حدیث کی تقطیع میں مذاہب ائمہ

حافظ ابن الصلاح لکھتے ہیں:

مصنف کا حدیثِ واحد کے متن کی تقطیع (پارہ پارہ) کرنا اور حدیث کے ان ٹکڑوں کو مختلف ابواب میں تقسیم کرنا جواز کے قریب ہے اور عدمِ جواز سے بعید ہے‘ امام مالک، امام بخاری اور متقدمین ائمہ حدیث نے حدیث کی تقطیع کی ہے اور یہ کراہت سے خالی نہیں ہے۔ )حافظ ابو عمرو عثمان بن عبد الرحمن متوفی ۶۴۳ھ، علوم الحدیث ص ۱۹۴، مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ ۱۳۸۶ھ(

علامہ سخاوی لکھتے ہیں:

رشید عطار نے تصریح کی ہے کہ اس مسئلہ میں اختلاف ہے، بہ ظاہر امام مسلم کے نزدیک یہ منع ہے کیونکہ انھوں نے امام بخاری کی طرح مسائل اور احکام کے استنباط کا قصد نہیں کیا اس لیے وہ الاختصار اور تقطیع کے بغیر مکمل حدیث کو وارد کرتے ہیں، امام مالک، امام احمد، امام بخاری، امام ابو داؤد اور امام نسائی نے تقطیع کی ہے‘ خلال نے امام احمد سے روایت کیا ہے کہ تقطیع نہیں کرنی چاہیے، حافظ ابن الصلاح کا بھی یہی مختار ہے، لیکن علامہ نووی نے ان کی موافقت نہیں کی، اور حافظ عبدالغنی بن سعید نے تقطیع حدیث کو مستحب لکھا ہے، ابن دقیق العید نے شرح الالمام میں لکھا ہے کہ اگر حدیث کے ایک حصہ کو حذف کرنے سے باقی حصہ میں خلل نہیں ہوتا تو پھر کوئی کراہت نہیں ہے اور اگر حدیث کے کسی حصہ کو حذف کرنے سے باقی میں خلل واقع ہوتا ہے تو پھر تقطیع مکروہ ہے اور خلل جتنا زیادہ ہوگا کراہت اتنی زیادہ ہوگی۔(علامہ ابو عبداللہ محمد بن عبد الرحمن سخاوی متوفی ۹۰۲ھ، فتح المغیث بشرح الفیة الحدیث ج ۳ ص ۱۵۷-۱۵۸، مطبوعہ دارالامام الطبری، ۱۴۱۲ھ)