کتاب الحیض باب 8 حدیث نمبر 306
۸ – بَابُ الْإِسْتِحَاضَةِ
استحاضہ کا بیان
اس باب میں استحاضہ کا حکم بیان کیا گیا ہے، جو خون عورت کی رگ سے نکلے اور فرج سے اس کے مخصوص وقت کے بغیر باہر آئے، اس کو استحاضہ کہتے ہیں اور باب سابق سے اس کی مناسبت یہ ہے کہ حیض اور استحاضہ دونوں عورت کے احکام میں سے ہیں۔
٣٠٦- حَدَّثَنَا عَبْدُاللَّهِ بْنُ يُوسُفَ قَالَ أَخْبَرَنَا مالِكٌ، عَنْ هِشَامِ بْنِ عُرْوَةَ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ عَائِشَةَ انَّهَا قَالَتْ قَالَتْ فَاطِمَةً بِنْتُ أَبِي حُبَيْشِ لِرَسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَارَسُولَ اللهِ إِنّى لَا اطهرُ أفَادَعُ الصَّلوةَ؟ فَقَالَ رَسُوْلُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِنَّمَا ذَلِكَ عِرْقٌ وَلَيْسَ بِالْحَيْضَةِ ، فَإِذَا أقبلت الْحَيْضَةُ فَاتْرُكِي الصَّلوةَ ، فَإِذَا ذَهَبَ قَدْرُهَا ، فَاغْسِلِي عَنْكِ الدَّمَ وَصَلَّى.
جامع المسانيد لابن الجوزی : ۷۴۰۷ مکتبة الرشد ریاض 1426ھ ۔
امام بخاری روایت کرتے ہیں : ہمیں عبداللہ بن یوسف نے حدیث بیان کی انہوں نے کہا: ہمیں امام مالک نے خبر دی از ہشام بن عروه از والد خود از حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا وہ بیان کرتی ہیں کہ حضرت فاطمہ بنت حبیش رضی اللہ عنہا نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا: یارسول اللہ ! بے شک میں پاک نہیں ہوتی ، کیا میں نماز چھوڑ دوں؟ تب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ صرف رگ ( کا خون ہے ) اور یہ حیض نہیں ہے، پس جب حیض آئے تو تم نماز چھوڑ دو اور جب حیض کی مقدار چلی جائے تو تم اپنے جسم سے خون کو دھولو اور نماز پڑھو۔
یہ حدیث صحیح البخاری : ۲۲۸ میں گزر چکی ہے وہاں اس کا عنوان تھا: خون کو دھونا اور یہاں اس کا عنوان ہے: استحاضہ کا بیان ۔