٥٦ – بَابُ مَا جَاءَ فِي غَسْلِ الْبَوْلِ

پیشاب کو دھونے کے متعلق جو احادیث وارد ہیں

 

اس باب کی باب سابق کے ساتھ مناسبت اس طرح ہے کہ باب سابق میں یہ بتایا تھا کہ پیشاب سے نہ بچنے کی وجہ سے صاحب قبر کو عذاب ہوتا ہے اور اس باب میں پیشاب کو دھونے کا ذکر ہے۔ امام بخاری ایک تعلیق کا ذکر فرماتے ہیں:

وَقَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لِصَاحِبِ الْقَبْرِ كَانَ لَا يَسْتَتِرُ مِنْ بَوْلِهِ . وَلَمْ يَذْكُرْ سِوى بول النَّاسِ.

اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک قبر والے کے متعلق فرمایا: وہ پیشاب کے قطروں سے نہیں بچتا تھا اور آپ نے انسانوں کے پیشاب کے سوا اور کسی کے پیشاب کا ذکر نہیں کیا۔

یہ حدیث سابق (صحیح البخاری :۲۱۶) کا ایک قطعہ ہے۔

۲۱۷- حَدَّثَنَا يَعْقُوبُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ قَالَ حَدَّثَنَا  إِسْمَاعِيلُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ قَالَ حَدَّثَنِي رَوْحُ بْنُ القاسم قَالَ حَدَّثَنِي عَطَاءُ بْنُ أَبِي مَيْمُونَةَ ، عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ قَالَ كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِذَا تَبَرَّزَ لِحَاجَتِهِ ، أَتَيْتُهُ بِمَاءٍ فَيَغْسِلُ بِهِ.

امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں یعقوب بن ابراہیم نے حدیث بیان کی انہوں نے کہا: ہمیں اسماعیل بن ابراہیم نے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: مجھے روح بن القاسم نے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: مجھے عطاء بن ابی میمونہ نے حدیث بیان کی از حضرت انس بن مالک رضی الله عنہ کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم جب قضاء حاجت کے لیے جاتے تو میں آپ کے لیے پانی لے جاتا جس سے آپ دھوتے تھے۔

اس حدیث کی تخریج اور شرح صحیح البخاری : ۱۵۰ میں گزر چکی ہے وہاں مطالعہ فرمائیں۔

حدیث :۱۵۰ میں اس حدیث کو اس باب کے تحت ذکر کیا تھا: پانی سے استنجاء کرنا اور یہاں اس حدیث کو اس باب کے تحت ذکر کیا ہے: پیشاب کو دھونے کے متعلق احادیث ۔