جامع ترمذی : ابواب الطہارہ باب 8 کھڑے ہو کر پیشاب کرنے کی ممانعت حدیث نمبر 12
sulemansubhani نے Sunday، 29 November 2026 کو شائع کیا.
8۔ باب النهی عن البول قائماً
کھڑے ہو کر پیشاب کرنے کی ممانعت
12- حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ حُجْرٍ، أَخْبَرَنَا شَرِيكٌ، عَنِ المِقْدَامِ بْنِ شُرَيْحٍ، عَنْ أَبِيهِ، عَنْ عَائِشَةَ، قَالَتْ: مَنْ حَدَّثَكُمْ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ يَبُولُ قَائِمًا فَلَا تُصَدِّقُوهُ، مَا كَانَ يَبُولُ إِلَّا قَاعِدًا. وَفِي البَابِ عَنْ عُمَرَ، وَبُرَيْدَةَ، قَالَ أَبُو عِيسَى: حَدِيثُ عَائِشَةَ أَحْسَنُ شَيْءٍ فِي البَابِ وَأَصَحُّ، وَحَدِيثُ عُمَرَ إِنَّمَا رُوِيَ مِنْ حَدِيثِ عَبْدِ الكَرِيمِ بْنِ أَبِي المُخَارِقِ، عَنْ نَافِعٍ، عَنِ ابْنِ عُمَرَ، عَنْ عُمَرَ، قَالَ: رَآنِي النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَبُولُ قَائِمًا، فَقَالَ: يَا عُمَرُ، لَا تَبُلْ قَائِمًا، فَمَا بُلْتُ قَائِمًا بَعْدُ. وَإِنَّمَا رَفَعَ هَذَا الحَدِيثَ عَبْدُالْكَرِيمِ بْنُ أَبِي الْمُخَارِقِ وَهُوَ ضَعِيفٌ عِنْدَ أَهْلِ الْحَدِيثِ، ضَعَّفَهُ أَيُّوبُ السَّخْتِيَانِيُّ وَتَكَلَّمَ فِيهِ , وَرَوَى عُبَيْدُاللَّهِ، عَنْ نَافِعٍ، عَنْ ابْنِ عُمَرَ، قَالَ: قَالَ عُمَرُ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ: مَا بُلْتُ قَائِمًا مُنْذُ أَسْلَمْتُ. وَهَذَا أَصَحُّ مِنْ حَدِيثِ عَبْدِ الْكَرِيمِ , وَحَدِيثُ بُرَيْدَةَ فِي هَذَا غَيْرُ مَحْفُوظٍ، وَمَعْنَى النَّهْيِ عَنِ الْبَوْلِ قَائِمًا عَلَى التَّأْدِيبِ لَا عَلَى التَّحْرِيمِ، وَقَدْ رُوِيَ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَسْعُودٍ، قَالَ: إِنَّ مِنَ الْجَفَاءِ أَنْ تَبُولَ وَأَنْتَ قَائِمٌ.
12- حضرت سیدتنا عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے، فرماتی ہیں: جو شخص تم سے یہ بیان کرے کہ نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کھڑے ہوکر پیشاب کیا کرتے تھے تو تم اس کی تصدیق نہ کرو، نبی پاک صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم بیٹھ کر ہی پیشاب کیا کرتے تھے۔ اس باب میں حضرت عمر اور حضرت بریدہ رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے بھی روایت مروی ہیں۔امام ابو عیسیٰ ترمذی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا: حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی حدیث اس باب میں احسن اور اصح ہے۔ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حدیث عبد الکریم بن ابی مخارق عن نافع عن ابن عمر عن عمر کی سند سے مروی ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا: نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے مجھے کھڑے ہوکر پیشاب کرتے دیکھا تو فرمایا: اے عمر! کھڑے ہوکر پیشاب نہ کرو (حضرت عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں) پس اس کے بعد میں نے کھڑے ہوکر پیشاب نہیں کیا۔ اس حدیث کو صرف عبد الکریم بن ابی مخارق نے ہی مرفوعاً بیان کیا ہے، اور وہ محدثین کے نزدیک ضعیف ہے، ایوب سختیانی نے اسے ضعیف قرار دیا ہے اور اس کے بارے میں کلام کیا ہے۔ عبید اللہ نے نافع کے واسطے سے ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت کیا کہ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا: میں جب سے مشرف بہ اسلام ہوا ہوں کھڑے ہوکر پیشاب نہیں کیا۔ اور یہ روایت عبد الکریم کی حدیث سے اصح ہے۔ اس باب میں حضرت بریدہ کی حدیث غیر محفوظ ہے۔ کھڑے ہوکر پیشاب کرنے کی ممانعت تادیباً (ادب سکھانے کے لیے) ہے، تحریماً (حرام کرنے کے لیے) نہیں۔ اور حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ مروی ہے، آپ فرماتے ہیں: کھڑے ہوکر پیشاب کرنا ظلم ہے۔
تخریج حدیث: (12)
سنن نسائی،کتاب الطهارة،باب البول في البيت جالسا، 1/ 62،رقم 92، مكتب المطبوعات الاسلامية،حلب()سنن ابن ماجه، كتاب الطهارة وسننها،باب في البول قاعدا، 211/1، رقم 703، دار احياء الكتب العربية، فيصل، عيسى البابي الحلبي
بلاعذر کھڑے ہوکر پیشاب کرنے میں مذاہب ائمہ :
بلاعذر کھڑے ہو کر پیشاب کرنا احناف اور شوافع کے نزدیک مکروہ تنزیہی ہے، امام احمد بن حنبل علیہ الرحمۃ سے کراہت اور عدم کراہت دونوں منقول ہیں اور راجح یہ ہے کہ اگر تلوث اور لوگوں کے دیکھنے سے امن ہو تو مکروہ نہیں اور امام مالک علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں کہ ایسی زمین جہاں چھینٹے اُڑ کر پیشاب کرنے والے پر نہ پڑیں وہاں کھڑے ہوکر پیشاب کرنے میں حرج نہیں، اور جہاں چھینٹے اڑ کر پڑیں گے وہاں کھڑے ہوکر پیشاب کرنا مکروہ ہے۔
علامہ شمس الدین تمرتاشی حنفی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
کھڑے ہوکر پیشاب کرنا مکروہ ہے۔ (تنوير الابصارمع درمختاروردالمحتار ,كتاب الطهارة،باب الانجاس،فصل فى الاستنجاء،فروع فى الاستبراء، 344/1، دار الفكر، بيروت،ملتقطاً)
اس کے تحت خاتم المحققین سید محمد امین ابن عابدین شامی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
کیونکہ اس بارے میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے نہی (ممانعت) وارد ہے نیز سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا فرمان ہے کہ ’’جو تمھیں بیان کرے کہ حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے ہوکر پیشاب کیا کرتے تھے تو اس کی تصدیق نہ کرو، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم بیٹھ کر ہی پیشاب کیا کرتے تھے۔‘‘ اس کو امام احمد، امام ترمذی اور امام نسائی نے روایت کیا ہے۔ اور اس کی اسناد جید ہیں۔ امام نووی نے شرح صحیح مسلم میں فرمایا: تحقیق (یہ ہے کہ) کھڑے ہوکر پیشاب کرنے کی ممانعت میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے احادیث وارد ہیں لیکن ثابت نہیں ہاں حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی حدیث ثابت ہے اسی لئے علماء فرماتے ہیں کہ سوائے عذر کے کھڑے ہوکر پیشاب کرنا مکروہ ہے، اور یہ کراہت تنزیہی ہے، تحریمی نہیں ۔ (ردالمحتار على الدرالمختار,كتاب الطهارة،باب الانجاس،فصل فى الاستنجاء،فروع فى الاستبراء، 344/1، دار الفكر، بيروت)
علامہ بدر محمود عینی حنفی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
عامہ علماء نے فرمایا کہ سوائے عذر کی صورت کے کھڑے ہوکر پیشاب کرنا مکروہ تنزیہی ہے، تحریمی نہیں۔ (عمدة القارى، كتاب الوضوء، باب البول قائماً وقاعدًا, 3/135، تحت الحديث 224، دار احياء التراث العربي، بيروت)
محیی الدین یحییٰ بن شرف نووی شافعی علیہ رحمۃ اللہ المغنی (متوفی 676ھ) فرماتے ہیں:
ہمارے اصحاب نے فرمایا کہ بلا عذر کھڑے ہوکر پیشاب کرنا مکروہ تنزیہی ہے اور عذر کی وجہ سے ہو تو مکروہ نہیں، یہی ہمارا مذہب ہے۔ (المجموع شرح المهذب،كتاب الطهارة،باب الاستطابة, 58/2، دار الفكر، بيروت)
علاؤ الدین علی بن سلیمان بن احمد مرداوی حنبلی علیہ الرحمۃ اللہ القوی (متوفی 885ھ) لکھتے ہیں:
اگر تلوث اور لوگوں کے دیکھنے سے امن ہو تو صحیح قول کے مطابق بلا حاجت کھڑے ہو کر پیشاب کرنا بھی مکروہ نہیں، اس پر نص وارد ہے اور امام احمد بن حنبل رحمتہ اللہ علیہ سے ایک قول یہ بھی مروی ہے کہ یہ مکروہ ہے مجد نے اپنی شرح میں ان کی پیروی کرتے ہوئے حاوی کبیر وغیرہ میں فرمایا: میرے نزدیک یہی زیادہ قوی ہے۔ (الانصاف فی معرفة الراجح من الخلاف ،كتاب الطهارة، باب الاستنجاء ،1/99 ،دار احياء التراث العربي بيروت)
امام مالک اور آپ کے بعض اصحاب کی آراء کے مستند مجموعہ ”المدونة“ میں ہے:
امام مالک کھڑے ہو کر پیشاب کرنے والے شخص کے متعلق فرماتے ہیں : اگر وہ ریتلی یا اس کے مشابہ کسی ایسی جگہ کھڑا ہے جہاں پیشاب کے چھینٹے اڑ کر اس پر نہیں پڑیں گے تو اسے کھڑے ہو کر پیشاب کرنے میں کوئی حرج نہیں، اور اگر وہ کسی سخت جگہ کھڑا ہے جہاں چھینٹے اڑ کر اس پر پڑیں گے تو اسے کھڑے ہو کر پیشاب کرنا مکروہ ہے، اسے چاہئے کہ بیٹھ کر پیشاب کرے۔ (المدونة، كتاب الوضوء، الذی یبول قائما،ج1،ص131،دار الكتب العلميه،بیروت)
کھڑے ہو کر پیشاب کرنے کے نقصانات:
اعلیٰ حضرت الشاہ امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الحنان فرماتے ہیں:
کھڑے ہو کر پیشاب کرنے میں چار حرج ہیں:
اول: بدن اور کپڑوں پر چھینٹیں پڑنا، جسم و لباس بلا ضرورت شرعیہ ناپاک کرنا اور یہ حرام ہے۔ بحر الرائق میں بدائع سے ہے ’اما تنجيس الطاهر فحرام‘ ترجمہ: پاک چیز کو ناپاک کرنا حرام ہے۔ (البحر الرائق،كتاب الطهارة، احكام المياه،الماء المستعمل، صفة الماء المستعمل،99/1، المكتب الاسلامی، بیروت)
دوم: ان چھینٹوں کے باعث عذاب قبر کا استحقاق اپنے سر پر لینا۔ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم فرماتے ہیں ((تنزهوا من البول فإن عامة عذاب القبر منه)) ترجمہ: پیشاب سے بہت بچو کہ اکثر عذاب قبر اسی سے ہے۔
(دار قطنی،كتاب الطهارة، باب نجاسة البول،1/231،الحديث459،مؤسسة الرسالة،بيروت)
رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے دو شخصوں پر عذاب قبر ہوتے دیکھا فرمایا ((كان احدهما لا يستتر من بوله وكان الآخر يمشي بالنميمة)) ترجمہ: ان میں سے ایک تو اپنے پیشاب سے آڑ نہیں کرتا تھا اور دوسرا چغلخوری کیا کرتا تھا۔ (سنن ترمذی، ابواب الطهارة، باب التشديد فی البول،1/102 الحديث 70، شركة مكتبة ومطبعة مصطفى البابي الحلبي،مصر)
سوم: رہ گزر پر ہو یا جہاں لوگ موجود ہوں تو باعثِ بے پردگی ہوگا بیٹھنے میں رانوں اور زانوؤں کی آڑ جاتی ہے اور کھڑے ہونے میں بالکل بے ستری اور یہ باعثِ لعنتِ الٰہی ہے۔ حدیث میں ہے ((لعن الله الناظر والمنظور اليه)) ترجمہ: دیکھنے والے اور دکھانے والے دونوں پر اللہ کی لعنت ہے۔ (شعب الایمان، الحياء، فصل في الحمام،10/214، الحديث 7399، مكتبة الرشد للنشر والتوزيع، رياض)
چہارم: یہ نصاریٰ سے تشبہ اور ان کی سنّتِ مذمومہ میں اُن کا اتباع ہے آج کل جن کو یہاں یہ شوق جاگا ہے اس کی یہی علّت اور یہ موجبِ عذاب و عقوبت ہے۔ اللہ عزوجل فرماتا ہے {لَا تَتَّبِعُوا خُطُوَاتِ الشَّيْطَانِ} ترجمۂ کنز الایمان: شیطان کے قدموں پر نہ چلو۔ (پ 2، سورة البقرة، آیت 208)
رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم فرماتے ہیں ((من تشبه بقوم فهو منهم)) ترجمہ: جو شخص جس قوم سے مشابہت اختیار کرے وہ انہی میں سے ہے۔ (ابوداؤد، كتاب اللباس، باب في لبس الشهرة، 44/4، الحديث 1304، المكتبة العصرية، صيدا، بيروت) (فتاویٰ رضویہ، 586-4/585، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)
مغربی طرز کے بیت الخلاء اور کموڈ پر استنجاء کرنا:
آج کل بعض جگہ ایسے بیت الخلاء بنائے جاتے ہیں جن میں کھڑے ہو کر پیشاب کیا جاتا ہے اور بعض جگہ ایسے بیت الخلاء ہیں جن میں کموڈ لگا ہوتا ہے جس پر کرسی کی طرح بیٹھ کر استنجاء کیا جاتا ہے۔
کھڑے ہوکر پیشاب کرنے کا حکم ماقبل بیان ہوچکا کہ ایسا کرنا مکروہ، خلافِ سنت اور بدتہذیبی ہے، احادیثِ کریمہ میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے منع فرمایا ہے، ہاں اگر کسی کا عذر ہو تو اس کے لیے مکروہ نہیں ہے۔
کموڈ پر مسنون طریقے کے مطابق استنجاء کرنا اور اپنے آپ کو اور اپنے کپڑوں کو پیشاب کے چھینٹوں سے بچانا بہت دشوار ہے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے پیشاب کے چھینٹوں سے بچنے کا حکم دیا ہے لہذا اس پر استنجاء کرنے سے بچنا ہی چاہیے اور اگر مجبوراً کہیں کرنا پڑجائے تو اس احتیاط سے کریں کہ ناپاک چھینٹے نہ پڑیں۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے: ((قال رسول الله صلی الله عليه وسلم تنزهوا من البول فإن عامة عذاب القبر منه)) ترجمہ: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا پیشاب سے بچو بے شک عام طور پر عذاب قبر پیشاب سے نہ بچنے کی وجہ سے ہی ہوتا ہے۔ (سنن الدارقطنی، ج 1، ص 231، مؤسسة الرسالة، بيروت)
صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ (متوفی 1367ھ) فرماتے ہیں ”ایسی سخت زمین پر جس سے پیشاب کی چھینٹیں اڑ کر آئیں پیشاب کرنا ممنوع ہے“ (بہار شریعت، حصہ 2، ص 409، مکتبۃ المدینہ ، کراچی)
نیز کموڈ پر استنجاء کرنے میں درج ذیل آداب پر بھی عمل مشکل ہے
حضرت سراقہ بن جشم رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں: ((علمنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اذا دخل أحدنا الخلا ء أن يعتمد اليسرى ، وينصب اليمنى )) ترجمہ: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں یہ تعلیم دی ہے کہ جب ہم میں سے کوئی بیت الخلاء جائے تو وہ بائیں پاؤں پر وزن ڈالے اور دائیں پاؤں کو (بغیر وزن ڈالے) کھڑا رکھے۔ (السنن الکبریٰ، ج 1، ص 156، دار الكتب العلمية، بيروت)
حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے، فرماتے ہیں: ((کانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِذَا أَرَادَ الْحَاجَةَ لَمْ يَرْفَعْ ثَوْبَهُ حَتَّى يَدْنُوَ مِنَ الْأَرْضِ )) ترجمہ: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب قضائے حاجت کا ارادہ فرماتے تو جب تک زمین کے قریب نہ ہو جاتے اپنا کپڑا نہ اٹھاتے۔(جامع الترمذی، باب فی الاستتار عند الحاجة، ج 1، ص 21، مطبعه مصطفی البابی، مصر)
بہر حال استنجاء کے لیے کموڈ پر جس جگہ بیٹھتے ہیں (جب تک ناپاکی کا یقین نہ ہو) اس کو پاک ہی سمجھا جائے گا، یہ سوچ کر اس کو ناپاک سمجھنا غلط ہے کہ ان پر ہر کوئی بیٹھتا ہے، اور ہر شخص احتیاط کرنے والا نہیں ہوتا، کیونکہ صرف شبہ سے کوئی چیز ناپاک نہیں ہوتی کہ اصل طہارت ہے واليقين لا يزول بالشك یقین شک سے زائل نہیں ہوتا۔
ایک شبہ اور اس کا ازالہ:
حافظ ابن حجر عسقلانی اورعلامہ بدر محمود العینی نے حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا کی مذکورہ حدیث کے بارے لکھا ہے کہ ”ممکن ہے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے قول ’آپ نے کھڑے ہو کر پیشاب نہیں فرمایا‘ سے مراد یہ ہو کہ آپ نے گھر میں کھڑے ہو کر پیشاب نہیں فرمایا، اور گھر سے باہر کے احوال پر آپ کو اطلاع نہیں تھی۔“ (فتح الباري لابن حجر، کتاب الوضوء، باب البول عند سباطة قوم، 1/330، تحت الحديث 226، دار المعرفة، بيروت) (عمدة القارئ، کتاب الوضوء، باب البول قائماً وقاعدًا، 3/135، تحت الحديث 224، دار احياء التراث العربي، بيروت)
اعلیٰ حضرت الشاہ امام احمد رضا خان علیہ رحمة الرحمن اس کی تردید کرتے ہوئے فرماتے ہیں:
اس حرکت (کھڑے ہو کر پیشاب کرنے) سے نہی (ممانعت) اور اس کے بے ادبی و جفا و خلافِ سنّتِ مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم ہونے میں احادیثِ صحیحہ معتمدہ وارد ہیں۔
حدیث اوّل:
امام احمد و ترمذی و نسائی و ابن حبان صحیح میں اُمّ المؤمنین صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے راوی ((من حدثكم ان النبي صلى الله تعالى عليه وسلم كان يبول قائما فلا تصدقوه ما كان يبول الا قاعدا))
ترجمہ: ”جو تم سے کہے کہ حضورِ اقدس اطہر صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کھڑے ہو کر پیشاب فرماتے اُسے سچا نہ جاننا حضور پیشاب نہ فرماتے تھے مگر بیٹھ کر۔“ امام ترمذی فرماتے ہیں: ”حديث عائشة احسن شيء فى هذا الباب واصح“ ترجمہ: جتنی حدیثیں اس مسئلہ میں آئیں یہ حدیث ان سب سے بہتر و صحیح تر ہے۔ (جامع الترمذی شریف، ابواب الطهارة، باب النهي عن البول قائماً، 17/1، الحديث 12، شركة مكتبة ومطبعة مصطفى البابي الحلبي، مصر)
یہی حدیث صحیح ابو عوانہ و مستدرکِ حاکم میں ان لفظوں سے ہے ((ما بال قائما منذ انزل عليه القرآن)) ترجمہ: جب سے حضورِ اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم پر قرآنِ مجید اُترا آپ نے کبھی کھڑے ہو کر پیشاب نہیں کیا۔ (مستخرج ابو عوانة، كتاب الايمان، باب بيان ایثار ترک البول قائما، 1/169، الحديث 504، دار المعرفة، بيروت) (المستدرك للحاكم، كتاب الطهارة، واما حديث عائشة، 1/290، الحديث 644، دار الكتب العلمية، بيروت)
اقول: وبه اندفع ما وقع للإمامين الشهاب ابن حجر العسقلاني في فتح البارئ والبدر محمود العيني في عمدة القارئ حيث قالا واللفظ للعيني الجواب عن حديث عائشة رضي الله تعالى عنها انه مستند الى علمها فيحمل على ما وقع منه في البيوت واما في غير البيوت فلا تطلع هي عليه وقد حفظه حذيفة رضي الله تعالى عنه وهو من كبار الصحابة اهـ وذالك انها رضي الله تعالى عنها انما ولدت بعد نزول القرآن بخمس سنين فكيف يحمل على ما رأت من فعله صلى الله تعالى عليه وسلم في البيوت وانما تقوله عن توقيف وبه يترجح ان حديث حذيفة رضي الله تعالى عنه كان لعذر والاعذار مستثناة عقلا وشرعا ثم اذا ثبت هذه سنته صلى الله تعالى عليه وسلم مختليا في بيته الكريم ثبت دلالة في الخارج فان خارج البيوت احوج الى الستر والتزام الأدب قال العيني وايضا يمكن ان يكون قول عائشة رضی الله تعالى عنها ما بال قائما يعنى فى منزله ولا اطلاع لها على ما فى الخارج اهـ اقول : ما هولا الاول وقد علمت مرده فلا دمرى ما معنى قوله و ايضا۔
ترجمہ: میں (احمد رضا خان قادری برکاتی) کہتا ہوں: اس سے وہ شبہ بھی دور ہو گیا جو دو اماموں شہاب ابن حجر عسقلانی اور بدر محمود عینی کو فتح الباری اور عمدة القاری میں پیش آیا، انہوں نے فرمایا: (الفاظ علامہ عینی کے ہیں) حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی حدیث کا جواب یہ ہے کہ یہ ان کی معلومات سے منسوب ہے پس اسے اس عادت پر محمول کیا جائے گا جو آپ سے گھروں میں واقع ہوئی لیکن گھروں کے علاوہ کا جو معاملہ ہے تو ام المؤمنین رضی اللہ تعالیٰ عنہا اس پر مطلع نہیں ہوئیں اور اسے حضرت حذیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے یاد رکھا اور وہ جلیل القدر صحابہ کرام میں سے تھے۔ علامہ عینی کا کلام ختم ہوا۔ اس کی وضاحت یہ ہے کہ ام المؤمنین نزولِ قرآن کے پانچ سال بعد پیدا ہوئیں لہذا آپ کے اس قول کو گھر میں دیکھی ہوئی عادت کے بیان پر کیسے محمول کیا جا سکتا ہے (کیونکہ آپ جس وقت سے حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے کھڑے ہو کر پیشاب کی نفی کر رہی ہیں اس وقت تو آپ ابھی پیدا بھی نہیں ہوئی تھیں۔) بلکہ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہا تو نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے بتانے سے بیان فرما رہی ہیں۔ اور مذکورہ تقریر سے اس بات کو بھی ترجیح حاصل ہوگئی کہ حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ کی روایت (جس میں نبی محتشم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے کھڑے ہوکر پیشاب کرنے کا ذکر ہے) کسی عذر کی بنا پر ہے اور عذر تو عقلی اور شرعی طور پر مستثنیٰ ہوتے ہیں۔ پھر جب آپ کی یہ سنّت ، خانہِ اقدس کی خلوت میں ثابت ہوگئی تو بطورِ دلالت باہر بھی ثابت ہوگئی کیونکہ گھروں سے باہر ستر اور آداب کا خیال رکھنے کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے، علامہ عینی نے فرمایا: اور یہ بھی ممکن ہے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا قول کہ ”آپ نے کھڑے ہوکر پیشاب نہیں فرمایا“ سے مراد یہ ہو کہ آپ نے گھر میں کھڑے ہو کر پیشاب نہیں فرمایا، اور گھر کے باہر کے بارے آپ کو اطلاع نہیں تھی۔ علامہ عینی کا کلام ختم ہوا۔ میں (احمد رضا خان قادری) کہتا ہوں کہ یہ تو وہی پہلی بات ہے اور اس کارد آپ کو معلوم ہوچکا ، پس مجھے علم نہیں کہ ان کے قول ”ایضاً“ کا کیا مطلب ہے۔ (عمدة القاری،کتاب الوضوء،باب البول قائماً وقاعدًا ،3/135، تحت الحديث 224،دار احیاء التراث العربی،بیروت) (فتح الباری لابن حجر،کتاب الوضوء،باب البول عند سباطة قوم ، 1/330 ، تحت الحديث 226،دار المعرفة،بیروت)
(اس کے بعد اعلیٰ حضرت علیہ رحمۃ رب العزت نے کھڑے ہو کر پیشاب کرنے کی ممانعت پر بعض اور احادیث ذكر فرمائی ہیں۔) (فتاویٰ رضویہ، 4 / 588-587 ،رضا فاؤنڈیشن ، لاہور)
وَحَدِيثُ بُرَيْدَةَ فِى هَذَا غَيْرُ مَحْفُوظٍ:
امام ترمذی علیہ الرحمة نے حضرت بریدہ رضی اللہ تعالی عنہ کی جس حدیث کو غیر محفوظ قرار دیا ہے اسے امام بزار نے اپنی مسند میں سند صحیح کے ساتھ روایت کیا ہے اعلی حضرت رحمۃ اللہ علیہ اس حدیث کی توثیق اور امام ترمذی علیہ الرحمة کی تردید کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
بزار اپنی مسند میں بسند صحیح بریدہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم فرماتے ہیں (( ثَلَاثٌ مِنَ الْجَفَاءِ: أَنْ يَبُولَ الرَّجُلُ قَائِمًا ، أَوْ يَمْسَحَ جَبْهَتَهُ قَبْلَ أَنْ يَفْرُغَ مِنْ صَلَاتِهِ ، أَوْ يَنْفُخَ فِي سُجُودِهِ )) تین باتیں جفا و بے ادبی سے ہیں یہ کہ آدمی کھڑے ہو کر پیشاب کرے یا نماز میں اپنی پیشانی سے (مثلاً مٹی یا پسینہ) پونچھے یا سجدہ کرتے وقت (زمین پر مثلاً غبار صاف کرنے کو) پھونکے۔ (مسند البزار (البحر الزخار)، مسند بريدة بن الحصيب رضی اللہ تعالی عنہ، 305/10، الحديث 4424، مكتبة العلوم والحكم، المدينة المنورة)
تیسیر میں ہے: ’رجالہ رجال الصحیح‘ اس حدیث کے سب راوی ثقہ معتمد صحیح کے راوی ہیں۔(التيسير بشرح الجامع الصغير، حرف الثاني، 1/465، مكتبة الامام الشافعي، الرياض)
عمدة القاری میں ہے: ’رواہ البزار بسند صحیح‘ اسے بزار نے بسند صحیح روایت کیا۔ قال ”وقال الترمذي حديث بريدة في هذا غير محفوظ وقول الترمذي يُرَدُّ به“ ترجمہ: علامہ عینی نے کہا: ”اور امام ترمذی نے فرمایا کہ اس سلسلے میں حضرت بریدہ رضی اللہ تعالی عنہ کی روایت غیر محفوظ ہے۔ اور امام ترمذی کا قول اس سے رد ہو جاتا ہے۔“ (عمدة القارئ، كتاب الوضوئ، باب البول قائماً وقاعداً، 3/135، تحت الحديث 224، دار احياء التراث العربي، بيروت)
—
ٹیگز:-
مفتی محمد ہاشم خان العطاری المدنی , کتاب الطہارہ , ابواب طهارت , ترمذی , جامع ترمذی , جامع الترمذی , الجامع للترمذی , شرح جامع ترمذی , ترمذی شریف , مفتی محمد ہاشم