وَاِذَا الرُّسُلُ اُقِّتَتۡؕ – سورۃ نمبر 77 المرسلات آیت نمبر 11
sulemansubhani نے Wednesday، 2 October 2024 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
وَاِذَا الرُّسُلُ اُقِّتَتۡؕ ۞
ترجمہ:
اور جب رسولوں کے حاضر ہونے کا وقت آجائے گا
المرسلات : ١١ میں فرمایا : اور جب رسولوں کے حاضر ہونے کا وقت آجائے گا۔
اس آیت میں ” اقتت “ کا لفظ ہے، یہ اصل میں ” وقتت “ ہے اور ” وقت “ سے بنا ہے، مجاہد اور زجاج نے یہ کہا ہے کہ اس سے مراد وہ وقت ہے جس میں رسول اپنی امت کے لیے گواہی پر پیش ہوں گے اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ اس سے مراد وہ وقت اور جب انبیاء (علیہم السلام) حصول ثواب کے لیے جمع ہوں گے اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ اس سے مراد وہ وقت ہو جب رسولوں کی امتوں سے پوچھا جائے گا کہ جب انہوں نے اپنی امتوں کو تبلیغ کی تو انہوں نے کیا جواب دیا ؟ اور رسولوں سے بھی سوال کیا جائے گا، جیسا کہ قرآن مجید میں ہے :
فَلَنَسْئَلَنَّ الَّذِیْنَ اُرْسِلَ اِلَیْہِمْ وَلَنَسْئَلَنَّ الْمُرْسَلِیْنَ ۔ (الاعراف : ٦)
پس ہم ان سے ضرور سوال کریں گے جن کی طرف رسولوں کو بھیجا گیا تھا اور ہم رسولوں سے بھی ضرور سوال کریں گے۔
اور یہ وقت ہوگا جب نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) جنت اور دوزخ کا، ضحائف اعمال کے پیش کرنے کا، حساب کا، میزان پر اعمال کے وزن کا اور قیامت کے تمام امور کا مشاہدہ کریں گے، جیسا کہ اس آیت میں ہے :
وَیَوْمَ الْقِیٰمَۃِ تَرَی الَّذِیْنَ کَذَبُوْا عَلَی اللہ ِ وُجُوْہُہُمْ مُّسْوَدَّۃٌط اَلَیْسَ فِیْ جَہَنَّمَ مَثْوًی لِّلْمُتَکَبِّرِیْنَ ۔ (الزمر : ٦)
اور قیامت کے دن آپ دیکھیں گے کہ جن لوگوں نے اللہ پر جھوٹ باندھا تھا ان کے چہرے سیاہ ہوں گے، کیا تکبیر کرنے والوں کا جہنم میں ٹھکانہ نہیں ہے ؟۔
القرآن – سورۃ نمبر 77 المرسلات آیت نمبر 11