہ جب تک نماز پڑھیں۔ ان تین حدیثوں سے پہلی میں فرمایا ہے: امیر خواہ نیک ہوں یا بُرے ہرحال میں ان کی تابع داری کرو۔ ہاں! اگر صریح کفر دیکھو جس پر تمہارے پاس قطعی دلیل ہو تو پھر ان سے بیعت توڑدو اور ان کا مقابلہ کرو اور دوسری حدیثوں میں فرمایا: ایسے امیروں کی تابع داری ہر حال میں ضروری ہے مگر نماز نہ پڑھیں تو ان سے الگ ہوجاؤ اور ان سے لڑو۔

نتیجہ صاف ہے کہ نماز نہ پڑھنا صریح کفر ہے، جس پر خدا کی طرف سے دلیل قطعی آچکی ہے، جس میں کسی قسم کے شک و شبہ کی گنجائش نہیں، ان کے علاوہ اس قسم کی احادیث بہت ہیں جن میں سے ایک دو اوپر کے مضمون میں بھی ذکر ہیں اور بعض مولوی عبدالقادر گنگوہی حصاری کے مضمون میں ذکر ہیں، جو پرچہ تنظیم کی جلد اوّل کے ص ۱۷-۱۹ میں درج ہوچکا ہے اور بعض ہمارے مندرجہ جلد ۵- ۲ میں مذکور ہیں اور بعض کا محل متفرقات ہیں، یہ سب بے نماز کے کفر پر صراحتۃً دلالت کرتے ہیں۔ (فتاویٰ اہل حدیث ج ۱ ص ۳۸۲-۳۸۳‘ ادارہ احیاء السنۃ النبویہ سرگودھا ۱۴۰۳ھ)

نیز اسی فتاویٰ میں مذکور ہے:

سوال: بے نماز کس کو کہتے ہیں، کیا بے نماز ہمیشہ تارک الصلوٰۃ کو کہا جاتا ہے یا چند یوم نماز پڑھے پھر چھوڑ دے یا جو صرف جمعہ اور نماز پڑھے باقی نمازیں نہ پڑھے۔ ایسے لوگوں پر نماز جنازہ ادا کرنے کا کیا حکم ہے؟ اگر کوئی امام یا عالم نماز جنازہ نہ پڑھے تو اس کا یہ عمل شرعی نقطۂ نظر سے کیا حیثیت رکھتا ہے؟ اگر بے نماز پر نماز جنازہ نہ پڑھنے کی صورت میں شرارتی افراد مسجد کے نام سے کوئی عمارت الگ بنالیں تو اس مسجد میں نماز پڑھنا جائز ہے، کیا وہ مسجد ضرار تو نہیں؟ 

جواب: جن دنوں میں کوئی نماز پڑھے ان دنوں میں مرجائے تو اس کی نماز جنازہ پڑھی جائے ورنہ نہیں، کیونکہ اعتبار خاتمہ کا ہے اور جو بے نماز کا جنازہ نہ پڑھے وہ عین حق پر ہے اور اس وجہ سے جو مسجد بنائی جائے وہ مسجد ضرار ہے کیونکہ اس کی بنیاد حق پر نہیں بلکہ تفریق اور ضرر کے لیے ہے۔ (عبداللہ امرتسری، ۸؍ ربیع الثانی ۱۳۵۹ھ / ۱۸؍ مئی ۱۹۴۰ء) (فتاویٰ اہل حدیث ج ۱ ص ۳۸۶؍ سرگودھا)

سوال: بے نماز کا جنازہ پڑھنا کیسا ہے اور بے نماز کی اولاد کا کیا حکم ہے؟ کیا انہیں ”هم من ابائهم“ کے تحت کردیا جائے؟ 

جواب: بے نماز کا جنازہ نہ پڑھنا چاہیے، جس کی دو وجہیں ہیں: 

ایک یہ کہ بے نماز کافر ہے اور کافر کی نماز جنازہ نہیں ہوتی۔ 

دوم: بے نمازیوں کو تنبیہ ہوجائے گی، جیسے خودکشی کرنے والے پر اور مقروض پر رسول اللہ ﷺ نے نماز جنازہ نہیں پڑھی حالانکہ خودکشی اور قرض سے ترک نماز بڑا گناہ ہے۔ پس اس کی وجہ سے بطریق اولیٰ نماز جنازہ ترک ہونی چاہیے۔ رہا بے نماز کی اولاد کا مسئلہ تو اس کے متعلق ظاہر آیہ حکم حدیث ”هم من ابائهم“ وہ اپنے باپوں سے ہیں۔ اصل تو یہی ہے کہ نماز جنازہ نہ پڑھے کیونکہ کافروں کی اولاد ظاہری احکام میں ماں باپ ہی کے تابع ہوتی ہے۔ (فتاویٰ اہل حدیث ج ۱ ص ۳۸۶؍ سرگودھا)

نیز اسی فتاویٰ میں مذکور ہے: 

یعنی رسول اللہ ﷺ سے سنا، آپ نے فرمایا: مشرکین اور ہمارے درمیان جو کچھ عہد ہے وہ نماز ہے، جو نماز ترک کردے وہ کافر ہے۔ 

اس قسم کی بعض اور احادیث بھی ہیں۔ ان سے مطلع صاف ہوگیا کیونکہ جب ترک نماز شرک یا کفر ہوا تو یہ اس دفتر سے ہوا جو خدا معاف نہیں کرے گا۔ (فتاویٰ اہل حدیث ج ۱ ص ۳۹۵۔۳۹۴؍ سرگودھا)

حافظ عبداللہ روپڑی نے جن احادیث سے بے نمازی کے کفر پر استدلال کیا ہے ہمارے نزدیک وہ احادیث اس صورت پر محمول ہیں جب کوئی شخص نماز کی فرضیت کا انکار کرتے ہوئے نماز کو ترک کرے یا نماز کو معمولی اور حقیر جان کر ترک کرے تو وہ کافر ہے یا اس شخص نے کافروں کا سا کام کیا یا اس شخص کا مسلسل نماز کو ترک کرنا اس کو کفر تک پہنچا دے گا۔

نیز اس فتاویٰ میں مذکور ہے: 

سوال: جنازہ کے ساتھ بے نماز کو شامل ہونا، کیوں منع ہے؟ (سائل: فتح دین) 

جواب: بے نماز کو جنازہ میں شامل ہونے سے ممانعت نہیں بلکہ بے نماز کے جنازہ میں شامل ہونے سے ممانعت ہے۔ ہاں! بے نماز چونکہ کافر ہے اس لیے اُس کا جنازہ میں شریک ہونا کچھ مفید نہیں۔ (عبداللہ امرتسری روپڑ ۷؍ محرم ۱۳۵۷ھ بمطابق ۹؍ مارچ ۱۹۳۸ء) (فتاویٰ اہل حدیث ج ۱ ص ۳۹۶، ادارۃ احیاء السنۃ النبویہ سرگودھا)

ایک اور مشہور غیر مقلد عالم ابوالوفاء ثناء اللہ امرتسری متوفی ۱۳۶۷ھ لکھتے ہیں: 

سوال: بے نمازی مسلمان ہے یا کافر اور جنازہ پڑھنا اور اس کی لاش مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کرنا چاہیے یا نہیں؟

جواب: تارک الصلوٰۃ کے حق میں علماء کا اختلاف ہے، بہت سے علماء جن میں حضرت شیخ عبد القادر جیلانی قدس سرہٗ اور حافظ ابن قیم وغیرہ بھی ہیں، تارک الصلوٰۃ کو کافر، مرتد اور واجب القتل قرار دیتے ہیں، یہ بھی فرماتے ہیں کہ اس پر نماز جنازہ پڑھنا اور اس کو مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کرنا بھی جائز نہیں۔ ان کے سوا اور بہت سے علماء ہیں جن میں امام ابوحنیفہ اور ان کے ہم خیال علماء ہیں، تارک الصلوٰۃ کو فاسق، فاجر، سخت مجرم قرار دیتے ہیں لیکن کافر مرتد نہیں کہتے ہیں۔ حدیث شریف جو تارک الصلوٰۃ کے حق میں آئی ہے: “فقد کفر” (یعنی وہ کافر ہے) پہلے گروہ کی دلیل ہے، دوسرے گروہ کی دلیلیں اور ہیں، خاکسار کی تحقیق پچھلے گروہ سے متفق ہے۔(فتاویٰ ثنائیہ ج ۱ ص ۴۶۵، مکتبہ ثنائیہ سرگودھا)

اس فتویٰ کی تشریح میں شیخ ثناء اللہ امرتسری لکھتے ہیں:

تارک الصلوٰۃ کے کافر ہونے اور نہ ہونے میں علمائے کرام مختلف ہیں۔ علامہ شوکانی نیل الاوطار میں لکھتے ہیں: ”ولا خلاف بين المسلمين في كفر من ترك الصلوة منكرا لوجوبها الخ“ یعنی جو شخص نماز کے وجوب کا منکر ہو کر نماز کو ترک کرے وہ بالاتفاق کافر ہے، اس کے کفر میں مسلمانوں کے درمیان اختلاف نہیں مگر ہاں جو شخص نو مسلم ہو یا مسلمانوں کے ساتھ رہنے کا اتفاق نہ ہوا ہو تو اس کو جب تک نماز کے وجوب کی خبر نہ پہنچے تب تک وہ کافر نہیں ہوسکتا اور جو شخص نماز کے وجوب کا عقیدہ رکھ کر بہ سبب کاہلی اور غفلت کے نماز کو ترک کرے جیسا کہ بہت سے لوگوں کا حال ہے تو ایسے تارک الصلوٰۃ کے کافر ہونے اور نہ ہونے میں لوگوں کا اختلاف ہے، پس عترت اور امام مالک اور امام شافعی اور جماہیر سلف وخلف کا مذہب یہ ہے کہ ایسا شخص کافر نہیں ہے بلکہ فاسق ہے، وہ اگر توبہ کرے فبہا ورنہ اس کو قتل کرنا چاہیے اور اس کی یہی حد ہے جیسا کہ زانی مُحصَن کی حد قتل ہے مگر ایسے تارک الصلوٰۃ کو تلوار سے قتل کرنا چاہیے اور سلف میں سے ایک جماعت کا یہ مذہب ہے کہ وہ کافر ہے اور یہی مذہب مروی ہے حضرت علی سے اور امام احمد سے ایک روایت میں یہی منقول ہے اور عبداللہ بن مبارک اور اسحٰق بن راہویہ کا بھی یہی مذہب ہے اور بعض اصحابِ شافعی کا بھی یہی مذہب ہے اور امام ابوحنیفہ اور ایک جماعت اہل کوفہ کا مذہب یہ ہے کہ وہ نہ کافر ہے اور نہ وہ قتل کیا جاوے گا بلکہ اس کی تعزیر کی جائے گی اور جب تک وہ نماز نہیں پڑھے گا تب تک وہ قید میں رکھا جاوے گا، اس کے بعد علامہ شوکانی نے لکھا ہے کہ حق یہ ہے کہ ایسا تارک الصلوٰۃ کافر ہے اور وہ قتل کیا جاوے گا، اس کا کافر ہونا تو اس وجہ سے حق ہے کہ احادیث صحیحہ سے ثابت ہے کہ شارع نے ایسے تارک الصلوٰۃ کو کافر لکھا ہے اور جو لوگ اس کے کافر ہونے کے قائل نہیں ہیں وہ جس قدر معارضات وارد کرتے ہیں ان میں سے ایک بھی ہم کو لازم نہیں آتا کیونکہ ہم کہتے ہیں کہ جائز ہے کہ کفر کی بعض قسمیں ایسی ہوں جو مغفرت واستحقاقِ شفاعت سے مانع نہ ہوں جیسا کہ اہل قبلہ کا کفر بہ وجہ بعض ایسے گناہوں کے جن کو شارع نے کفر کہا ہے، پس اس بناء پر ان تاویلات کی کچھ حاجت نہیں ہے جن میں لوگ پڑتے ہیں۔ انتہیٰ (کلام شوکانی) میں کہتا ہوں کہ بلاشبہ علامہ ممدوح کی یہ تحقیق احق بالقبول ہے۔ (فتاویٰ ثنائیہ ج ۱ ص ۴۶۷-۴۶۶، مکتبہ ثنائیہ سرگودھا)

خلاصہ یہ ہے کہ مقدم اور مؤخر علماء غیر مقلدین کے نزدیک بے نماز شخص کافر ہے اور واجب القتل ہے اور چونکہ اس زمانہ میں علماء غیر مقلدین کا اپنے اس مَوقف پر عمل نہیں ہے اس لیے ان کو عوام بے نماز غیر مقلدین کو کافر نہ قرار دینے اور قتل نہ کرنے کے لیے امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کے مذہب کے دامن میں پناہ لینی پڑے گی ورنہ ان پر لازم ہے کہ وہ اپنے ہم مسلک عوام بے نمازیوں کو چن چن کر حکومت سے قتل کروائیں۔

 بے عمل اور تارک نماز کے متعلق غیر مقلدین کا مسلک

ایک اور مشہور غیر مقلد عالم نواب محمد صدیق خان بن حسن القنوجی المتوفی ۱۳۰۷ھ ’صحیح مسلم: ۲۲‘ کی شرح میں لکھتے ہیں:

ہمارے شیخ اور ہماری برکت امام شوکانی سے ان دیہاتیوں کے متعلق سوال کیا گیا‘ جو کسی شرعی حکم پر عمل نہیں کرتے صرف کلمہ شہادت پڑھتے ہیں‘ آیا وہ کافر ہیں یا نہیں؟ اور کیا مسلمانوں کو ان کے خلاف جہاد کرنا واجب ہے یا نہیں؟ تو انہوں نے ’’ارشاد السائل الی ادلۃ المسائل‘‘ میں اس کا جواب لکھا‘ جس کی عبارت یہ ہے:

میں کہتا ہوں کہ جو شخص ارکانِ اسلام اور جمیع فرائض کا تارک ہو اور تمام اقوال اور افعالِ واجبہ کو چھوڑنے والا ہو اور سوائے کلمہ شہادت پڑھنے کے اور کچھ نہ کرتا ہو تو اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ کافر ہے اور اس کا کفر بہت شدید ہے‘ اس کو قتل کرنا اور اس کا مال لوٹنا مباح ہے‘ احادیث صحیحہ متواترہ سے یہ ثابت ہے کہ جان اور مال کی سلامتی تب ثابت ہوتی ہے جب ارکانِ اسلام پر عمل کیا جائے اور مسلمانوں سے جو شخص اس طرح کے کافر کے پڑوس میں رہتا ہو اس پر واجب ہے کہ وہ اس کو اسلام کے احکام پر عمل کرنے کی دعوت دے‘ اس کو ثواب کی طرف راغب کرے اور اس کو عذاب سے ڈرائے اور اگر یہ کافر اپنے کفر پر اصرار کرے تو مسلمانوں پر واجب ہے کہ اس سے قتال کریں اور اس سے تمام احکامِ اسلام پر عمل کرائیں اور اگر وہ اس پر عمل نہ کرے تو اس کو قتل کرنا اور اس کا مال لوٹنا مباح ہے اور اس کا حکم اہل جاہلیت کا ہے۔ (السراج الوھاج ج۱ ص۴۹-۴۸‘ دارالکتب العلمیہ بیروت ۱۴۲۵ھ)

 بے عمل کلمہ گو کے متعلق نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد

نواب صدیق حسن اور ان کی برکت دونوں کے رد کے لیے یہ حدیث کافی ہے:

حضرت عتبان بن مالک انصاری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میری آنکھ میں کچھ تکلیف ہوگئی تو میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس یہ پیغام بھیجا کہ میں یہ چاہتا ہوں کہ آپ میرے پاس آئیں اور میرے گھر میں کسی جگہ نماز پڑھیں تو میں اس جگہ کو اپنی نماز پڑھنے کی جگہ بنالوں‘ پھر نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے اصحاب میں سے جن کو اللہ نے چاہا وہ میرے گھر آئے آپ نماز پڑھ رہے تھے اور کچھ اصحاب آپس میں باتیں کر رہے تھے اور ان کو یہ بہت ناگوار ہوا کہ مالک بن دخشم اس وقت نہیں آئے تھے‘ انہوں نے یہ چاہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اس کے خلاف دعا کریں اور وہ ہلاک ہوجائے اور انہوں نے یہ چاہا کہ اس پر کوئی مصیبت آئے جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز پڑھ لی تو آپ نے فرمایا: کیا وہ (مالک بن دخشم) یہ شہادت نہیں دیتا کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کا مستحق نہیں ہے اور میں اللہ کا رسول ہوں؟ انہوں نے کہا: ہاں! وہ یہ شہادت دیتا ہے اور یہ شہادت اس کے دل میں نہیں ہے‘ آپ نے فرمایا: جو شخص بھی یہ شہادت دے گا کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کا مستحق نہیں ہے اور میں اللہ کا رسول ہوں تو وہ دوزخ میں داخل نہیں ہوگا یا فرمایا: اس کو دوزخ نہیں کھائے گی۔ (صحیح مسلم: ۳۳‘ صحیح البخاری: ۴۲۵‘ السراج الوھاج ج۱ ص۶۷‘ دار الکتب العلمیہ بیروت ۱۴۲۵ھ)

جن صحابہ نے حضرت مالک بن دخشم کو منافق کہا تھا‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کا رد کیا اور فرمایا: کیا وہ کلمہ شہادت نہیں پڑھتا‘ نیز فرمایا: جو شخص کلمہ شہادت پڑھتا ہو وہ دوزخ میں داخل نہیں ہوگا اور نواب صدیق حسن خاں اور ان کے امام اور ان کی برکت (شوکانی) بے عمل کلمہ شہادت پڑھنے والے کو کافر اور واجب القتل قرار دے رہے ہیں!

 بے عمل اور تارک نماز کے متعلق اہل سنت اور اہل حق کا مسلک

علامہ یحییٰ بن شرف نووی متوفی ۶۷۶ھ اس حدیث کی شرح میں لکھتے ہیں:

یاد رکھو! اہل سنت اور اہل حق کا مذہب یہ ہے کہ جو شخص توحید پر مرگیا، وہ قطعی طور پر جنت میں داخل ہوگا، اگر اس نے گناہ نہیں کیے تھے یا گناہ کرنے کے بعد توبہ صحیحہ کرلی تھی تو وہ ابتداء جنت میں داخل ہوگا اور دوزخ میں داخل نہیں ہوگا اور اگر اس نے گناہ کبیرہ کیے تھے اور وہ بغیر توبہ کے مرگیا تو وہ اللہ کی مشیت پر موقوف ہے اگر اللہ تعالیٰ چاہے گا تو اس کو معاف کرکے اس کو ابتداء جنت میں داخل کردے گا، اور اگر اللہ تعالیٰ چاہے گا تو اس کو دوزخ میں جتنا عرصہ چاہے گا داخل کرکے پھر جنت میں داخل کر دے گا، بہرحال جو شخص توحید پر مرگیا، وہ ہمیشہ دوزخ میں نہیں رہے گا، خواہ اس نے گناہ کیے ہوں۔ (صحیح مسلم بشرح النووی ج ۱ ص ۵۵۶، مکتبہ نزار مصطفیٰ الباز مکہ مکرمہ ۱۴۱۷ھ)

 بے نمازی کے متعلق شیخ عبدالعزیز بن باز کا مفصل فتویٰ

شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ بن باز لکھتے ہیں:

جو شخص جان بوجھ کر نماز ترک کرتا ہے تو وہ علماء کے صحیح قول کے مطابق کفر اکبر کا مرتکب ہے، جب کہ وہ وجوب نماز کا اقرار کرتا ہو اور اگر نماز کے وجوب ہی کا منکر ہو تو پھر تمام اہل علم کے ہاں وہ کافر ہے، کیونکہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: اصل معاملہ تو اسلام ہے، اس کا ستون نماز ہے اور اس کے کوہان کی بلندی جہاد فی سبیل اللہ ہے۔ اس حدیث کو امام احمد و ترمذی نے صحیح سند کے ساتھ بیان کیا ہے۔ اسی طرح نبی ﷺ نے یہ بھی فرمایا ہے کہ آدمی اور کفر و شرک کے درمیان فرق ترک نماز ہے۔ (صحیح مسلم) نیز آپ ﷺ کا ارشاد پاک ہے کہ وہ عہد جو ہمارے اور ان کے درمیان ہے، وہ نماز ہے، جو اسے ترک کردے وہ کافر ہے۔ اس حدیث کو امام احمد اور اہل سنن نے صحیح سند کے ساتھ روایت کیا ہے۔

جو شخص نماز کے وجوب کا منکر ہے، وہ درحقیقت اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کی تکذیب کرتا ہے، لہٰذا اس بات پر تمام اہل علم و ایمان کا اجماع ہے کہ اس کا کفر اس شخص کے کفر کی نسبت اکبر و اعظم ہے جو محض سستی کی وجہ سے نماز کا تارک ہے۔ بہر حال دونوں صورتوں میں مسلمان حکمرانوں پر یہ واجب ہے کہ وہ تارک نماز سے توبہ کرائیں، اگر توبہ کرے تو بہت بہتر، ورنہ اس سلسلہ میں وارد دلائل کی بنیاد پر اسے قتل کر دیا جائے۔ تارک نماز کا بائیکاٹ اس کے ساتھ قطع تعلقات اور اس کی دعوت کو قبول نہ کرنا واجب ہے حتیٰ کہ وہ توبہ کرلے۔ اسی طرح یہ بھی واجب ہے کہ اسے نصیحت کی جائے، حق کی دعوت دی جائے اور ان سزاؤں سے ڈرایا جائے، جو ترک نماز کی وجہ سے دنیا و آخرت میں مرتب ہوتی ہیں، شاید اسی طرح وہ توبہ کرلے اور اللہ تعالیٰ بھی اس کے گناہ معاف فرما دے۔

 میرا دوست نماز پڑھتا ہے اور نہ روزہ رکھتا ہے

سوال: میرا ایک بہت عزیز دوست، جس سے مجھے بہت زیادہ محبت ہے، فرض نماز پڑھتا ہے نہ رمضان کے روزے رکھتا ہے، میں نے اسے سمجھایا ہے لیکن وہ میری بات نہیں مانتا تو کیا میں اس سے دوستی رکھوں یا نہ رکھوں؟

جواب: اس جیسے آدمیوں کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی خاطر بغض اور دشمنی رکھنا واجب ہے حتیٰ کہ وہ توبہ کرلیں کیونکہ علماء کے صحیح قول کے مطابق ترک نماز کفر اکبر ہے، اس لیے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہے: آدمی اور کفر و شرک کے درمیان فرق ترک نماز ہے۔ (صحیح مسلم)۔ نیز نبی علیہ الصلوٰۃ والسلام کا ارشاد گرامی ہے کہ ہمارے اور ان کے درمیان جو عہد ہے، وہ نماز ہے، لہٰذا جو اسے ترک کردے وہ کافر ہے۔ اس حدیث کو امام احمد واہل سنن نے صحیح سند کے ساتھ بیان کیا ہے نیز اس مضمون کی اور بھی بہت سی احادیث ہیں۔

کسی شرعی عذر کے بغیر رمضان کے روزے ترک کرنا بھی بہت بڑے جرائم میں سے ہے۔ بعض اہل علم کا یہ قول ہے کہ جو شخص مرض، یا سفر وغیرہ کے کسی شرعی عذر کے بغیر رمضان کا روزہ ترک کرتا ہے تو وہ کافر ہے، لہٰذا واجب ہے کہ آپ اس شخص سے بغض رکھیں اور اسے چھوڑ دیں حتی کہ وہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کے حضور توبہ کرے۔ مسلمان حکمرانوں پر بھی واجب ہے کہ وہ تارکِ نماز سے توبہ کرائیں اگر وہ توبہ کرے تو ٹھیک ورنہ اسے قتل کردیا جائے کیونکہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:

فَإِنْ تَابُوْا وَأَقَامُوا الصَّلٰوةَ وَاٰتَوُا الزَّكٰوةَ فَخَلُّوْا سَبِيْلَهُمْ ؕ (التوبۃ: ۵) 

پھر اگر وہ توبہ کرلیں اور نماز پڑھنے اور زکوٰۃ دینے لگیں تو ان کی راہ چھوڑ دو۔

تو اس سے معلوم ہوا کہ جو نماز نہ پڑھے اس کی راہ نہ چھوڑی جائے‘ نیز نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مجھے نمازیوں کے قتل سے منع کیا گیا ہے‘ تو اس سے بھی معلوم ہوا کہ جو نماز نہ پڑھے اس کے قتل سے آپ کو منع نہیں کیا گیا۔ الغرض آیات و احادیث کے ادلۂ شرعیہ سے یہ ثابت ہے کہ جو شخص نماز نہ پڑھے تو مسلمان حکمران پر یہ واجب ہے کہ اسے قتل کرا دے بشرطیکہ وہ توبہ نہ کرے۔ ہم اللہ تعالیٰ سے یہ دعا کرتے ہیں کہ وہ آپ کے دوست کو توبہ اور راہِ راست کی توفیق بخشے۔

 تارکِ نماز کے ساتھ سکونت

سوال: کچھ عرصہ قبل مجھے ایک ہسپتال میں داخل ہونے کا اتفاق ہوا‘ میں جس کمرہ میں رہ رہا تھا‘ اس میں دو آدمی اور بھی تھے اور کمرہ میں ہم تین دن تک رہے‘ میں تو اس مدت میں نماز پڑھتا رہا لیکن وہ دونوں آدمی نماز نہیں پڑھتے تھے حالانکہ وہ بھی مسلمان اور میرے ہی شہر کے باشندے تھے‘ میں نے اس سلسلہ میں ان سے کوئی بات بھی نہ کی تو کیا مجھے اس کا گناہ ہوگا کہ میں نے انہیں نماز کا حکم کیوں نہ دیا اگر یہ گناہ ہے تو اس کا کفارہ کیا ہے؟

جواب: آپ پر یہ واجب تھا کہ ان دونوں کو نصیحت کرتے اور اس منکر عظیم یعنی ترکِ نماز کے ارتکاب کی مذمت کرتے‘ تا کہ حسبِ ذیل ارشادِ باری تعالیٰ پر عمل ہوجاتا:

وَلْتَكُنْ مِّنْكُمْ اُمَّةٌ يَّدْعُوْنَ اِلَی الْخَيْرِ وَيَاْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَيَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْكَرِ ؕ وَاُولٰٓئِكَ هُمُ الْمُفْلِحُوْنَ ۝ (آل عمران: ۱۰۴) 

اور تم میں ایک جماعت ایسی ہونی چاہیے جو لوگوں کو نیکی کی طرف بلائے اور اچھے کام کرنے کا حکم دے اور برے کاموں سے منع کرے اور یہی لوگ نجات پانے والے ہیں O

اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اس ارشاد پر عمل ہوجاتا کہ تم میں سے جو کوئی برائی دیکھے تو اسے اپنے ہاتھ سے مٹا دے‘ اگر اس کی طاقت نہ ہو تو زبان سے (سمجھائے) اور اگر اس کی بھی طاقت نہ ہو تو دل سے (برا سمجھے) اور یہ ایمان کا کمزور ترین حصہ ہے۔ (صحیح مسلم)

جب آپ نے فرض کو ادا نہیں کیا تو اب واجب یہ ہے کہ اس معصیت کی وجہ سے خالص توبہ کریں۔ خالص توبہ کا مطلب یہ ہے کہ پہلے جو کوتاہی ہوئی‘ اس پر ندامت کا اظہار کریں‘ اب اس سے رک جائیں اور یہ پختہ عزم کریں کہ آئندہ ایسا نہیں کریں گے اور یہ سب کچھ اللہ تعالیٰ کے لیے اخلاص‘ تعظیم‘ اس سے ثواب کی امید اور اس کے عذاب کے خوف کی وجہ سے کریں۔ جو صدقِ دل سے توبہ کرے‘ اللہ تعالیٰ اس کی توبہ کو شرفِ قبولیت سے نوازتا ہے کہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

وَاِنِّيْ لَغَفَّارٌ لِّمَنْ تَابَ وَاٰمَنَ وَعَمِلَ صَالِحًا ثُمَّ اهْتَدٰی ۝ (طٰہٰ: ۸۲) 

اور تحقیق جو شخص توبہ کرے اور ایمان لائے اور نیک عمل کرے پھر سیدھے راستے پر چلے‘ اس کو میں بخشنے والا ہوں O

 نماز میں سستی کرنے والے کی صحبت

سوال: نماز میں سستی کرنے والے کی صحبت اختیار کرنے کے بارے میں کیا حکم ہے؟

جواب: اس کی اور کسی بھی دوسرے کافر کی صحبت جائز نہیں ہے۔ ترکِ نماز بھی چونکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اس ارشاد کی وجہ سے کفر ہے کہ آدمی اور کفر و شرک کے درمیان فرق نماز کی وجہ سے ہے۔ (صحیح مسلم) نیز نبی ﷺ نے فرمایا ہے: ہمارے اور ان کے درمیان نماز کا عہد ہے’ جس نے اسے ترک کر دیا اس نے کفر کیا۔ (احمد’ ابو داؤد’ ترمذی’ نسائی’ ابن ماجہ باسناد صحیح) ان اور دیگر دلائل سے معلوم ہوتا ہے کہ اس کی صحبت جائز نہیں۔ (مقالات و فتاویٰ مترجم اردو ج ۱ ص ۲۵۳-۲۵۱’ دار السلام لاہور ۱۴۱۹ھ)

٭ باب مذکور کی حدیث شرح صحیح مسلم: ۱۴۶۴۔ ج ۲ ص ۴۳۱ پر مذکور ہے وہاں اس کی شرح نہیں کی گئی۔