جامع ترمذی : ابواب الطہارہ باب 4 بیت الخلاء میں جاتے وقت کیا کہا جائے؟ حدیث نمبر 5 ، 6
sulemansubhani نے Wednesday، 18 November 2026 کو شائع کیا.
4- باب ما يقول إذا دخل الخلاء
بیت الخلاء میں جاتے وقت کیا کہا جائے؟
5- حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ، وَهَنَّادٌ، قَالَ: حَدَّثَنَا وَكِيعٌ، عَنْ شُعْبَةَ، عَنْ عَبْدِالْعَزِيزِ بْنِ صُهَيْبٍ، عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ، قَالَ: كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِذَا دَخَلَ الْخَلَاءَ، قَالَ: اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ قَالَ شُعْبَةُ: وَقَدْ قَالَ مَرَّةً أُخْرَى: أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الْخُبْثِ وَالْخَبِيثِ- أَوْ الْخُبْثِ وَالْخَبَائِثِ – وَفِي الْبَابِ عَنْ عَلِيٍّ، وَزَيْدِ بْنِ أَرْقَمَ، وَجَابِرٍ، وَابْنِ مَسْعُودٍ. حَدِيثُ أَنَسٍ أَصَحُّ شَيْءٍ فِي هَذَا الْبَابِ وَأَحْسَنُ، وَحَدِيثُ زَيْدِ بْنِ أَرْقَمَ فِي إِسْنَادِهِ اضْطِرَابٌ. رَوَى هِشَامٌ الدَّسْتَوَائِيُّ، وَسَعِيدُ بْنُ أَبِي عَرُوبَةَ، عَنْ قَتَادَةَ، فَقَالَ سَعِيدٌ: عَنِ الْقَاسِمِ بْنِ عَوْفٍ الشَّيْبَانِيِّ، عَنْ زَيْدِ بْنِ أَرْقَمَ، وَقَالَ هِشَامٌ: عَنْ قَتَادَةَ، عَنْ زَيْدِ بْنِ أَرْقَمَ،
5- حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے آپ فرماتے ہیں کہ نبی پاک صلی اللہ تعالی علیہ وسلم جب بیت الخلاء میں داخل ہوتے تو ”اللهم انی اعوذ بك“ پڑھا کرتے تھے۔ شعبہ کہتے ہیں کہ دوسری مرتبہ عبد العزيز بن صہیب نے ”اعوذ بالله من الخبث والخبث“ یا ”الخبث والخبائث“ کے الفاظ بیان کئے۔ اس باب میں حضرت علی، زید بن ارقم، جابر اور عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین سے بھی روایات ہیں، حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حدیث اس باب کی دیگر روایات سے اصح اور احسن ہے۔ اور حضرت زید بن ارقم سے مروی حدیث کی سند میں اضطراب ہے۔ ہشام دستوائی اور سعید بن ابی عروبہ دونوں نے یہ حدیث قتادہ سے روایت کی ہے (لیکن قتادہ کے شیخ کے بارے دونوں میں اختلاف ہے) سعید نے کہا کہ قتادہ نے قاسم بن عوف شیبانی سے اور انہوں نے زید بن ارقم سے روایت کی ہے جبکہ ہشام نے کہا ہے کہ قتادہ نے (قاسم بن عوف کے واسطہ کے بغیر) زید بن ارقم سے روایت کی ہے،
وَرَوَاهُ شُعْبَةُ، وَمَعْمَرٌ، عَنْ قَتَادَةَ، عَنِ النَّضْرِ بْنِ أَنَسٍ، فَقَالَ شُعْبَةُ: عَنْ زَيْدِ بْنِ أَرْقَمَ، وَقَالَ مَعْمَرٌ: عَنِ النَّضْرِ بْنِ أَنَسٍ، عَنْ أَبِيهِ: سَأَلْتُ مُحَمَّدًا عَنْ هَذَا، فَقَالَ: يُحْتَمَلُ أَنْ يَكُونَ قَتَادَةُ: رَوَى عَنْهُمَا جَمِيعًا۔
نیز اس حدیث کو شعبہ اور معمر دونوں نے قتادہ از نضر بن انس کی سند سے روایت کیا ہے (لیکن دونوں میں نضر بن انس کے شیخ کے حوالے سے اختلاف ہے) شعبہ نے کہا کہ نضر بن انس نے زید بن ارقم سے روایت کی ہے جبکہ معمر نے کہا ہے کہ نضر بن انس نے اپنے والد حضرت انس سے روایت کی ہے، میں (ابوعیسی ترمذی) نے اس بارے امام محمد بن اسماعیل بخاری سے سوال کیا تو انہوں نے فرمایا: ہوسکتا ہے کہ قتادہ نے ان دونوں (قاسم بن عوف اور نضر بن انس) سے روایت کیا ہو۔
6- حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ عَبْدَةَ الضَّبِيُّ الْبَصْرِيُّ، قَالَ: حَدَّثَنَا حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ، عَنْ عَبْدِالْعَزِيزِ بْنِ صُهَيْبٍ، عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ، أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ إِذَا دَخَلَ الْخَلَاءَ، قَالَ: اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْخُبُثِ وَالْخَبَائِثِ – هَذَا حَدِيثٌ حَسَنٌ صَحِيحٌ
6- حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے آپ فرماتے ہیں: نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم بیت الخلاء میں داخل ہوتے وقت یہ دعا پڑھتے تھے: اللهم انی اعوذ بک من الخبث والخبائث : اے اللہ میں تیری پناہ چاہتا ہوں ناپاکی سے اور خبیث جنوں اور خبیث جننیوں (کے شر) سے۔ یہ حدیث حسن صحیح ہے۔
تخریج حدیث (5): () صحیح بخاری، کتاب الطهارة، باب ما يقول عند دخول الخلاء، 40/1، رقم 142، دار طوق النجاة () صحیح مسلم، کتاب الطهارة، باب ما يقول اذا اراد دخول الخلاء، 283/1، رقم 375، دار احياء التراث العربی، بیروت () سنن ابوداود، کتاب الطهارة، باب ما يقول الرجل اذا دخل الخلاء، 2/1، رقم 4، المكتبة العصريۃ، صيدا، بیروت () سنن نسائی، کتاب الطهارة، القول عند الخلاء، 20/1، رقم 19، مكتب المطبوعات الاسلامية، حلب () سنن ابن ماجه، کتاب الطهارة وسننها، باب ما يقول الرجل اذا دخل الخلاء، 109/1، رقم 298، دار احياء الكتب العربية، فیصل، عيسى البابي الحلبي
خُبُث ،خَبُث اور خبائث کا معنی:
ملا علی قاری علیہ رحمۃ اللہ الباری (متوفی 1014ھ) فرماتے ہیں:
(أَعُوْذُ بِكَ مِنَ الْخُبُثِ) میں ”الخُبث“ با کے ضمہ اورسکون کے ساتھ ”الخبیث“ کی جمع ہے۔ اور خبیث کا مطلب ہے تکلیف پہنچانے والا جن اور شیطان، اور ”الخَبَائِثَ“ ”الخَبِيْثَةُ“ کی جمع ہے جس کا معنی شیطان مرد اور عورتیں ہے، اور (اس دعا کے لئے) بیت الخلاء ہی کو اس لئے خاص کیا گیا کہ شیاطین خالی جگہوں پر ہوتے ہیں کیونکہ وہاں اللہ تعالیٰ کا ذکر نہیں کیا جاتا۔ اور کہا گیا ہے کہ ”الخُبْثُ“ (بسکون الباء) سے کفر، شر، فجور یا مطلقاً مکروہ چیز مراد ہے۔ اور ”الْخَبَائِثُ“ سے مذموم افعال، خراب عادتیں، غلط عقائد اور کمزور احوال مراد ہیں۔(مرقاۃ المفاتیح، کتاب الطهارۃ، باب آداب الخلاء، 1/375، تحت الحديث 337، دار الفكر، بيروت)
بیت الخلاء کے داخلے کی دعا کس وقت پڑھی جائے؟
علامہ یحییٰ بن شرف نووی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
حدیث پاک میں جو یہ فرمایا کہ ”نبی پاک صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم جب بیت الخلاء میں داخل ہوتے تو اللهم انی… …الخ پڑھتے“ اس کا مطلب یہ ہے کہ ”جب بیت الخلاء میں داخل ہونے کا ارادہ فرماتے تو اللهم انی…… الخ پڑھتے“ صحیح بخاری شریف کی روایت میں صراحت کے ساتھ اسی طرح وارد ہے چنانچہ فرمایا ”كَانَ إِذَا أَرَادَ أَنْ يَّدْخُلَ“ یعنی جب آپ علیہ الصلوٰۃ والسلام داخل ہونے کا ارادہ فرماتے (تو یہ دعا پڑھتے۔) (شرح النووی علی مسلم، کتاب الحیض، 4/71، تحت الباب ما يقول اذا اراد دخول الخلاء،دار احیاء التراث العربی،بیروت)
ملا علی قاری حنفی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
(دعا اس وقت پڑھے) جب بیت الخلاء میں داخل ہونے کا ارادہ کرے۔ اور ابہری کی شرح میں ہے شیخ نے فرمایا: جس نے اس حالت میں اللہ تعالیٰ کا ذکر کیا ہے وہ تفصیل کرتا ہے اور کہتا ہے: جو جگہیں اسی کام (قضائے حاجت) کے لیے بنائی گئی ہیں وہاں ان میں داخل ہونے سے تھوڑا سا پہلے دعا پڑھے اور ان کے علاوہ اور جگہوں میں اس کام کو شروع کرنے کے وقت مثلاً اپنے کپڑے سمیٹتے وقت پڑھے، یہ جمہور کا مذہب ہے اور علماء نے فرمایا ہے کہ جو شخص ابتدا میں دعا پڑھنا بھول جائے تو اب زبان سے نہیں بلکہ دل ہی دل میں پناہ مانگے اور جو حضرات مطلقاً اجازت دیتے ہیں جیسا کہ امام مالک سے منقول ہے تو اس میں تفصیل کی حاجت نہیں۔ (مرقاة المفاتيح،کتاب الطهارة،باب آداب الخلاء، 1/375،تحت الحديث 337،دار الفكر، بيروت)
بیت الخلاء میں داخلہ سے پہلے پناہ مانگنے کی وجہ:
امام جلال الدین سیوطی رحمة اللہ علیہ، ابن عربی رحمة اللہ علیہ کے حوالے سے فرماتے ہیں: رسول کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم دو وجہوں سے اس مقام (بیت الخلاء) کو دعائے استعاذہ کے ساتھ خاص فرماتے تھے:
(1) یہ خالی جگہ ہے اور اللہ تعالی کی عادت اور مشیت کے مطابق خالی جگہ میں شیطان کو وہ خاص تسلط وقدرت ہوتی ہے جو دوسرے مقام پر نہیں ہوتی، حضور انور صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اکیلا سوار ایک شیطان ہے اور دو سوار دو شیطان اور تین سوار (واقعی) سوار ہیں۔
(2) اور دوسری وجہ یہ ہے کہ یہ گندگی کا مقام ہے جہاں زبان سے ذکر اللہ نہیں کیا جاتا لہٰذا ذکر نہ کرنے کو شیطان غنیمت سمجھتا ہے کیونکہ اللہ تعالی کا ذکر شیطان کو بھگا دیتا ہے اس وجہ سے آپ علیہ الصلوة والسلام نے اس سے پہلے استعاذہ (پناہ مانگنے) کو اختیار کیا تاکہ باہر نکلنے تک اپنے اور شیطان کے درمیان اسے حفاظت کا مضبوط ذریعہ بنائیں اور اپنی امت کو سکھائیں۔ (قوت المغتذی علی جامع الترمذی،ابواب الطهارة،باب ما يقول اذا دخل الخلاء، 1/40،تحت الحديث 5،جامعه ام القرى، مكة المكرمة)
فتاوی رضویہ شریف میں ہے ’ہاں جن اور ناپاک روحیں مردوعورت احادیث سے ثابت ہیں اور وہ اکثر ناپاک موقعوں پر ہوتی ہیں، انہیں سے پناہ کے لئے پاخانہ جانے سے پہلے یہ دعا وارد ہوئی: اعوذ باالله من الخبث والخبائث‘ (فتاوی رضویہ،21/218،رضا فاؤنڈیشن،لاہور)
بیت الخلاء میں تعویذ پہن کر جانا:
خاتم المحققین سید محمد امین ابن عابدین شامی (متوفی 1252ھ) فرماتے ہیں:
ایسا تعویذ جو الگ غلاف میں ہو اسے بیت الخلاء میں لے کر جانا مکروہ نہیں لیکن بچنا افضل ہے۔ (الدر المختار مع رد المحتار،كتاب الطهارة،سنن الغسل، 1/178،دار الفكر)
امام اہلسنت مجدد دین وملت الشاہ امام احمد رضا خان علیہ رحمة الرحمن فرماتے ہیں:
تعویذ لے جانے کی اجازت اُس وقت ہوئی کہ غلاف مثلاً موم جامہ میں ہو اور پھر بھی فرمایا کہ اب بھی بچنا ہی اولی ہے اگرچہ غلاف ہونے سے کراہت نہ رہی۔“ (فتاویٰ رضویہ 1/896، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)
اضطراب سند کی وضاحت:
امام ترمذی نے حضرت زید بن ارقم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی روایت کے بارے میں فرمایا ہے کہ ’اس کی سند میں اضطراب ہے ۔‘ اضطراب کی وضاحت کرتے ہوئے شیخ محقق شاہ عبد الحق محدث دہلوی علیہ رحمۃ اللہ القوی (متوفی 1052ھ) فرماتے ہیں: اگر راویوں کی جانب سے سند یا متن میں تقدیم و تاخیر، زیادت و نقصان ، ایک راوی یا متن کو دوسرے سے بدلنے، سند میں مذکور ناموں یا اجزائے متن میں تحریف، اختصار، حذف یا اس کی مثل کسی اور امر میں اختلاف واقع ہو تو وہ حدیث مضطرب ہے۔ (مقدمة فی اصول الحديث، المضطرب، ص 42 ، دار البشائر الاسلامية، بيروت، لبنان)
شیخ محقق کے کلام سے معلوم ہوا کہ سند یا متن میں کسی طرح کے اختلاف کو اضطراب کہتے ہیں اور حضرت زید بن ارقم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حدیث میں دو جگہ اضطراب ہے جس کی وضاحت درج ذیل ہے:
سند میں اضطراب کا پہلا مقام :
ہشام دستوائی، سعید بن ابی عروبہ، شعبہ اور معمر سب نے یہ حدیث قتادہ سے روایت کی ہے لیکن قتادہ کے شیخ کے حوالے سے ان میں باہم اختلاف ہے سعید کہتے ہیں کہ قتادہ نے قاسم بن عوف شیبانی سے اور انہوں نے زید بن ارقم سے روایت کی ہے، ہشام کہتے ہے کہ قتادہ نے (قاسم بن عوف شیبانی کے واسطہ کے بغیر) زید بن ارقم سے روایت کی ہے اور شعبہ و معمر کا کہنا ہے کہ قتادہ نے نضر بن انس سے روایت کی ہے۔
سند میں اضطراب کا دوسرا مقام:
شعبہ و معمر دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ قتادہ نے نضر بن انس سے روایت کی ہے لیکن نضر بن انس کے شیخ کے حوالے سے ان دونوں میں اختلاف ہے۔ شعبہ کہتے ہیں کہ نضر بن انس نے زید بن ارقم سے روایت کی ہے جبکہ معمر کہتے ہیں کہ نضر بن انس نے اپنے والد حضرت انس سے روایت کی ہے۔
مذکورہ اضطراب کا حل:
امام ابوبکر احمد بن حسین بیہقی علیہ رحمۃ اللہ الغنی (متوفی 458ھ) فرماتے ہیں: ابو عیسیٰ ترمذی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا: ”
میں نے امام محمد بن اسماعیل بخاری علیہ الرحمۃ اللہ الباری سے سوال کیا کہ ان میں سے کونسی روایت آپ کے نزدیک زیادہ صحیح ہے ؟ تو آپ نے فرمایا: ہوسکتا ہے کہ قتادہ نے ان دونوں (قاسم بن عوف اور نضر بن انس) سے عن زید بن ارقم (یہ روایت) سنی ہو۔ اور آپ نے کوئی فیصلہ نہیں فرمایا۔ اور امام احمد بن حنبل رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا: کہا گیا ہے کہ معمر عن قتادہ عن نضر بن انس عن انس والی سند وہم ہے۔ (السنن الکبری للبیہقی، جماع ابواب الاستطابة، باب ما يقول اذا اراد دخول الخلاء، 1/155، تحت الحديث 454، دار الكتب العلمية، بيروت)
لیکن ابھی یہ سوال باقی ہے کہ سعید نے جو یہ کہا کہ قتادہ نے بغیر کسی واسطہ کے زید بن ارقم سے روایت کیا ہے، اس کی کیا حقیقت ہے؟ تو اس کے بارے دو احتمال سمجھ آتے ہیں اول یہ کہ قتادہ نے قاسم بن عوف شیبانی اور نضر بن انس کی طرح زید بن ارقم سے بھی سماع کیا ہو، اور ثانی یہ کہ معمر عن قتادہ عن نضر بن انس عن انس والی سند کی طرح یہ سند بھی وہم پر ہی محمول ہو۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔
”ہذا حدیث حسن“ کی وضاحت:
امام شمس الدین ابو عبد اللہ محمد بن احمد ذہبی علیہ الرحمۃ اللہ القوی (متوفی 748ھ) فرماتے ہیں:
حدیث حسن وہ ہے جو درجہٴ ضعیف سے برتر ہو لیکن درجہٴ صحت کو نہ پہنچے۔ (الموقظة في علم مصطلح الحديث، الحسن، ص26، مكتب المطبوعات الاسلامية، حلب)
شیخ محقق شاہ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ (متوفی 1052ھ) فرماتے ہیں:
حدیث صحیح وہ ہے جو عادل اور تام الضبط راویوں کی نقل سے ثابت ہو اور معلل و شاذ نہ ہو پھر اگر یہ صفات کامل طور پر پائی جائیں تو حدیث صحیح لذاتہ ہے اور اگر ان میں کسی طرح کی کمی ہو لیکن کثرت طرق وغیرہ سے وہ کمی پوری ہوجائے تو حدیث صحیح لغیرہ ہے اور اگر یہ کمی پوری نہ ہو تو حدیث حسن لذاتہ ہے اور جس میں صحیح کی تمام یا بعض شرائط معتبرہ نہ پائی جائیں تو وہ حدیث ضعیف ہے اور اگر ضعیف کے متعدد طرق ہوں اور اس کا ضعف دور ہو جائے تو اسے حسن لغیرہ کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے اور کلام محدثین کا ظاہر یہ ہے کہ حدیث حسن میں صحیح کی مذکورہ تمام صفات کا ناقص ہونا بھی جائز ہے لیکن تحقیق یہ ہے کہ حدیث حسن میں جس نقصان کا اعتبار کیا جاتا ہے وہ قلت ضبط ہے جبکہ باقی صفات (صحیح کی طرح) اپنی حالت پر ہوتی ہیں۔(مقدمة فی اصول الحديث، الفصل الرابع في الصحيح والحسن والضعيف، ص60-58، دار البشائر الاسلامية، بيروت، لبنان)
لیکن حدیث حسن کے حوالے سے امام ترمذی علیہ الرحمۃ کی اپنی اصطلاح ہے، آپ ”العلل الصغیر“ میں فرماتے ہیں:
ہم نے اس کتاب میں جو ”حدیث حسن“ ذکر کیا ہے تو اس سے ہماری مراد یہ ہے کہ ہمارے نزدیک اس حدیث کی اسناد حسن ہے پس ہر وہ حدیث جس کی سند میں نہ کوئی متہم بالکذب ہو، نہ حدیث شاذ ہو اور وہ حدیث کسی دوسری سند سے بھی مروی ہو تو وہ ہمارے نزدیک حسن ہے۔ (العلل الصغير للترمذى(المطبوع بآخر المجلد الخامس من سنن الترمذى)،معانى الاصطلاح للترمذی،ص758،داراحياءالتراث العربی، بيروت)
امام ترمذی علیہ الرحمہ کی مذکورہ تعریف پر یہ اعتراض ہوتا ہے کہ حسن کی اس تعریف میں کوئی ایسی قید نہیں جو اسے صحیح سے ممتاز کرے یعنی حسن کی یہ تعریف دخول غیر سے مانع نہیں بلکہ صحیح کو بھی شامل ہے۔
علامہ جلال الدین سیوطی علیہ رحمۃ اللہ القوی اس کا جواب نقل کرتے ہوئے فرماتے ہیں:
شیخ الاسلام نے فرمایا کہ امام ترمذی نے دو چیزوں سے حسن کو صحیح سے ممتاز کیا ہے۔ اول: حسن کے راویوں کا صحیح بلکہ حسن لذاتہ کے راویوں سے کم درجہ ہونا، اور دوم: اس حدیث کا کسی اور سند سے بھی مروی ہونا، اول کی تفصیل یہ ہے کہ حسن کی تعریف میں امام ترمذی علیہ الرحمہ نے یہ شرط لگائی ہے کہ اس کا راوی غیر متہم بالکذب ہو پس مستور و مجہول وغیرہ راوی اس میں داخل ہوں گے نیز صحیح کے راویوں کے لئے ثقہ اور حسن لذاتہ کے راویوں کے لئے موصوف بالضبط ہونا ضروری ہے اور اس قدر کو غیر متہم بالکذب ہونا کافی نہیں۔
اور ابن سید الناس نے فرمایا: اگر کوئی کہنے والا یہ کہے کہ امام ترمذی نے (فقط) اپنی کتاب میں یہ اصطلاح قائم کی ہے اور اسے اصطلاح عام قرار نہیں دیا تو اسے یہ کہنے کا حق ہے۔( تدريب الراوی،النوع الثانی:الحسن،تعريف الحسن،1/169،دارطيبه،بتقدم وتأخر،ملتقطاً)
حافظ ابن حجر عسقلانی امام ترمذی کی ذکر کردہ تعریف کی توضیح میں لکھتے ہیں:
مصنف (حافظ ابن الصلاح) کی فہم کے مطابق امام ترمذی کے نزدیک یہ مستور الحال راوی کی روایت کی تعریف ہے جسے کثیر محدثین نے حسن کے قبیل سے شمار نہیں کیا اور تحقیق یہ ہے کہ امام ترمذی کے نزدیک یہ قسم مستور الحال راوی کی روایت میں مقصور نہیں بلکہ ایسی ضعیف روایت جس کا سبب راوی کا سوء حفظ اور غلط و خطا سے موصوف ہونا ہو، اختلاط کے بعد مختلط کی روایت ، مدلس کی معنعن اور جس کی سند میں انقطاع خفیف ہو یہ سب بھی تین شرطوں کے ساتھ اس قسم میں شریک ہیں
اول: ان کی سند میں کوئی متہم بالکذب نہ ہو۔ ثانی: ان کی اسناد شاذ نہ ہو۔ اور ثالث: یہ یا اس جیسی حدیث کسی دوسری سند سے بھی مروی ہو۔
اور یہ سب مرتبہ میں برابر نہیں بلکہ بعض بعض سے قوی ہیں اور اس بات کو اس سے بھی تقویت ملتی ہے کہ امام ترمذی نے اتصال سند کی شرط بالکل نہیں لگائی اسی لئے آپ نے بہت سی منقطع السند روایات کو بھی صفتِ حسن سے موصوف کیا ہے۔ (اس کے بعد علامہ ابنِ حجر عسقلانی نے بطورِ مثال مندرجہ بالا اقسام کی متعدد احادیث ذکر فرمائی ہیں جن پر امام ترمذی نے صفتِ حسن کا اطلاق کیا ہے۔) (النکت على مقدمة ابن الصلاح لابن حجر، النوع الثاني الحسن، 1/387 ،عمادة البحث العلمي بالجامعة الاسلامية، المدينة المنورة)
—
ٹیگز:-
ابواب طهارت , ترمذی , جامع ترمذی , جامع الترمذی , الجامع للترمذی , امام ابوعیسی محمد بن عیسیٰ ترمذی متوفی , شرح جامع ترمذی , ترمذی شریف , کتاب الطہارہ