جامع ترمذی : ابواب الطہارہ باب 6 پیشاب یا پاخانہ کرتے وقت قبلہ کی طرف منہ کرنے کی ممانعت حدیث نمبر 8
sulemansubhani نے Wednesday، 25 November 2026 کو شائع کیا.
6-باب في النهي عن استقبال القبلة بغائط او بول
پیشاب یا پاخانہ کرتے وقت قبلہ کی طرف منہ کرنے کی ممانعت
8- حَدَّثَنَا سَعِيدُ بْنُ عَبْدِالرَّحْمَنِ الْمَخْزُومِيُّ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ بْنُ عُيَيْنَةَ، عَنِ الزُّهْرِيِّ، عَنْ عَطَاءِ بْنِ يَزِيدَ اللَّيْثِيِّ، عَنْ أَبِي أَيُّوبَ الْأَنْصَارِيِّ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّه صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : إِذَا أَتَيْتُمُ الْغَائِطَ فَلَا تَسْتَقْبِلُوا الْقِبْلَةَ بِغَائِطٍ وَلَا بَوْلٍ، وَلَا تَسْتَدْبِرُوهَا، وَلَكِنْ شَرِّقُوا أَوْ غَرِّبُوا قَالَ أَبُو أَيُّوبَ: فَقَدِمْنَا الشَّامَ فَوَجَدْنَا مَرَاحِيضَ قَدْ بُنِيَتْ مُسْتَقْبِلَ الْقِبْلَةِ، فَنَنَحَرِفُ عَنْهَا، وَنَسْتَغْفِرُاللَّهَ. وَفِي الْبَابِ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ الْحَارِثِ بْنِ جَزْءٍ الزُّبَيْدِيِّ، وَمَعْقِلِ بْنِ أَبِي الْهَيْثَمِ، وَيُقَالُ: مَعْقِلُ بْنُ أَبِي مَعْقِلٍ، وَأَبِي أُمَامَةَ، وَأَبِي هُرَيْرَةَ، وَسَهْلِ بْنِ حُنَيْفٍ. قَالَ أَبُوعِيسَى : حَدِيثُ أَبِي أَيُّوبَ أَحْسَنُ شَيْءٍ فِي هَذَا الْبَابِ وَأَصَحُّ. وَأَبُوأَيُّوبَ اسْمُهُ خَالِدٌ بْنُ زَيْدٍ، وَالزُّهْرِيُّ اسْمُهُ مُحَمَّدُ بْنُ مُسْلِمِ بْنِ عُبَيْدِاللّٰهِ بْنِ شِهَابٍ الزُّهْرِيُّ، وَكُنْيَتُهُ أَبُوبَكْرٍ. قَالَ أَبُو الْوَلِيدالْمَكِّيُّ: قَالَ أَبُو عَبْدِاللّٰهِ الشَّافِعِيُّ: إِنَّمَا مَعْنَى قَوْلِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: لَا تَسْتَقْبِلُوا الْقِبْلَةَ بِغَائِطٍ وَلَا بَوْلٍ، وَلَا تَسْتَدْبِرُوهَا، إِنَّمَا هٰذَا فِي الْفَيَافِي، فَأَمَّا فِي الْكُنُفِ الْمَبْنِيَّةِ لَهُمُ الرُّخْصَةُ فِي أَنْ يَسْتَقْبِلَهَا، وَكَذَا قَالَ إِسْحَاقُ، وَقَالَ أَحْمَدُ بْنُ حَنْبَلٍ: إِنَّمَا الرُّخْصَةُ مِنَ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْه وَسَلَّمَ فِي اسْتِدْبَارِ الْقِبْلَةِ بِغَائِطٍ أَوْ بَوْلٍ، فَأَمَّا اسْتِقْبَالُ الْقِبْلَةِ فَلَا يَسْتَقْبِلُهَا، كَأَنَّهُ لَمْ يَرَ فِي الصَّحْرَاءِ وَلَا فِي الْكُنُفِ أَنْ يَسْتَقْبِلَ الْقِبْلَةَ.
حضرت سیدنا ابو ایوب انصاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے، آپ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جب تم قضائے حاجت اور پیشاب کے لیے جاؤ تو نہ ہی قبلہ کی طرف منہ کرو اور نہ ہی پیٹھ کرو، بلکہ مشرق یا مغرب کی طرف ہوجاؤ۔ حضرت ابو ایوب رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا: ہم ملکِ شام آئے تو ہم نے ایسے بیت الخلا ء پائے جو قبلہ رخ بنے ہوئے تھے، ہم ادھر سے منہ پھیر لیتے اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں استغفارکرتے۔ اس باب میں حضرت عبداللہ بن حارث بن جزء الزبیدی، حضرت معقل بن ابی الہیثم (اور کہا جاتا ہے کہ آپ معقل بن ابی معقل ہیں)، حضرت ابو امامہ، حضرت ابو ہریرہ اور حضرت سہل بن حنیف رضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین سے احادیث مروی ہیں۔
امام ابو عیسیٰ ترمذی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا:
حضرت ابو ایوب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حدیث اس باب کی دیگر روایات سے اصح اور احسن ہے۔ حضرت ابو ایوب کا نام خالد بن زید ہے اور زہری کا نام محمد بن عبیداللہ بن شہاب الزہری ہے اور کنیت ابوبکر ہے، ابو ولید مکی کہتے ہیں: امام ابوعبد اللہ شافعی رحمۃ اللہ علیہ نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے اس ارشاد ”جب تم پیشاب یا پاخانہ کے لیے جاؤ تو نہ قبلہ کی طرف منہ کرو، نہ پیٹھ“ میں موجود حکم جنگلوں اور صحراؤں میں ہے جبکہ بیت الخلاء میں قبلہ کی طرف رخ کرنے کی رخصت ہے، اسی طرح اسحاق نے کہا ہے۔ امام احمد بن حنبل کا قول یہ ہے کہ نبی پاک صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی طرف سے پیشاب اور پاخانہ میں قبلہ کی طرف پیٹھ کرنے کی اجازت ہے، رخ کرنے کی اجازت نہیں، گویا کہ امام احمد بن حنبل صحرا اور بیت الخلاء دونوں میں قبلہ کی جانب رخ کرنے کو درست نہیں سمجھتے تھے۔
تخریج حدیث (8):
(صحيح بخاري، كتاب الطهارة، باب لا تستقبلوا القبلة بغائط او بول، 1/41، …رقم، 144 دار طوق النجاة)(ايضا، باب قبلة اهل المدينة، 1/88، …رقم()، 394صحيح مسلم، كتاب الطهارة، باب الاستطابة، 1/224رقم، 264 دار احياء التراث العربي، بيروت) (سنن ابوداود، كتاب الطهارة، باب كراهية استقبال القبلة عند قضاء الحاجة، 1/3، رقم، 9 المكتبة العصرية ،صيدا، بيروت) (سنن نسائي، كتاب الطهارة، باب النهي عن استدبار القبلة عند الحاجة ، 1/22,23 رقم، 21,22مكتب المطبوعات الاسلامية، حلب) (سنن ابن ماجه، كتاب الطهارة وسننها، باب النهي عن استقبال القبلة بالغائط ، 1/115رقم ، 318دار احياء الكتب العربية، فيصل، عيسى البابي الحلبي
مراحیض کا معنیٰ:
علامہ نووی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں:
حدیث میں مراحیض (میم کے فتح اور حائے مہملہ وضاد معجمہ کے ساتھ ) مرحاض (میم کے کسرہ کے ساتھ) کی جمع ہے ، اس سے مراد وہ کمرہ ہے جو انسان کی قضائے حاجت یعنی پاخانہ کرنے کے لئے بنایا جاتا ہے(یعنی بیت الخلا)۔(شرح النووی علی مسلم، ج3، ص158، دار احیاء التراث العربی، بیروت)
غائط کا معنیٰ:
امام جلال الدین سیوطی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
جب تم بیت الخلاء کو آؤ تو قضائے حاجت کے وقت قبلہ کو منہ نہ کرو، اہل لغت کا کہنا ہے کہ ”غائط“ اصل میں آرام دہ جگہ کا نام ہے جہاں وہ لوگ قضائے حاجت کے لیے آیا کرتے تھے پھر بول و براز کے نام سے کراہیت کی وجہ سے انہوں نے اس لفظ کو نفسِ حدث کے لیے بطورِ کنایہ استعمال کیا اور نازیبا الفاظ کے استعمال سے پرہیز ، اپنے کلام میں کنایات کا استعمال اور جن چیزوں (کے سننے اور دیکھنے ) سے کانوں اور آنکھوں کی حفاظت کی جاتی ہے زبان کو ان (کا نام لینے ) سے محفوظ رکھنا اہل عرب کی عادت ہے۔ میں (عبد الرحمن بن ابوبکر السیوطی) کہتا ہوں کہ اس حدیثِ پاک میں دونوں امر جمع ہوگئے ہیں پس حدیثِ پاک کی ابتدا میں مذکور لفظ غائط سے مراد جگہ اور آخر میں وارد لفظ سے مراد بدن سے نکلنے والی چیز ہے۔ (قوت المغتذی علی جامع الترمذی، ج1، ص43،جامعہ ام القری، مکۃ المکرمہ)
مشرق یا مغرب کی طرف منہ کون کرے؟
علامہ نووی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں: (حدیث میں جو مشرق یا مغرب کی طرف منہ کرنے کا حکم ہے) علماء اس کے بارے فرماتے ہیں کہ یہ خطاب اہل مدینہ اور اس جیسے ان علاقے والوں سے ہے جن کے مشرق یا مغرب کی طرف منہ کرنے سے قبلہ کی طرف منہ یا پیٹھ نہیں ہوتی۔ (شرح النووی علی مسلم، ج3، ص158، دار احیاء التراث العربی، بیروت)
لہٰذا مشرق یا مغرب کو رخ کرنے کا حکم پاک و ہند والوں کے لئے نہیں ہے کیونکہ ہمارے یہاں قبلہ جانب مغرب میں ہے۔ لہٰذا ہمارے یہاں شمال یا جنوب کی جانب رخ کیا جائے گا۔
صحابہ کرام علیہم الرضوان کے استغفار کرنے کی وجہ:
امام جلال الدین سیوطی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں:
حدیث میں جو فرمایا کہ ”ہم قبلہ سے پھرجاتے اور اللہ تعالیٰ سے استغفار کرتے۔“ اس سے متعلق محی الدین ابن عربی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ اس میں تین احتمال ہیں (1) قبلہ کی طرف منہ ہونے کی وجہ سے استغفار کرتے۔ (2) اپنے گناہوں سے استغفار کرتے کیونکہ گناہ کو دیکھ کر گناہ یاد آجاتا ہے۔ (3) جس نے اس کمرے کو بنایا تھا اس کے لئے استغفار کرتے کہ گنہ گاروں کے لئے استغفار کرنا سنت ہے۔ (قوت المغتذی علی جامع الترمذی، ج1، ص44،جامعہ ام القری، مكة المكرمه)
قضائے حاجت کے وقت قبلہ کی طرف منہ اور پیٹھ کرنے کے بارے مذاہب:
فضا و صحرا کسی کھلی جگہ میں بغیر کسی آڑ کے قضائے حاجت کرتے ہوئے قبلہ کو منہ یا پیٹھ کرنے کے عدم جواز پر اتفاق ہے اور دیوار وغیرہ کسی چیز کو آڑ بنا کر یا کسی عمارت کے اندر قضائے حاجت کرتے ہوئے قبلہ کو منہ یا پیٹھ کرنے کے بارے اختلاف ہے، احناف کے نزدیک یہ بھی ناجائز ہے کہ حدیث پاک میں وارد ممانعت مطلق ہے جبکہ مالکیہ، حنابلہ اور شوافع کے نزدیک اس کی رخصت ہے۔
شیخ احمد دردیر مالکی علیہ رحمۃ اللہ الکافی (متوفی 1201ھ) فرماتے ہیں:
جب کوئی مکلف بغیر کسی پردے کے فضا (کھلی جگہ) میں قضائے حاجت کرے تو اسے قبلہ کی جانب رخ اور پیٹھ کرنا حرام ہے اور اگر وہ کسی دیوار، چٹان یا کپڑے وغیرہ سے پردہ (آڑ) کر لے تو کوئی حرمت نہیں اور بہتر یہ ہے کہ اختلاف کی رعایت کرتے ہوئے اس صورت میں بھی قبلہ کو منہ یا پیٹھ نہ کرے۔ (الشرح الصغير مع حاشية الصاوى،باب فى بيان الطهارة،فصل فى بيان آداب قضاء حاجة الانسان، 94/1-93،دار المعارف)
مصطفیٰ بن سعد بن عبدہ سیوطی حنبلی علیہ رحمۃ اللہ المغنی (متوفی 1243ھ) فرماتے ہیں:
فضا (بغیر کسی آڑ کے کھلی جگہ) میں پیشاب اور پاخانہ کرنے کی حالت میں قبلہ کو منہ یا پیٹھ کرنا حرام ہے اور عمارت میں ایسا کرنا حرام نہیں۔ (مطالب اولى النهى فى شرح غاية المنتهى، باب الاستنجاء وآداب التخلى، فصل مایسن لمتخل….، 72/1، المكتب الاسلامی، ملتقطاً)
نوٹ: اس مسئلہ میں حنابلہ کی پانچ روایات ہیں:
(1) قضائے حاجت کے وقت قبلہ کو منہ اور پیٹھ کرنا عمارت میں حرام اور فضا میں جائز ہے اور یہی راجح ہے۔
(2) قبلہ کو منہ اور پیٹھ کرنا فضا اور عمارت دونوں میں حرام۔
(3) قبلہ کو منہ اور پیٹھ کرنا فضا اور عمارت دونوں میں جائز ہے۔
(4) قبلہ کو منہ کرنا عمارت اور فضا دونوں میں حرام جبکہ پیٹھ کرنا دونوں جگہ جائز ہے۔
(5) صرف عمارت میں پیٹھ کرنا جائز ہے جبکہ فضا میں پیٹھ کرنا اور فضا و عمارت دونوں جگہ منہ کرنا نا جائز ہے۔ (الفروع وتصحيح الفروع، الاقوال فى الاستقبال،ج1،ص125مؤسسة الرساله ، بيروت)
ابوزکریا یحییٰ بن شرف نووی علیہ رحمۃ اللہ القوی (متوفی 676ھ) فرماتے ہیں:
اگر قضائے حاجت کرنے والا کسی عمارت میں ہے یا اس کے سامنے دیوار ہے تو ادب یہ ہے کہ وہ قبلہ کو رخ کرے، نہ پیٹھ اور اگر وہ صحرا میں ہے اور اس نے کسی چیز کو آڑھ بھی نہیں بنایا تو قبلہ کو منہ یا پیٹھ کرنا حرام ہے جبکہ عمارت میں ایسا کرنا حرام نہیں۔ (روضة الطالبين وعمدة المفتين،كتاب الطهارة،باب الاستنجاء،1/65،المكتب الاسلامى،بيروت)
علامہ علاؤ الدین حصکفی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
پیشاب اور پاخانہ کے وقت قبلہ کو رخ اور پیٹھ کرنا مکروہ تحریمی ہے۔ اگرچہ عمارت کے اندر ہی کیوں نہ ہو کیونکہ نہی (ممانعت) مطلق ہے۔ (الدرالمختار مع ردالمحتار،كتاب الطهارة،باب الانجاس،فصل الاستنجاء،ج1،ص341،دارالفكر،بيروت،ملتقطا)
عورت کا چھوٹے بچے کو قبلہ رخ پیشاب کرانا:
درمختار و حاشیہ ابن عابدین شامی میں ہے: عورت کے لیے یہ عمل مکروہ تحریمی ہے کہ وہ چھوٹے بچے کو قبلہ رخ پیشاب یا پاخانہ کرائے۔ (درمختار وحاشية ابن عابدين،كتاب الطهارة،باب الانجاس،فصل الاستنجاء،1/342،دارالفكر،بيروت)
ٹیگز:-
ترمذی , جامع ترمذی , امام ابوعیسی محمد بن عیسیٰ ترمذی , الجامع للترمذی , شرح جامع ترمذی , ترمذی شریف , مفتی محمد ہاشم , مفتی محمد ہاشم خان العطاری المدنی , کتاب الطہارہ , ابواب طهارت