أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

قُلۡ لِّلَّذِيۡنَ كَفَرُوۡا سَتُغۡلَبُوۡنَ وَتُحۡشَرُوۡنَ اِلٰى جَهَنَّمَ‌ؕ وَبِئۡسَ الۡمِهَادُ

ترجمہ:

آپ کافروں سے کہہ دیجیے کہ تم عنقریب مغلوب ہوگئے اور جہنم کی طرف ہانکے جاؤ گے۔ اور وہ کیا ہی برا ٹھکانا ہے۔

تفسیر:

اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : آپ کافروں سے کہہ دیجئے کہ تم عنقریب مغلوب ہو گے اور جہنم کی طرف ہانکے جاؤ گے اور وہ کیا ہی برا ٹھکانہ ہے۔

امام ابن جریر طبری اپنی سند کے ساتھ روایت کرتے ہیں :

حضرت ابن عباس (رض) بیان کرتے ہیں کہ جب رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے جنگ بدر میں قریش کو شکست فاش دی تو مدینہ پہنچنے کے بعد آپ بنو قینقاع کے بازار میں گئے اور آپ نے یہود کو جمع کرکے فرمایا : اے جماعت یہود ! اسلام قبول کرلو ورنہ تمہارا بھی قریش کی طرح حشر ہوگا ‘ یہود نے جواب دیا : اے محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) آپ خود فریبی میں مبتلا نہ ہوں آپ کا ہم ایسوں سے سابقہ نہیں پڑا تھا جب ہم سے معرکہ ہوگا تو پتہ چل جائے گا اس موقع پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل : آپ کافروں سے کہہ دیجئے کہ تم عنقریب مغلوب ہو گے اور جہنم کی طرف ہانکے جاؤ گے۔

تفسیر تبیان القرآن – سورۃ 3 – آل عمران – آیت 12