کتاب مواقیت الصلوۃ باب 3 حدیث نمبر 524
– بَابُ الْبَيْعَةِ عَلَى إِقَامَةِ الصَّلوةِ.
اقامت نماز پر بیعت کرنا
یہاں بیعت سے مراد ہے: اسلام کو قبول کرنے اور اس کے احکام پر عمل کرنے کا عہد کرنا اور وہ شخص جو اپنی اطاعت کو کسی کے لیے فروخت کر دے تو کہا جاتا ہے: اس نے اس کے ہاتھ پر بیعت کرلی۔
٥٢٤ – حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُتَنى قَالَ حَدَّثَنَا يَحْيَى قَالَ حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ قَالَ حَدَّثَنَا قَيْسٍ، عَنْ جَرِيرِ بنِ عَبْدِاللهِ قَالَ بَايَعْتُ رَسُوْلَ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَلَى إِقَامِ الصَّلوةِ، وَإِيتَاءِ الزَّكوة، وَالنُّصْح لِكُلِّ مُسْلِمٍ۔
امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں محمد بن المثنی نے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: ہمیں یحیی نے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: ہمیں اسماعیل نے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: ہمیں قیس نے حدیث بیان کی از جریر بن عبد اللہ، انہوں نے کہا: میں نے نماز قائم کرنے زکوۃ ادا کرنے اور ہر مسلمان کے لیے خیر خواہی کرنے پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بیعت کی۔
اس حدیث کی شرح صحیح البخاری : ۵۷ میں گزرچکی ہے وہاں اس کا عنوان تھا: اللہ، اس کے رسول، ائمہ مسلمین اور عام لوگوں کی خیر خواہی کرنا دین ہے اور اس باب کا عنوان ہے: نماز قائم کرنے کے لیے بیعت کرنا اور اس حدیث میں دونوں عنوانوں کی گنجائش ہے۔